وڈیو کال کرتے ہوئے اپنا بیک گراؤنڈ منظر بدلیں
وڈیو کال یا وڈیو چیٹ کرتے ہوئے اگر آپ اپنا بیک گراؤنڈ منظر بدلنا چاہتے ہیں تو یہ ممکن ہے۔ جیسے ٹی وی پر میزبان کے پیچھے بیک گراؤنڈ بدلتا رہتا ہے بالکل ویسا فیچر آپ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
آج ہمیں انٹرنیٹ کی وہ رفتار حاصل ہو چکی ہے کہ ہم جب چاہیں انٹرنیٹ کے ذریعے کال ہی نہیں بلکہ وڈیو کال بھی کر سکتے ہیں بلکہ اب تو وڈیو کال کا ہی زمانہ ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ وڈیو کالنگ کے دوران اکثر پروگرام آپ کی ایچ ڈی وڈیو نہیں بھیج رہے ہوتے؟ اس کے علاوہ اگر آپ ایک پروگرام میں وڈیو استعمال کر رہے ہیں تو بیک وقت کسی دوسرے پروگرام میں ویب کیم کو استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
اگر آپ وڈیو کالنگ، وڈیو چیٹ یا پھر لائیو اسٹریم پسند کرتے ہیں تو ’’مینی کیم‘‘ (ManyCam) پروگرام آپ کے پاس ضرور موجود ہونا چاہیے۔ یہ بہت ہی دلچسپ اور زبردست پروگرام ہے۔ اس کے انسٹال ہونے کی وجہ سے آپ ایک سے زائد پروگرامز میں بیک وقت ویب کیم کو استعمال کر سکتے ہیں۔ یعنی اسکائپ پر بات کرتے ہوئے براہِ راست یوٹیوب پر بھی اپنی نشریات براڈکاسٹ کی جا سکتی ہے۔ یہی نہیں آپ چاہیں تو اپنے کمپیوٹر کی اسکرین کو بھی بطور وڈیو دِکھا سکتے ہیں۔
اس پروگرام کے مزید فیچرز بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ مثلاً اس کی مدد سے آپ سے زائد اسکرین سے وڈیو جاری کر سکتے ہیں مثلاً لیپ ٹاپ کے کیمرے کے علاوہ فون کے کیمرے کو استعمال کرتے ہوئے دو مختلف زاویوں سےاپنی وڈیو دِکھا کر اس معاملے کو پروفیشنل معیار کے مطابق حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرام آپ کی ایچ ڈی وڈیو بھی نشر کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کروما کی (Chroma Key) فیچر بھی موجود ہے۔ یعنی آپ اپنے بیک گراؤنڈ کو اس پروگرام کے ذریعے بدل سکتے ہیں۔ چاہے کوئی تصویر یا وڈیو بھی اپنے بیک گراؤنڈ میں استعمال کر سکتے ہیں۔
وڈیوچیٹ کے علاوہ اس پروگرام کے ذریعے آپ ویب کاسٹ، لائیو اسٹریمنگ، گیم اسٹریمنگ، وڈیو ریکارڈنگ، وڈیو کانفرنسنگ، ویبینار یا آئن لائن ٹریننگ وغیرہ کا کام بھی لے سکتے ہیں۔ اگر آپ کی وڈیو اچھی نہیں آرہی تو اس کی مدد سے مختلف ایفیکٹس بھی وڈیو پر لگا کر اسے دلکش بنایا جا سکتا ہے۔ غرض اس حوالے سے اس پروگرام میں اتنے فیچرز ہیں کہ انھیں شمار کرنا مشکل ہے۔ اس لیے اس کے بارے میں مزید جاننےکے لیے اس کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
manycam.com
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی
Comments are closed.