نئی میموری ٹیکنالوجیز ابھی تیار نہیں DDR5 کی گنجائش نکل آئی

اگرچہ خیال کیا جاتا ہے کہ DDR میموری کا وقت پورا ہونے والا ہے، لیکن اس کے باوجود نت نئی اور جدید DDR میموریز مارکیٹ میں پیش کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے تازہ اطلاعات DDR5 میموریز کی ہیں۔ میموری کے معیارات طے کرنے والی تنظیم JEDEC کا کہنا ہے کہ نئی ڈی ڈی آر 5 ڈی ریم (DDR5 DRAM) کے لئے معیارات طے کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور یہ اگلے سال مکمل ہو جائےگا۔

 

DDR5 موجودہ کمپیوٹرز اور سرورز میں استعمال ہونے والی DDR4 ریم کی جگہ لے گی ۔DDR5 موجودہ ڈی ڈی آر 4 سے دوگنا تیزرفتار اور بجلی کے استعمال کے معاملے میں زیادہ کفایت شعار ہونگی۔ اس کے لئے DDR5 میموری زیادہ کثیف بھی ہونگی یعنی ان میں ڈیٹا محفوظ کرنے کی گنجائش زیادہ ہوگی۔ ایک اندازے کے مطابق یہ گنجائش دو گنا زیادہ ہوگی۔

ماہرین کو توقع نہیں تھی کہ کبھی ڈی ڈی آر 5 بنانے کی نوبت آئے گی۔ بلکہ اُن کا خیال تھا کہ DDR DRAM کی لائن DDR4 پر ختم ہو جائے گی اور اس ٹیکنالوجی کی جگہ کوئی اور ٹیکنالوجی آجائے گی۔لیکن بدقسمتی سے حالیہ برسوں میں پی سی اور سرور کے ڈیزائن میں کچھ زیادہ تبدیلی نہیں آئی، اس لیے نئی ڈی ڈی آر5 کی گنجائش بھی نکل آئی ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ میموری بنانے والی کمپنیاں ڈی ڈی آر 5 میموری کو کب جاری کریں گے۔ لیکن یہ بات وثوق سے کی جاسکتی ہے کہ DDR5 میموری پہلے سرور اورگیمنگ کنسولز میں جگہ بنائے گی اور اس کے بعد پی سی یا لیپ ٹاپ کے لئے دستیاب ہوگی۔ اگر بہت محتاط اندازہ بھی لگایا جائے تو یہ اگلے سال کے آخر تک ہی ممکن ہو پائے گا۔

ڈی ڈی آر 5 کی کم توانائی استعمال کرنے کی خصوصیت کے باعث ہو سکتا ہے کہ اسے موبائل ڈیوائسز میں بھی استعمال کیا جاسکے۔سام سنگ کے تازہ ترین گلیکسی ایس 8 اسمارٹ فون میں LPDDR4میموری استعمال کی گئی ہے۔ چپ اور مدر بورڈ بنانے والوں کو اپنی مصنوعات میں DDR5 میموری کے لیے سپورٹ بھی متعارف کرانی پڑے گی۔ اس سارے عمل میں اسٹینڈرڈز طے ہوجانے کے بعد ایک سال لگ سکتاہے۔دوسری جانب مائیکرو چپس بنانے والی دیگر کمپنیاں DDR5 کا مقابلہ کرنے کے لئے نئی اقسام کی میموری بنا رہی ہیں۔ انٹل اگلے سال Optane میموری DIMMs متعارف کرائے گا جو DDR DRAM کا متبادل ہوگی۔اوپٹین کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ کمپیوٹر کے شٹ ڈاؤن ہونے پر اس میں محفوظ ڈیٹا اپنی جگہ قائم موجود رہتا ہے جبکہ ڈی ڈی آر ریم بجلی بند ہوتے ہی تمام ڈیٹا ضائع ہوجاتا ہے۔ اس وقت DRAM کے متبادل کے طور پر بہت سی اقسام کی میموری استعمال کی جاتی ہیں۔ تیز رفتار HBM2 یا ہائی بینڈ وڈتھ میموری اور GDDR5X کو زیادہ توانائی خرچ کرنے والے گرافکس پروسیسرز کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ایک نئی قسم کی 3 ڈی میموری جسے HMC یا ہائی بریڈ میموری کیوب کا نام دیا گیا ہے کو انٹل کے Xeon Phi سپر کمپیوٹنگ چپ میں استعمال کیا جاتا ہے۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی

Comments are closed.