سی پینل میں ڈومین ری ڈائریکٹنگ اور پارکنگ

سوال:

میرے پاس 2 ڈومین ہیں اورمیں چاہتا ہوں کہ جب کوئی ان دونوں میں سے کوئی بھی ڈومین اپنے ویب برائوزرمیں ٹائپ کرے تو ایک ہی ویب سائٹ پر آئے۔ یعنی دونوں ڈومین نیمز کی ایک ہی ویب سائٹ ہے۔ میں سی پینل استعمال کرتا ہوں۔

جواب:

 

cpanel-parked-domain_webجی ہاں، ایسا بالکل کیا جاسکتا ہے اور بیشتر بڑی ویب سائٹس ایسا ہی کرتی ہیں تاکہ مختلف ڈومین نیمز سے آنے والے ان کے صارفین ایک ہی ویب سائٹ دیکھیں۔ ری ڈائریکشن کے لئے کئی طریقے ہیں البتہ سی پینل (cPanel) میں اس مقصد کے لئے دو طریقے رائج ہیں۔ یو آر ایل ری ڈائریکٹنگ (Redirects) اور ڈومین پارکنگ (Parking)۔ پہلے طریقے میں کسی ڈومین کو دوسرے ڈومین کی جانب ری ڈائریکٹ کیا جاتا ہے۔ یعنی صارف ٹائپ xyz.com کرتا ہے لیکن پہنچ abc.com پر جاتا ہے۔ یہ طریقہ اپنانے کے لئے آپ سی پینل کے Domains والے سیکشن میں سے Redirects پر کلک کریں۔ کھلنے والے اگلے پیج پر آپ کو اپنے اکائونٹ میں موجود تمام ڈومین نیمز کی فہرست نظر آئے گی اور نیچے ایک ٹیکسٹ فیلڈ بھی جہاں آپ وہ یو آر ایل لکھ سکتے ہیں جس پر صارف کو موڑنا مقصود ہے۔ یہاں پر کچھ دوسرے آپشن بھی موجود ہیں جن کے ذریعے آپ موڑنے کے اس عمل کو مزید بہتر کرسکتے ہیں مثلاً ری ڈائریکشن کو عارضی یا مستقل کرسکتے ہیں۔یہاں سی پینل کے مشاق صارفین Walid Cardکریکٹرز کے ذریعے ری ڈائریکشن کو اپنی مرضی کے مطابق تشکیل دے سکتے ہیں یعنی اگر ضرورت ہو تو پوری ویب سائٹ کے بجائے صرف کسی مخصوص ویب پیج یا سیکشن کو ہی redirect کروایا جاسکتا ہے۔

دوسرا طریقہ یعنی ڈومین پارکنگ کا آپشن بھی Domains کے سیکشن میں موجود ہے۔ اس پر کلک کرنے سے کھلنے والے پیج میں آپ جتنے چاہیں ڈومین نیم شامل کرلیں، ان تمام پر سی پینل کی روٹ ڈائریکٹری میں موجود ویب سائٹ ہی ظاہر ہوگی۔ اسے یوں بھی کہا جاسکتاہے کہ سی پینل اکائونٹ میں جو بھی پرائمری ڈومین ہے، پارک کئے گئے تمام ڈومینز پر وہی ویب سائٹ نظر آتی ہے۔ ری ڈائریکٹس میں آپ کو یہ آزادی حاصل ہوتی ہے کہ آپ کسی بھی ڈومین کو کسی بھی دوسرے ڈومین کی جانب ری ڈائریکٹ کردیں۔ لیکن ڈومین پارکنگ کے ذریعے park کئے گئے ڈومین صرف روٹ ڈائریکٹری میں موجود ویب سائٹس پر ہی ری ڈائریکٹ ہوتے ہیں۔

 

ایک تبصرہ
  1. Farhan anjum says

    اسلام علیکم
    جناب مجھے آن لائن جاب کے متعلق کچھ معلومات فراہم کریں
    شکریہ

Comments are closed.