کمپیوٹر فرانزک کا بہترین ٹول، پاسکو

Pascoمائیکروسافٹ ونڈوز میں بہت سی فائلیں اور حصے ایسے ہیں جن کے بارے میں مائیکروسافٹ نے معلومات عام عوام کو نہیں بتا رکھیں۔ بیشتر لوگ ان خفیہ فائلوں کے بارے میں نہیں جانتے ہیں کہ یہ موجود کہاں ہوتی ہیں اور کیوں ہوتی ہیں۔ کچھ لوگ جو ان فائلوں کو ڈھونڈ بھی لیتے ہیں تو یہ نہیں جان پاتے کہ ان میں لکھے ڈیٹا کا مطلب کیا ہے۔
یہ فائلیں فورنزک جانچ کے لئے بے حد اہم ہوتی ہیں۔ کسی واقعے یا جرم جس کا تعلق کمپیوٹر سے ہوں، ان فائلوں کی جانچ پڑتال بہت اہم ہوتی ہے کیونکہ یہ کئی رازوں سے پردہ اٹھا سکتی ہیں۔ بدقسمتی سے ایسے ٹولز بہت ہی کم تعداد میں ہیں جو ان مخصوص فائلوں کی پڑتال کرکے ہمیں خفیہ معلومات فراہم کرسکیں اور جو ٹولز موجود ہیں، وہ مفت نہیں ہیں۔ اسی لئے ریسرچرز نے کڑی محنت کے بعد ’’پاسکو (Pasco)‘‘ نامی ٹول تیار کیا ہے جو بالکل مفت ہے۔
لفظ پاسکو لاطینی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ’’Browse‘‘ ۔ اسے تیار کرنے کا بنیادی مقصد انٹرنیٹ ایکسپلورر جو دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ویب برائوزرز میں دوسرے نمبر پر ہے، کی activityفائلز کی جانچ پڑتال کرنا ہے۔ پاسکو index.dat نامی فائل جس میں انٹرنیٹ ایکسپلورر اہم اعمال محفوظ کرلیتا ہے، کا تجزیہ کرنے میں بہت معاون ثابت ہوتاہے۔

فورینسک جانچ کی غرض سے سب سے پہلے ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ index.dat فائلیں کیا ہیں اور انہیں کیوں ایک اہم فورینسک ثبوت سمجھا جاتا ہے اور یہ کہاں مل سکتی ہیں، اس کے بعد ہم پاسکو پر مختصراً نظر ڈالیں گے اور اس کے مثبت اور منفی پہلووں کا جائزہ لیں گے اور تحقیق کار کے کمپیوٹر پر اسے نصب کرنا سیکھیں گے، پاسکو کی خوبیوں کے ساتھ ساتھ ہم آخر میں اسی طرح کے دیگر پروگراموں کا مختصر تعارف بھی پیش کریں گے۔

 index.dat فائلیں کیا ہیں؟

انٹرنیٹ ایکسپلورر ان فائلوں کا استعمال ورژن 4 سے کر رہا ہے۔ اس فائل میں صارف کی طرف سے دیکھی گئی تمام ویب سائٹس، کوکیز، تلاش اور بعض اوقات کچھ فائلوں اور فولڈروں کی تفصیلات موجود ہوتی ہیں۔لیکن سوال یہ ہے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر کو اس فائل کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟
جب بھی کوئی صارف کسی ویب سائٹ کا مشاہدہ کرتا ہے تو اس ویب سائٹ کا بیشتر مواد ہارڈ ڈسک پر محفوظ کر لیا جاتا ہے، مقصد یہ ہوتا ہے کہ اگر صارف اسی ویب سائٹ کو دوبارہ کسی وقت طلب کرے تو ویب سائٹ کو دوبارہ لوڈ کرنے کی بجائے ہارڈ ڈسک پر محفوظ مواد کو ہی دوبارہ سے پیش کردیا جائے جس سے نہ صرف بینڈوڈتھ کی بچت ہوتی ہے بلکہ رفتار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر میں تمام عارضی فائلوں کی تفصیلات index.dat نامی پوشیدہ فائل میں محفوظ کی جاتی ہے۔

