ٹائم ضائع کرنے والی ویب سائٹس کو بلاک کریں
بعض اوقات کوئی اہم کام کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ فیس بک سے دُور رہیں۔ یا پڑھائی وغیرہ پر توجہ دینے کے لیے فیس بک کو کچھ دیر کے لیے بلاک کر دینا بہت فائدے مند ثابت ہو گا۔
فیس بک یا دیگر سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے لیے عام طریقہ تو یہی ہے کہ کوئی سافٹ ویئر استعمال کیا جائے۔ یہ سافٹ ویئر بیک گراؤنڈ میں کام کرتے ہیں اور جو ویب سائٹس آپ بلاک کرنا چاہیں وہ بلاک ہو جاتی ہیں۔ اس کام کے لیے کئی مفت اور کمرشل سافٹ ویئر دستیاب ہیں۔
آئیے آپ کو بتاتے ہیں کس طرح فیس بک کو کمپیوٹر اور اسمارٹ فون پر عارضی طور پر بلاک کیا جا سکتا ہے اور آپ جب چاہیں اس پابندی کو ختم بھی کر سکیں گے۔
بغیر کسی سافٹ ویئر کے
کسی سافٹ ویئر کے بغیر بھی فیس بک کو بلاک کیا جا سکتا ہے اور یہ طریقہ زیادہ کارآمد بھی ہے۔ ونڈوز کی ہوسٹ فائل میں ایک چھوٹی سی تبدیلی کر کے فیس بک پی سی پر مکمل طور پر بلاک کیا جا سکتا ہے۔ ہوسٹ فائل اس لوکیشن پر موجود ہوتی ہے:
C: \ Windows \ System32 \ drivers \ etc
ہوسٹ فائل کو نوٹ پیڈ میں کھول لیں۔ اگر آپ ونڈوز 7 یا 8 استعمال کر رہے ہیں تو اس فائل میں ایڈیٹنگ کرنے کے لیے آپ کو ایڈمنسٹریٹر اختیارات کے ساتھ یہ فائل کھولنی پڑے گی۔ ہوسٹ فائل کھولنے کے بعد اس میں نیچے دی گئی لائن ٹائپ کر کے فائل سیو کر کے بند کر دیں:
127.0.0.1 facebook.com www.facebook.com
فائل بند کرنے کے بعد اب فیس بک کھول کر دیکھیں، اگر آپ نے سارا کام بالکل ٹھیک طریقے سے کیا ہو گا تو فیس بک کو نہیں چلنا چاہیے۔
اسی طرح اگر آپ فیس بک کو دوبارہ فعال کرنا چاہتے ہیں تو ہوسٹ فائل میں شامل کی گئی لائن کو ڈیلیٹ کر دیں۔ کسی بھی ویب سائٹ کو بلاک کرنے کے لیے یہ بے حد کارآمد طریقہ ہے۔
بلاک اِٹ فار می
’’بلاک اِٹ فار می‘‘ ایسا ہی ایک سافٹ ویئر ہے جو کم سائز ہونے کے ساتھ ساتھ مفت بھی دستیاب ہے۔ Block It For Me کی مدد سے آپ کئی ویب سائٹس بشمول فیس بک، ٹویٹر، بلاگر، لنکڈ اِن، ورڈ پریس ڈاٹ کام وغیرہ بلاک کر سکتے ہیں۔بس اس سافٹ ویئرکو چلائیں اور جو ویب سائٹس بلاک کرنا چاہتے ہیں وہ سلیکٹ کریں، یہ اپنا کام شروع کر دے گا۔ بلاک اِٹ فار می ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے اس کی ویب سائٹ وزٹ کریں:
دی ویب بلاکر
اس کام کے لیے ایک اور اچھا سافٹ ویئر ’’دی ویب بلاکر‘‘ ہے۔ The Web Blocker کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر پاس ورڈ بھی سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ یعنی اگر آپ نے کوئی ویب سائٹ بلاک کر رکھی ہے تو کوئی دوسرا اسے بغیر پاس ورڈ کے ایکٹیو نہیں کر سکتا۔ یہ سافٹ ویئر بھی مفت دستیاب ہے اور استعمال میں بھی بے حد سادہ ہے۔ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے درج ذیل ویب سائٹ وزٹ کیجیے:
