پیش خدمت ہے محفوظ ترین ’’بہادر‘‘ براؤزر
زیادہ تر لوگ کروم اور فائرفوکس سے آگے نہیں بڑھتے حالانکہ کئی اور بھی اچھے براؤزر دستیاب ہیں جیسے کہ بیدو ، سِلم جیٹ اور ویوالدی۔ حال ہی میں ونڈوز کے لیے ایک نیا براؤزر ’’بریوو‘‘ (Brave) سامنے آیا ہے۔ پہلے یہ صرف ایپل کے آئی او ایس پلیٹ فارم کے لیے دستیاب تھا لیکن اب اسے ونڈوز کے علاوہ لینکس اور اینڈروئیڈ پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تمام پلیٹ فارمز کے لیے یہ براؤزر اس کی درج ذیل ربط پر موجود ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے:
brave.com
بریوو براؤزر میں صارف کی پرائیویسی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ صارف کو ٹریک کرنے کی تمام درخواستیں یہ پہلے ہی بلاک کر دیتا ہے۔ اس کے علاوہ تمام ویب سائٹس پر موجود اشتہارات کو بھی غائب کر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں ویب سائٹس نہ صرف تیزی سے کھلتی ہیں بلکہ صارفین اسے دنیا کا محفوظ ترین براؤزر قرار دے رہے ہیں۔
بنیادی طور پر یہ براؤزر کرومیئم انجن پر مبنی ہے اس لیے ویب سائٹس دکھانے کا اس کا طریقہ کارد دیگر کرومیئم پر مبنی براؤزر جیسا ہی ہے۔
اشتہارات کے حوالے سے اس کی پالیسی بہت دلچسپ ہے۔ اس براؤزر میں یا تو آپ سرے سے اشتہارات بلاک کر سکتے ہیں یا پھر انھیں دیکھ سکتے ہیں اس کے علاوہ تیسرا آپشن یہ ہے کہ ان اشتہارات کو ’’بریوو‘‘ کے اپنے اشتہارات سے بدل دیا جائے۔ اس طرح اس سے ہونے والی آمدنی صارفین اور کمپنی دونوں میں تقسیم کی جائے گی۔
یعنی دوسرے براؤزرز تو آپ کا زبردستی اشتہارات دکھاتے ہیں لیکن بریوو میں اگر آپ اشتہار دیکھیں گے تو اس کے بدلے حاصل ہونے والی کل رقم میں سے کچھ حصہ آپ کو بھی بِٹ کوائنز کی صورت میں ادا کیا جائے گا۔
صارف کی پرائیویسی کو یقینی بنانے کے لیے اس میں درج ذیل چار اہم فیچرز موجود ہیں:
1: اشہارات اور ٹریکنگ کو فعال یا غیرفعال اپنی مرضی سے کریں
2: تھرڈ پارٹی کوکیز کو بلاک کریں
3: پاپ اپس کو بلاک کریں
4: تمام ویب سائٹس پر HTTPS استعمال کریں
بریوو پر ابھی کام جاری ہے، اس کے اگلے ورژنز میں صارفین کو مزید نئی خوبیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ آگے کیا آئے گا یہ تو نہیں معلوم لیکن اس کی اشتہارات کے بارے میں سخت پالیسی کی وجہ سے یہ ویب ماسٹرز اور پبلشرز کی طرف سے ناپسندیدہ براؤزر ضرور بن جائے گا۔
Comments are closed.