index.dat فائل فورینسک ثبوت کیوں ہے؟

اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ اس میں ملزم کی ان تمام کاروائیوں کا ریکارڈ ہوتا ہے جو اس نے انٹرنیٹ ایکسپلورر کو استعمال کرتے ہوئے انجام دی ہوئی ہوتی ہیں۔ یہ فائل ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ ملزم نے کس ویب سائٹ کو آخری دفعہ کب دیکھا جس کی وجہ سے کسی طرح کے کیس کی تحقیق کے سلسلے میں یہ معلومات کافی مفید اور اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔ خاص طور سے جبکہ یہ فائل پوشیدہ ہوتی ہے اور عام صارف آسانی سے اس میں کسی طرح کی تبدیلی کرنے یا حذف کرنے پر قادر نہیں ہوتا۔ چنانچہ اس فائل میں موجود ڈیٹا اسے کسی بھی کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک اہم ثبوت فراہم کرتا ہے جو ملزم نے انٹرنیٹ ایکسپلورر کو استعمال کرتے ہوئے انجام دی ہوتی ہیں۔
یہاں یہ بات نوٹ فرمائیں کہ اس فائل کو صرف انٹرنیٹ ایکسپلورر ہی استعمال کرتا ہے۔ دیگر ویب برائوزر اس فائل پر نہ تو انحصا رکرتے ہیں اور نہ ہی اس میں کوئی ڈیٹا محفوظ کرتے ہیں۔ اس کے بجائے ان کے اپنے نظام ہوتے ہیں۔مثال کے طور پر موزیلا فائر فاکس ایک سے زائد فائلوںمیں صارف کی دیکھی ہوئی ویب سائٹس اور اس سے متعلق دیگر ڈیٹا محفوظ کرتا ہے۔ یہ فائلیں فائر فاکس کے ڈیٹا فولڈر میں موجود ہوتی ہیں۔

 index.dat فائلیں کہاں مل سکتی ہیں؟

عام طور پر یہ سسٹم کے اس فولڈر میں ہوتا ہے جہاں صارف کے انسٹال کئے ہوئے تمام پروگرام اپنا ڈیٹا محفوظ کرتے ہیں جیسے Application Dataکا فولڈر۔ ذیل میں ونڈوز کے مختلف نسخوں میں فورینسک تحقیق کاروں کی طرف سے استعمال کی جانے والی زیادہ تر فائلوں کا پاتھ درج ہے:
٭…ونڈوز 7 اور ونڈوز وستا:
aC:\Users\Roaming\Microsoft\
Windows\Cookies\index.dat
aC:\Users\Roaming\Microsoft\
Windows\Cookies\Low\index.dat
aC:\Users\Local\Microsoft\
Windows\History\History.IE5\index.dat
aC:\Users\Local\Microsoft\
Windows\History\History.IE5\Low\index.dat
aC:\Users\Local\Microsoft\
Windows\History\History.IE5\index.dat\
MSHistXXXXXXX\index.dat
aC:\Users\Local\Microsoft\Windows\
History\History.IE5\Low\index.dat\
MSHistXXXXX\index.dat
aC:\Users\Local\Microsoft\Windows\Temporary Internet Files\Content.IE5\index.dat
aC:\Users\Local\Microsoft\Windows\Temporary Internet Files\Low\Content.IE5index.dat
aC:\Users\Roaming\Microsoft\Internet Explorer\UserData\index.dat
aC:\Users\Roaming\Microsoft\Internet Explorer\UserData\Low\index.dat

٭…ونڈوز ایکس پی اور ونڈوز 2000:
aC:\Documents and Settings\Cookies\index.dat
aC:\Documents and Settings\Local Settings\History\History.IE5\index.dat
aC:\Documents and Settings\LocalSettings\
History\History.IE5\MSHistXXXXXXXXXXX\index.dat
aC:\Documents and Settings\Local Settings\Temporary Internet Files\Content.IE5\index.dat
aC:\Documents and Settings\UserData\index.dat