اینڈروئیڈ
کمپیوٹر کی طرح اینڈروئیڈ پر بھی ہوسٹ فائل میں یہ تبدیلی کر کے فیس بک یا کسی بھی ویب سائٹ کو بلاک کیا جا سکتا ہے۔ اینڈروئیڈ میں ہوسٹ فائل تک پہنچنے کے لیے فائل منیجر درکار ہو گا۔ اس کے لیے آپ کو ES File Explorer ایپلی کیشن انسٹال کرنی ہو گی۔
ای ایس فائل ایکسپلورر انسٹال کرنے کے بعد کھولیں۔
اس میں اوپر موجود سلیش "/” پر کلک کریں۔ اس کے بعد System اور پھر etc کے فولڈر میںآجائیں۔
اس فولڈر میں آپ دیکھیں گے کہ Hosts فائل موجود ہے۔ اس پر کلک کریں اور پاپ اپ مینو میں سے ٹیکسٹ پر کلک کریں تاکہ اس فائل کو ٹیکسٹ ایڈیٹر میں کھولا جا سکے۔ اگلے پاپ میں Es Note Editor منتخب کریں۔
اگلے مرحلے پر اوپری دائیں طرف موجود تین ڈاٹس والے بٹن پر کلک کرنے کے بعد ایڈٹ پر کلک کریں۔
اب آپ اس فائل میںتبدلی کر سکتے ہیں۔ کمپیوٹر کی طرح فیس بک کو بلاک کرنے کے لیے اس فائل میں درج ذیل تبدیلی کریں:
127.0.0.1 facebook.com www.facebook.com
اس طرح فیس بک کے علاوہ بھی کسی ویب سائٹ کو بلاک کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے بس فیس بک کے یوآرایل کی جگہ مطلوبہ ویب سائٹ کا ایڈریس ٹائپ کر دیں۔
یہ کام مکمل کرنے کے بعد اپنے اینڈروئیڈ فون یا ٹیبلٹ کو ری ایک دفعہ ری اسٹارٹ کریں۔
اگر آپ کو یہ طریقہ کچھ پیچیدہ محسوس ہو رہا ہے تو ’’ٹرینڈ مائیکرو موبائل سکیوریٹی اینڈ اینٹی وائرس‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعے بھی کسی ویب سائٹ کو بلاک کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے ٹرینڈ مائیکرو ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور کے درج ذیل ربط سے انسٹال کریں:
اس کی انسٹالیشن کے بعد اس کے آپشنز میں سے سیف سرفنگ (Safe Surfing)کے مینو میں آجائیں۔
اس میں Parental Controls کو منتخب کرنے کے بعد آپ کو اکاؤنٹ بنانا پڑے گا۔
اکاؤنٹ بنانے کے بعد آپ دیکھیں گے اس میں ’’بلاکڈ لسٹ‘‘ موجود ہو گی۔ اس آپشن کے ذریعے آپ کسی بھی ویب سائٹ کو بلاک کر سکتے ہیں۔ اس میں شامل کی گئی ویب سائٹ اینڈروئیڈ ڈیوائس پر کھولی نہیں جا سکے گی۔ یہ ایپلی کیشن چونکہ بنیادی طور پر اینٹی وائرس ہے اس طرح آپ کا فون انٹرنیٹ یا کسی بھی طرح سے آنے والے وائرسز سے بھی محفوظ رہے گا۔
Assalaam-u-Alyekum..! Brother kya ye possible hai k main apnay laptop ya browser pe 1 specific "facebook account” ko "BLOCK” kr sakun..??? (i.e. main chahta hun k (apny laptop pe) facebook pr main khud to login kr sakun, lekin apny kisi brother ki I.D. ko kisi "Black List” etc. men daal dun k wo "meray laptop” pe apni Facebook I.D open na kr sakay..??