اپنے فون کو پی سی کے ذریعے استعمال کریں
اگر آپ فون کو کمپیوٹر کی تمام نوٹی فکیشنز پی سی پر دیکھنا چاہتے ہیں یا پی سی سے فون کے پیغامات کا جواب دینا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ایئرڈروئیڈ سب سے بہترین ایپلی کیشن ہے۔
کمپیوٹر، فون اور ٹیبلٹ ہماری اہم ضرورت بن چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم دن بھر کبھی کمپیوٹر استعمال کر رہے ہوتے ہیں تو کبھی فون۔ مائیکروسافٹ آفس میں کچھ کام کرنا ہو تو پی سی استعمال کرنا پڑتا ہے، جبکہ ایس ایم ایس کرنا ہو تو فون اُٹھانا پڑتا ہے۔ اور اگر گیم کا صحیح لطف اٹھانا ہو تو ظاہر ہے ٹیبلٹ استعمال کرنا ہو گا۔
غرض یہ کہ ہم دن بھر ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس پر منتقل ہوتے رہتے ہیں۔ اکثر ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ فون کو اگر کمپیوٹر سے کنٹرول کیا جا سکے، یا کمپیوٹر میں موجود فائلز تک فون کے ذریعے رسائی حاصل کی جا سکے تو وقت کی کافی بچت ہو سکتی ہے اور سہولت بھی۔ اس حوالے سے یوں تو کئی ایپلی کیشنز موجود ہیں جن کی مدد سے فون اور کمپیوٹر کے درمیان کنیکشن بنایا جا سکتا ہے لیکن ہم آپ کو مشورہ دیں گے ایئر ڈروئیڈ (AirDroid) کا۔
ایئر ڈروئیڈ (AirDroid) کی مدد سے کسی بھی اینڈرائیڈ ڈیوائس مثلاً فون کو وائر لیس طور پر اپنے پسندیدہ ویب براؤزر سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ وائرلیس نیٹ ورک کے ذریعے اینڈروئیڈ میں فائلز ٹرانسفر کرنے کا یہ سب سے آسان طریقہ ہے۔ یہ ایپلی کیشن مکمل پی سی سیوٹ طرز کا کنٹرول فراہم کرتی ہے جس سے اپنی اینڈروئیڈ ڈیوائس پر میوزک، تصاویر، وڈیوز، کال لاگز، کانٹیکٹس اور میسجز وغیرہ کو منظم رکھا جا سکتا ہے۔
اس کے ذریعے اینڈروئیڈ میں بہت تیزی سے ایپلی کیشنز انسٹال اور اَن انسٹال کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس کا سب سے خاص فیچر ’’ملٹی ڈیسک ٹاپ‘‘ ہے۔ اس فیچر کو فعال کرنے کے بعد اینڈروئیڈ کے ایک سے زائد ڈیسک ٹاپ دیکھے جا سکتے ہیںا ور ہر ڈیسک ٹاپ پر مختلف کام کیا جا سکتا ہے۔
یہ ایپلی کیشن اینڈروئیڈ ڈیوائس پر انسٹال کرنا پڑتی ہے،پی سی پر کسی قسم کا کوئی ڈرائیور انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اپنے موبائل کا ویب براؤزر میں وائر لیس کنٹرول حاصل کر کے آپ باآسانی ایس ایم ایس چیٹ کے مزے کر سکتے ہیں کیونکہ کی بورڈ پر ٹائپ کرنا، موبائل پر ٹائپ کرنے سے کہیں زیادہ آسان ہوتا ہے۔ ڈیوائس روٹ ہونے کی صورت میں اسکرین شاٹ بنانے کا آپشن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نوٹ: اگر آپ اپنے فون کو مکمل طور پر پی سی کے ذریعے کی بورڈ ماؤس کے ساتھ استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے موبی زین استعمال کریں۔ تفصیل درج ذیل ربط پر پڑھیے:
کال ہو یا کسی ایپ کا میسج تمام نوٹی فکیشنز آپ اس کی مدد سے ڈیسک ٹاپ پر دیکھ سکتے ہیں۔ اس کا سب سے زبردست فیچر یہ ہے کہ اس کی مدد سے آپ فون کا کیمرا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یعنی فون کہیں بھی پڑا ہو اس کا فرنٹ یا بیک کیمرا آن کر کے آپ ویب براؤزر کی مدد سے تصاویر بھی بنا سکتے ہیں۔
ایئرڈروئیڈ ایپلی کیشن اور ڈیسک ٹاپ انسٹالر کی صورت میں مفت دستیاب ہے، اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کریں:
اگر آپ ڈیسک ٹاپ پر اسے انسٹال نہیں کرتے تو ایپ کی انسٹالیشن کے بعد ڈیوائس تک رسائی حاصل کرنے کے لیے براؤزر میں ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس یا درج ذیل یوآرایل ٹائپ کریں:
web.airdroid.com
یاد رہے کہ اگر آپ ایک ہی نیٹ ورک پر موجود ہوں گے تو یہ بغیر انٹرنیٹ کے کام کرے گی۔
Comments are closed.