٭…ونڈوز ایم ای،98،95 اور ونڈوز این ٹی:
aC:\Windows\Cookies\index.dat
aC:\Windows\History\index.dat
aC:\Windows\History\MSHisXXX\index.dat
aC:\Windows\History\History.IE5\index.dat
aC:\Windows\History\History.IE5\XXX\index.dat
aC:\Windows\Temporary Internet Files\index.dat
aC:\Windows\Temporary Internet Files\Content.IE5\index.dat
aC:\Windows\UserData\index.dat
aC:\Windows\Profiles\Cookies\index.dat
aC:\Windows\Profiles\History\index.dat
aC:\Windows\Profiles\History\MSHisXX\index.dat
aC:\Windows\Profiles\History\History.IE5\index.dat
aC:\Windows\Profiles\History\History.IE5\
MSHistXXXXXXX\index.dat
aC:\Windows\Profiles\Temporary Internet Files\index.dat
aC:\Windows\Profiles\Temporary Internet Files\Content.IE5\index.dat
aC:\Windows\Profiles\UserData\index.dat

پاسکو Pasco:

یہ جاننے کے بعد کہ index.dat فائلیں کیا ہیں اور ان کی اہمیت کیا ہے ہم اصل موضوع کی طرف واپس آتے ہیں اور ان فائلوں کو اینالائز کرنے والے ٹول پاسکو پر نظر ڈالتے ہیں۔

پاسکو کیا ہے؟

پاسکو ایک سی ایل آئی پروگرام ہے، ہم جس ورژن پر بات کریں گے وہ پاسکو کا پہلا اور آخری ورژن ہے جسے 2003 ء میں جاری کیا گیا تھا۔ اس ٹول کی اچھی بات یہ ہے کہ یہ ایک آزاد مصدر یعنی اوپن سورس سافٹ ویئر ہے چنانچہ یہ نہ صرف مفت ہے بلکہ کوئی بھی اس میں اپنی مرضی کی تبدیلی کرنے اور اسے مزید بہتر کر کے ترقی دینے میں آزاد ہے۔ یہ درحقیقت ایک ریسرچ پراجیکٹ تھا۔ اسے ڈائون لوڈ کرنے کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ فرمائیں:
http://www.mcafee.com/us/downloads/free-tools/pasco.aspx

پاسکو کو تمام بنیادی آپریٹنگ سسٹمز پر چلایا جاسکتا ہے جیسے ونڈوز (بذریعہ cygwin)، میک، لینکس اور فری بی ایس ڈی۔ یقیناً پاسکو کو کام کرنے کے لیے index.dat فائل کی ضرورت ہوتی ہے۔ یعنی یہ خود فائل کو تلاش نہیں کرے گا بلکہ آپ کو اسے فائل فراہم کرنی ہوگی تاکہ وہ اس کا تجزیہ کرسکے۔

مثبت پہلو:

1- مفت اور آزاد مصدر
2- ٹرمنل کے ذریعے آسان استعمال
3- ہر آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے کی صلاحیت
منفی پہلو:
1- ٹول کسی حد تک پرانا ہے
2- پہلی ریلیز کے بعد سے اسے بہتر کرنے کے لیے کبھی کام نہیں کیا گیا
3- دیگر کئی خوبیوں کی کمی جنہیں آسانی سے شامل کیا جاسکتا تھا
4- index.dat فائلوں کو تلاش نہیں کر سکتا
5- صرف انٹرنیٹ ایکسپلورر کے لیے!
پاسکو ایک زپ فائل کی شکل میں ڈائون لوڈ ہوتا ہے۔ اسے ان زپ کرنے پر  ذیل کے فولڈر نمودار ہوں گے:
bin : ونڈوز کے صارفین کو اس ڈائریکٹری میں ونڈوز کے لیے پہلے سے کمپائل اور cygwin1.dll فائل کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار نسخہ مل جائے گا۔
src :اس ڈائریکٹری میں پروگرامر حضرات کے لیے اس کا سورس کوڈ موجود ہے جو سی لینگویج میں لکھا گیا ہے۔
Readme.txt: تنصیب وغیرہ کے لیے پروگرامر کی طرف سے کچھ ہدایات۔اسے پڑھنا کافی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

تنصیب:

