چینی حکومت کے لیے ونڈوز کا چائنا گورنمنٹ ایڈیشن
چین کی سخت سنسر شپ اور بہت بڑی مارکیٹ کی وجہ سے دنیا کی بڑی سے بڑی کمپنیوں کو گھٹنے ٹیکنے پڑتے ہیں۔ ایپل جیسی کمپنی بھی چینی حکومت کو آئی او ایس کے سورس کوڈ تک رسائی دے چکی ہے تاکہ چینی حکومت کو اس میں کسی اسپائی وئیر کے نہ ہونے کی تسلی ہوجائے۔دوسرے ممالک کی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں چین ہمیشہ ہی محتاط رہا ہے۔
سکیوریٹی اور امریکی نگرانی کے خدشے کی وجہ سے چینی حکومت نے 2014 میں تمام حکومتی اداروں میں مائیکروسافٹ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی۔ چینی حکومت ونڈوز ایکس پی کا تبدیل شدہ ورژن یا پھر اوبنٹو لینکس استعمال کررہی ہے۔
اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اور دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ سے حصہ لینے کے لیے مائیکروسافٹ کے سی ای او نے پچھلے سال تصدیق کی تھی کہ وہ چین کے لیے ونڈوز 10 کے خصوصی ورژن پر کام کر رہے ہیں۔ اس ورژن میں سیکورٹی کنٹرول زیادہ بہتر ہوگا۔
اب مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہےکہ اس کا ونڈوز 10 کا ورژن چینی حکومت کے استعمال کےلیے بالکل تیار ہے۔ شنگھائی میں ہونے والی ایک تقریب میں مائیکروسافٹ نے اعلان کیا کہ ونڈوز 10 چائنا گورنمنٹ ایڈیشن خاص طور پر چینی حکومت کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 انٹرپرائز ایڈیشن کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔ اس میں کچھ ایسی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے بعد چینی حکام اسے اطمینان سے استعمال کر سکتے ہیں۔
مائیکروسافٹ نے چینی حکومت کے لیے بنائے گئے ونڈوز 10 کے خصوصی ایڈیشن میں حکومت کو اپنا انکرپشن الگورتھم استعمال کرنے کی اجازت دی ہے، تاکہ اس ڈیٹا کو کوئی دوسرا نہ دیکھ سکے۔اس خصوصی ورژن میں چینی حکومت کے ملازمین ونڈوز 10 کے ایسے فیچرز تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے جو اُن کے کام کےلیے ضروری نہ ہوں۔ مثال کےطور پر وہ مائیکرو سافٹ کی ون ڈرائیو سروس کو استعمال نہیں کر سکیں گے۔ چینی حکومت نہیں چاہتی کہ ملازمین مائیکروسافٹ کے کنٹرول میں ڈیٹا سنٹرز پر اپنا ڈیٹا محفوظ یا شیئر کریں۔ اس لیے چینی ملازمین ڈیٹا کو اپنے کمپیوٹروں پر ہی محفوظ کر سکیں گے۔اس نئے ورژن میں چینی حکومت کا ٹیلی میٹری پر مکمل کنٹرول ہوگا، جس سے مائیکروسافٹ چینی کمپیوٹروں پر موجود ڈیٹا حاصل نہیں کر سکے گا۔
دنیا بھر میں ونڈوز 10 کےصارفین ٹیلی میٹری کو ڈس ایبل نہیں کر سکتے ہیں، چینی مارکیٹ سے شیئر حاصل کرنے کےلیے مائیکروسافٹ سافٹ نے چینی حکومت کو یہ سہولت بھی دے دی ہے۔
اگرچہ ابھی ونڈوز 10 چائنا گورنمنٹ ایڈیشن کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن تین حکومتی گروپس نے ونڈوز 10 چائنا گورنمنٹ ایڈیشن کو اپنانے کے فیصلےکا اعلان کر دیا ہے۔یہ تین گروپس چائنا کسٹمز، ویسٹون انفارمیشن ٹیکنالوجی اورسٹی آف شنگھائی ہیں۔ موبائل کمپنی لینوو نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ڈیوائسز میں پہلے سے ونڈوز 10 چائنا گورنمنٹ ایڈیشن انسٹال کرے گا۔
Comments are closed.