مفت نمبر کے ذریعے مفت فون کالز اور مفت ایس ایم ایس کی سہولت حاصل کریں

ہمارے ہاں زیادہ تر انٹرنیٹ صارفین اپنی آن لائن پرائیویسی کا بالکل بھی خیال نہیں رکھتےجو کہ ایک انتہائی خطرناک بات ہے۔
انٹرنیٹ کی دنیا میں کہیں بھی جب آپ اپنا ای میل ایڈریس یا فون نمبر لکھتے ہیں تو گویا اسپیم ای میلز اور ایس ایم ایس کو کھلی دعوت دے رہے ہوتے ہیں۔

اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ جب یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہر جگہ رابطے کے لیے اپنا ای میل ایڈریس اور فون نمبر دینا پڑتا ہے تو بھلا اس سے کیسے بچا جائے؟
آئیے پہلے ای میل کے حوالے سے بات کرتے ہیں۔ اسپیم ای میلز سے ویسے تو ہمیں اسپیم فلٹرز بچا ہی لیتے ہیں لیکن ہمیں خود بھی احتیاط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر کہیں آن لائن آپ کو اپنا ای میل ایڈریس لکھنا پڑ بھی جائے تو اپنا اہم ای میل ایڈریس مت لکھیں، بلکہ کوئی عارضی ای میل ایڈریس استعمال کریں۔

عارضی ای میل ایڈریس اور فون نمبر حاصل کریں

ایسی کئی ویب سائٹس ہوتی ہیں جنھیں عارضی طور پر استعمال کرتے ہوئے بھی رجسٹر ہونا پڑتا ہے، عارضی جگہوں پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے ای میل ایڈریس بھی عارضی ہو تو کیا حرج ہے۔ عارضی ای میل ایڈریس بنانے کے لیے ’’یوپ میل‘‘ ایک بہترین سروس ہے:
www.yopmail.com/en

اس کے علاوہ آپ کو ای میل ماسکنگ کے بارے میں بھی پتا ہونا چاہیے۔ ای میل ماسکنگ کے ذریعے آپ اپنے اصل ای میل ایڈریس کے بدلے ایک عارضی ای میل ایڈریس حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ای میل ایڈریس پر آنے والی ہر ای میل آپ کے اصل ای میل ایڈریس پر بھیج دی جائے گی۔ جب اس عارضی ای میل ایڈریس کی ضرورت نہ رہے تو آپ اسے تلف کر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کا کام بھی ہو جائے گا اور کسی کے پاس آپ کا اصل ای میل ایڈریس بھی نہیں جائے گا۔ ای میل ماسکنگ کا طریقہ جاننے کے لیے یہ تحریر ملاحظہ کیجیے:

جانیے ای میل ماسکنگ اور اس کے فوائد کیا ہیں

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

dingtone-1اب اگر فون نمبر کی بات کی جائے تو اسے بچانے کے لیے آپ کو Dingtone سروس کا انتخاب کرنا ہو گا جو کہ آپ کو ایک عدد امریکی نمبر مفت فراہم کرتی ہے۔

www.dingtone.me

اینڈروئیڈ و آئی او ایس دونوں کے لیے دستیاب ڈِنگ ٹون ایپ ایک عام میسیجنگ ایپ کی طرح بات چیت کی سہولت دینے کے علاوہ ایک مفت فون نمبر دینے کی وجہ سے اہم ہے۔ اس نمبر پر نہ صرف آپ کالز وصول کر سکتے ہیں بلکہ ایس ایم ایس بھی مفت کر سکتے ہیں۔

تاہم یہ یاد رکھیں کہ اس مفت سہولت کی ایک حد مقرر ہے اس کے بعد آپ کو کریڈٹ خریدنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ لیکن اگر آپ مفت کریڈٹ کارڈ کمانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اس ایپ کو روزانہ استعمال کرنا ہو گا اور ان کے اشتہارات کو دیکھنا ہو گا۔ یہ تمام تفصیلات ڈِنگ ٹون کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

یعنی آپ سِم کے بغیر فون یا سِم کی سہولت نہ رکھنے والے ٹیبلٹ، آئی پیڈ یا آئی پوڈ کو بھی فون کی طرح استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی

Comments are closed.