لینکس میں تنصیب (انسٹالیشن) کے لیے پاسکو کے فولڈر میں رہتے ہوئے یہ کمانڈز بالترتیب چلائیں:
$ cd  src
$ make
اگرچہ ونڈوز کے لیے ایک کمپائل شدہ تیار نسخہ موجود ہے تاہم اگر آپ سورس کوڈ سے کمپائل کرنا چاہیںسورس فائل(جسے Cلینگویج میں لکھا گیا ہے)srcکے فولڈر میں موجود ہے۔
استعمال کا طریقہ:
پاسکو کو ٹرمنل سے چلانے پر یہ آؤٹ پٹ حاصل ہوتی ہے:
Usage: pasco [options] <filename>
-d Undelete Activity Records
-t Field Delimiter (TAB by default)
پاسکو استعمال میں از حد آسان ہے۔ اس کے لیے کسی سابقہ تجربے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس میں صرف دو ہی سوئچ ہیں ۔ یعنی -d اور -t
index.dat فائل کو پڑھنے کے لیے یہ کمانڈ چلائیں:
pasco path-to-index.dat
یہ کمانڈ index.dat سے معلومات کشید کرنے کے لیے کافی ہے تاہم ہم آپ کو اس فائل کو پڑھنے کے لیے اس سے بہتر طریقہ بتائیں گے۔

استعمال کا بہترین طریقہ:

جیسا کہ ہم پہلے بیان کر چکے ہیں کہ پاسکو کے کام کرنے لیے index.dat فائل کا ہونا ضروری ہے، لہٰذا تحقیق کار کو چاہیے کہ وہ ملزم کے کمپیوٹر سے اس فائل کو حاصل کرے، ہم اپنے پاس دستیاب ایک index.dat کو استعمال کریں گے۔
سابقہ کمانڈ سے index.dat کو پڑھنا کوئی اچھا آئیڈیا نہیں ہے کیونکہ فائل میں کئی ریکارڈ ہوں گے جس کی وجہ سے آؤٹ پٹ کچھ اتنی اچھی نہیں ملے گی، پائپ pipes کی کمانڈ حاصل کردہ ڈیٹا کو بہتر طور پر پڑھنے میں مدد دے سکتی ہے مگر یہ کافی نہیں، بہتر یہی ہے کہ ڈیٹا کو index.xls یعنی ایکسل کی سپریڈ شیٹ میں بدل دیا جائے تاکہ ڈیٹا کو بہتر طور پر پڑھنے میں آسانی ہو۔
pasco index.dat > index.xls
مندرجہ بالا کمانڈ آؤٹ پٹ چھپا دے گی مگر فکر نہ کریں، کیونکہ آؤٹ پٹ ڈیٹا اب ایک ایکسل کی سپریڈ شیٹ میں جس کا نام index.xls ہے بڑے منظم انداز میں پڑھنے کے لیے دستیاب ہے۔ طے شدہ طور پر پاسکو خانوں کے انتخاب کے لیے ٹیب TAB کا استعمال کرتا ہے لہٰذا ہماری تجویز بھی یہی ہے کہ اسے ایسے ہی رہنے دیا جائے اور کسی صورت میں -tکا سوئچ استعمال نہ کیا جائے۔

حاصل کردہ ایکسل کی سپریڈ شیٹ کھولیں تو ہمیں اس میں سارا ڈیٹا بڑے منظم انداز میں ملے گا۔ TYPE کا کالم اس سرگرمی کی نشاندہی کرتا ہے جو ملزم نے انجام دی ہے۔ اس کے ذیل میں ظاہر ہونے والی قسمیں بالترتیب URL, REDR اور LEAK ہیں۔
URL: کا مطلب یہ ہے کہ ملزم نے یہ ریکارڈ براؤزنگ کے دوران حاصل کیا.
REDR: کا مطلب ہے کہ ملزم اس ریکارڈ تک کسی دوسرے پتے سے آیا ہے یعنی براؤزر سے ری ڈائریکٹ ہوکے۔
LEAK: یہ عموماً -dکا آپشن استعمال کرنے کی صورت میں نظر آتا ہے اب چونکہ انٹرنیٹ ایکسپلورر آزاد مصدر براؤزر نہیں ہے چنانچہ ماہرین اس سرگرمی پر کوئی حتمی فیصلہ دینے سے قاصر ہیں اور خیال کرتے ہیں کہ اس میں اور URL میں کوئی فرق نہیں ہے کیونکہ دونوں سرگرمیوں کی خصوصیات ایک جیسی ہیں۔
یو آر ایل URL کا کالم ان روابط پر مشتمل ہوتا ہے جن کا ملزم نے مشاہدہ کیا ہوتا ہے۔
موڈیفائیڈ ٹائم Time Modified کا کالم ملزم کی طرف سے دیکھے گئے کسی صفحے کی آخری تبدیلی دکھاتا ہے، براؤزر یہ قدر صفحے کی معلومات سے حاصل کرتا ہے اور ملزم کا اس میں کوئی اختیار یا اثر نہیں ہے۔

