بٹ کوائن ڈیجیٹل کرنسی
ستوشی ناکاموتو کون ہے؟
ستوشی ناکاموتو کون ہے، یہ بات کسی کو معلوم نہیں۔ 2008ء میں کرپٹو گرافی کی میلنگ لسٹ پر موجود ستوشی ناکاموتو کی شناخت خود ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔ بٹ کوائن پروٹوکول کے ابتدائی دنوں میں ستوشی بٹ کوائن کے حوالے سے مشہور ایک فورم پر خاصا سرگرم تھا اور باقاعدگی سے لوگوں کو جوابات دیتا تھا۔ اگرچہ بٹ کوائن مکمل طور پر اوپن سورس ہے لیکن اس کے سورس کوڈ میں پہلے سال کے دوران تمام تبدیلیاں ستوشی ناکاموتو نے ہی کیں۔ تاہم کچھ ہی عرصے بعد ستوشی منظر سے بالکل غائب ہوگیا۔ بٹ کوئن کی بھاگ دوڑ Gavin Andresen جو اِس وقت نیٹ کوائن کے لیڈ ڈیویلپر ہیں، کے حوالے کرنے کے بعد ستوشی نے اس کے سورس کوڈ میں آخری تبدیلی 2010ء کے درمیان میں کی تھی۔ اپریل 2011ء میں جب ستوشی سے اس کی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ وہ اب دوسرے کاموں میں مصروف ہے۔ اس کے بعد ستوشی کسی بھی ای میل کا جواب نہیں دیا۔ حتیٰ کہ Andresen کی ای میلز کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔
اس بارے میں سب کی متفقہ رائے ہے کہ ستوشی ناکاموتو ایک فرضی نام ہے۔ یہ صرف ایک فرد ہی نہیں بلکہ کوئی گروپ، ادارہ یا حکومتی محکمہ بھی ہوسکتا ہے۔ ستوشی کے بارے میں عام دستیاب معلومات کے مطابق یہ جاپان میں رہتا ہے اور اس کی عمر 37 کے لگ بھگ ہے۔ یہ انگلش بولتا ہے تاہم فورم پر انگلش لکھتے ہوئے یہ امریکی اور برطانوی انگلش لہجوں کا استعمال کرتا ہے۔ اس کا مقصد یقینا اپنی قومیت چھپانا ہے۔ فورم اور ای میل کے جوابات بھی کسی خاص پیٹرن کے تحت نہیں دیتا تھا اس لئے ان سے ستوشی کے ٹائم زون کے بارے میں بھی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔
ستوشی ناکاموتو کے کام دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ ایک انتہائی ذہین ریاضی دان، کرپٹو گرافی کا ماہر اور کمپیوٹر پروگرامنگ سے آگاہ شخص ہے۔ اگرچہ اس کی پروگرامنگ کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ کوئی پروفیشنل پروگرامر نہیں۔ Andresen سمیت کئی لوگوں کا خیال ہے کہ ستوشی کسی یونی ورسٹی سے وابستہ ریسرچر ہے۔ کیونکہ جس قسم کی تحقیق ستوشی نے کررکھی تھی، وہ عموماً تعلیمی اور تحقیقی اداروں سے وابستہ لوگ ہی کرتے ہیں۔ بٹ کوئن کے ابتدائی دنوں میں خدشہ تھا کہ اس نظام میں کوئی خرابی دریافت ہوجائے گی اور یہ سسٹم مکمل طور پر بیٹھ جائے گا لیکن ستوشی کا تیار کردہ سسٹم اب تک بغیر کسی مسئلے کے چل رہا ہے۔ اگر ستوشی واقعی کوئی گروپ یا ادارہ نہیں بلکہ کوئی اکلوتا شخص ہے تو وہ موجودہ صدی کے ذہین ترین لوگوں میں سے ایک ہے۔ کچھ لوگ جن کے بارے میں شک ہے کہ وہ ستوشی ناکاموتو ہوسکتے ہیں، درج ذیل ہیں۔
٭…گون اینڈریسن :
یہ بٹ کوائن پروجیکٹ کے لیڈر ہیں اور ستوشی ناکاموتو ہونے کے سب سے اہم امیدوار بھی یہی ہیں۔ اینڈریسن بٹ کوائن فائونڈیشن میں بطور چیف سائنٹسٹ کام کررہے ہیں ۔ ستوشی کے بعد اگر بٹ کوائنز پر کسی کا زور چلتا ہے تو وہ اینڈریسن ہی ہیں۔ ایک بٹ کوائن ڈیویلپر جو کہ اینڈریسن سے مسلسل رابطے میں رہا ہے، کے مطابق اینڈریسن اور ستوشی کا طرز تحریر اور خطاب بہت ملتا جلتا ہے۔
٭… مائیکل کلیئر
نیو یارکر (newyorker) کی ایک انویسٹی گیشن رپورٹ میں 23 سالہ کرپٹو گرافی میں گریجویٹ مائیکل کلیئر کو بھی ممکنہ ستوشی کہا گیا ہے۔ 2008ء میں مائیکل کو ٹرینٹی کالج کے بہترین طالب علم برائے کمپیوٹر سائنس کا اعزاز بھی دیا گیا اور انہوں نے پیئر ٹو پیئر کرپٹوگرافی کے حوالے سے ایک ریسرچر پیپر بھی لکھا ہے۔ تاہم مائیکل ، ستوشی ہونے سے مکمل طور پر انکار کرتے ہیں۔
٭… نیل جے کنگ، چارلس برے اور ویلادیمیرآکسمین
فاسٹ کمپنی کے Penenberg نے ستوشی کے متعلق نیو یارکر کی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد خود ستوشی کو تلاش کرنے کی کوشش کی۔ ستوشی کی لکھے ریسرچر پیپر کے تجزیئے سے ایک اصطلاح تلاش کی جو کہ پیٹنٹ کی ایک درخواست میں بھی استعمال کی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پیٹنٹ کی یہ درخواست bitcoin.org ڈومین کی رجسٹریشن کے صرف تین دن بعد ہی جمع کروائی گئی تھی۔ ان تینوں صاحبان نے جو پیٹنٹ کے لئے درخواستیں دے رکھی ہیں، ان کا تعلق انکرپشن، کمیونی کیشن ، نیٹ ورکس اور نوڈز سے ہے۔ اس لئے ستوشی ان تینوں میں سے کوئی یا ان تینوں کا گروپ بھی ہوسکتا ہے۔
٭… حکومت
ایک تھیوری یہ بھی ہے کہ بٹ کوائن کی تیاری میں کسی حکومت کا ہاتھ ہے تاکہ امریکہ ڈالر یا دیگر اہم کرنسیوں کو کمزور کیا جاسکے۔ تاہم اس تھیوری پر یقین کرنے کے لئے کوئی ثبوت موجود نہیں۔
Great work for Urdu lovers. Thank you Amanat Ali
You’r information is way out dated. mtgox was shut down last year.
This article was published in September 2013.