کیا ٹورینٹس سے ڈاؤن لوڈ کی گئی فائلوں میں وائرس ہوتے ہیں؟

سوال: کیا ٹورینٹس سے ڈاؤن لوڈ کی گئی فائلوں میں وائرس ہوتے ہیں؟ 

اس کا مختصر سا جواب ہے ”جی ہاں“۔ ٹورینٹس سے ڈاؤن لوڈ کی گئی فائلوں میں وائرس کی موجودگی کوئی نئی بات ہے نہ ہی انوکھی۔ پہلے کریک (Crack) کئے گئے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے فائل شیئرنگ ویب سائٹس استعمال کی جاتی تھیں، اب ان کی جگہ ٹورینٹس ویب سائٹس نے لے لی ہے۔ کئی مقبول فائل شیئرنگ ویب سائٹس کے بند ہوجانے کے بعد ٹورینٹس ویب سائٹس سے سافٹ ویئر ، فلمیں، گانے اور دیگر مواد ڈاؤن لوڈ کرنے کے رحجان میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ٹورینٹس ویب سائٹس پر کوئی بھی شخص، دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کسی بھی فائل کو ڈاؤن لوڈنگ کے لیے پیش کرسکتا ہے۔ یہ ویب سائٹس پیش کی گئی فائلوں کی کوئی ذمے داری نہیں لیتیں اور نہ ہی انہیں کسی اینٹی وائرس سے اسکین کیا جاتا ہے۔ اس لئے جو فائل آپ نے ٹورینٹ کلائنٹ کی مدد سے ڈاؤن لوڈ کی ہے، اس میں وائرس موجود ہوسکتا ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ آپ تو ٹورینٹس ویب سائٹس سے صرف فلمیں ہی ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں اور آپ کو وائرس سے کوئی خطرہ نہیں تو جناب آپ غلط سوچ رہے ہیں۔ یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ .exe یا .msi یا کسی دوسری ایگزی کیوٹ ایبل فائل میں وائرس موجود ہوتاہے۔ لیکن کیا تصاویر اور ویڈیو فائلوں میں بھی وائرس ہوسکتا ہے؟ جی بالکل، ٹورینٹس سے ڈاؤن لوڈ کی گئی ویڈیوز یا تصاویر میں بھی وائرس موجود ہوسکتا ہے۔ البتہ یہ بہت الگ طریقے سے کام کرتے ہیں۔ تصاویر اور ویڈیوز چونکہ exe فائلوں کی طرح ایگزی کیوٹ نہیں ہوتیں، اس لئے اگر ان میں وائرس موجود ہو بھی تو براہِ راست چل نہیں پاتا۔ اس لئے ہوشیار قسم کے ہیکر ایک الگ طریقہ کار استعمال کرتے ہیں۔ یہ وائرس کو اس طرح سے تصویر یا ویڈیو کا حصہ بنا تے ہیں کہ جب اس تصویر یا ویڈیو کو کسی مخصوص player یا viewer میں کھولا جاتا ہے تو یہ اس پلیئر یا viewer کے اندر موجود کسی خامی کا فائدہ اٹھا کر وائرس والے حصے کو ایگزی کیوٹ کروالیتے ہیں۔ اس طرح سے حملہ آور ہونا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ ماضی میں ایسے حملوں کی کئی مثالیں موجود ہیں۔

ٹورینٹس سے آپ چاہے کتنی ہی بے ضرر قسم کی فائل ڈاؤن لوڈ کریں یا چاہے کتنی ہی قابلِ بھروسا ویب سائٹ ہو، آپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے اس ٹورینٹ پر کئے گئے تبصروں کو ضرور پڑھنا چاہئے۔ اس کے علاوہ فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اسے چلانے سے پہلے کسی اچھی شہرت کے حامل اینٹی وائرس سے ضرور اسکین کرنا چاہئے اور اینٹی وائرس کو ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھنا چاہئے۔ اگر آپ کے کمپیوٹر میں قیمتی ڈیٹا محفوظ ہے تو مفت دستیاب اینٹی وائرس کے بجائے آپ قیمتاً دستیاب اینٹی وائرس استعمال کریں۔ کیونکہ پہلے ڈیٹا وائرس سے متاثرہ ہونے پر اینٹی وائرس سے ٹھیک کرلیا جاتا تھا، لیکن اب جدید وائرس ڈیٹا کو دوبارہ ٹھیک کرنے کے قابل ہی نہیں چھوڑتے۔ ہمارا اشارہ رانسم ویئر کی جانب ہے جو ڈیٹا کو اِنکرپٹ کردیتے ہیں۔ ٹورینٹس ویب سائٹس نے اس خطرے کو دو چند کردیا ہے ۔ اس لئے ٹورینٹس ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے بہت احتیاط سے کام لیں۔

 

ایک تبصرہ
  1. BOZDAR Mustafa says

    Thanks for this danger …………………….Hope viewers must keep their devices safe…

Comments are closed.