ایکسس ٹائمAccess Time کا کالم اہم ہے کیونکہ یہ بتاتا ہے کہ ملزم نے کسی ریکارڈ/ربط کا کب مشاہدہ کیا تھا، اس میں دن تاریخ اور وقت بڑی صراحت سے موجود ہوتا ہے۔
ڈائریکٹری DIRECTORY کا کالم ایک اتفاقی/رینڈم پاتھ دکھاتا ہے جو براؤزر عارضی فائلوں کو محفوظ کرنے کے لیے بناتا ہے تاکہ جب صارف دوبارہ وہ ربط طلب کرے تو وہ اسے اس ڈائریکٹری سے اٹھا کر پیش کردے۔
HTTP HEADER یہ ہیڈر سے متعلق معلومات دکھاتا ہے۔
HTTP/1.1 200 OK Content-Type: image/jpeg Keep-Alive: timeout=20, max=541 ETag: “6144-f36ea300″ Content-Length: 24900 ~U:ifun
شروع کا حصہ HTTP/1.1 200 OK ایچ ٹی ٹی پی سرور کا ورژن ہے جبکہ 200 کا مطلب ہے کہ عمل کامیابی سے انجام پایا۔
کانٹینٹ ٹائپ Content-Typeکا مطلب اس مواد کی نوعیت ہے۔جس کا مشاہدہ کیا گیا اور اس کے آگے image/jpeg کا ہونا بتاتا ہے کہ یہ ایک تصویر تھی۔
Keep-Alive timout=20 سیکنڈوں میں براؤزر کی ہر درخواست کی نشست کی مہلت ہے، Max=541 ان درخواستوں کی تعداد ہے جو ایچ ٹی ٹی پی سرور سے طلب کی جاسکتی ہیں۔
ETag ایک خاص علامت جو مصدر کی حالت کو بیان کرتی ہے اور ضرورت پر بنائی جاتی ہے۔
Content-Length مواد کا ممکنہ حجم ہے۔
~U اس کمپیوٹر کا نام جس نے ایڈریس طلب کیا۔
Undelete activity records
پاسکو کو اس آپشن سے چلانے پر وہ کوشش کرے گا کہ حذف شدہ ریکارڈ بحال کیے جاسکیں اور ممکنہ حذف شدہ انٹریز بھی رپورٹ میں شامل ہوں۔ ہمارے تجربے کے مطابق اس آپشن سے بھی اس نے اتنی ہی انٹریز دکھائیں جو عام کمانڈ سے دکھائی تھیں۔ یہ جاننے کے لیے کہ اس کمانڈ سے حاصل کردہ فائل سادہ کمانڈ سے حاصل کردہ فائل سے مختلف ہے ہم نے ان دونوں فائلوں کا md5sum حاصل کیا اور حاصل ایک ہی رہا تاہم یہ ضروری نہیں ہے کہ ہمیشہ ایسا ہی ہوگا۔ لہٰذا تجویز دی جاتی ہے کہ ہمیشہ دونوں طریقے استعمال کر کے رپورٹ حاصل کی جائے۔

ممکنہ بہتریاں:

اگرچہ پاسکو ایک چھوٹا سا مگر فعال ٹول ہے تاہم پرانا ہے، پروگرامر نے 2003 میں اسے جاری کرنے کے بعد اس پر توجہ نہیں دی، اگر کوئی پاسکو کو مزید بہتر کرنا چاہے تو ہمارے خیال سے مندرجہ ذیل تجاویز اہم ہیں:
1- پاسکو کو دیگر براؤزروں کی .dat فائلیں پڑھنے کے قابل ہونا چاہیے کیونکہ اب صرف ایکسپلورر کا راج نہیں اور صارفین دیگر براؤزر بھی استعمال کرتے ہیں!
2- پاسکو میں index.dat فائلیں تلاش کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔
3- اگر index.dat فائل کے حاصل کردہ نتائج کو ایکسل کی بجائے یا اس کے ساتھ ساتھ ایچ ٹی ایم ایل HTML میں بھی حاصل کرنے کی صلاحیت ہو تو یہ ہمارے خیال سے بہتر ہوگا۔

دیگر پروگرام:

اگرچہ پاسکو ضرورت پوری کرتا ہے اور index.dat فائلوں سے تمام ڈیٹا حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے تاہم کچھ دیگر پروگرام بھی ہیں جو پاسکو سے کہیں بہتر ہیں۔
ویب ہسٹورین
یہ ایک جی یو آئی پروگرام ہے اور اس ضمن میں اس کا شمار بہترین پروگراموں میں ہوتا ہے۔ تاہم اس کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ صرف ونڈوز پر کام کرتا ہے۔ اگرچہ یہ تمام ویب براؤزرز کو سپورٹ کرتا ہے جو خوبی پاسکو میں نہیں۔ یہ پروگرام پورے آپریٹنگ سسٹم میں براؤزنگ کے ریکارڈ تلاش کر کے خودکار طور پر ایک رپورٹ بھی تیار کردیتا ہے جس میں صارف کی تمام تر سرگرمیاں موجود ہوتی ہیں بلکہ بعض اوقات کروم براؤزر کے ویب سائٹوں کے سکرین شاٹ بھی نکال لیتا ہے جن کا صارف نے مشاہدہ کیا ہوتا ہے۔
خوبیاں:
1- ڈیٹا کو فلٹر کرنے کی صلاحیت جس سے مثبت طور پر کسی کیس کو حل کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور ڈیٹا کے انبار میں تلاش پر وقت ضائع نہیں ہوتا۔
2- صارف کے تمام ریکارڈ منظم اور آسان انداز میں پیش کرتا ہے۔
3- پروگرام ہر ویب سائٹ کا ایک تعارفی کارڈ بناتا ہے جس سے برملا طور پر یہ جاننے میں آسانی ہوتی ہے کہ ملزم نے جس سائٹ کا مشاہدہ کیا ہے اس کی سرگرمیاں کیا ہیں۔
4- مشہور ویب براؤزرز کو سپورٹ کرتا ہے جیسے فائر فاکس، گوگل کروم، انٹرنیٹ ایکسپلورر وغیرہ۔
ڈائون لوڈ کرنے کے لئے یہ لنک ملاحظہ کیجئے:
http://download.cnet.com/Web-Historian/3000-2653_4-10373157.html

فورینسک ٹول کٹ

تجارتی طور پر دستیاب ایک بہترین پروگرام جس کا مواجہ دیگر کسی بھی پروگرام سے مختلف ہے، آپ اس سے آسانی سے تمام ریکاڈ نہ صرف حاصل کر سکتے ہیں بلکہ پروگرام کے اندر موجود ایگ چھوٹی سی ونڈو میں ان کا مشاہدہ بھی کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ یہ کسی بھی ہارڈ ڈسک کی اینالائزنگ بھی کر سکتا ہے، مزید برآں یہ ریم میں موجود ڈیٹا بھی اینالائز کر سکتا ہے اور اس میں فحش تصاویر کو دریافت کرنے کا ایک نظام بھی موجود ہے۔

خلاصہ:

قصہ مختصر یہ ہے کہ پاسکو ایک چھوٹا مگر فعال ٹول ہے جو اپنا کام بہترین انداز میں انجام دیتا ہے، یہ اوزار تحقیق کار کو index.dat فائلوں سے برقی ثبوت حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے اور ڈیٹا کو کامیابی سے اینالائز کرتا ہے، کسی بھی تحقیق میں ہم اس پروگرام کے استعمال کی بڑی شدت سے تجویز دیتے ہیں اگرچہ ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ پاسکو میں فائلوں کو تلاش کرنے اور دیگر براؤزرز کی فائلوں کو اینالائز کرنے کا عنصر مفقود ہے تاہم اگر اسے یہ خوبیاں حاصل ہوجائیں تو یہ اپنی آسانی، سادگی اور برق رفتاری کی وجہ سے اپنے شعبے کا ایک بہترین پروگرام ثابت ہوگا۔    ٭٭

Comments are closed.