چینی ایکسچینج کے بند ہونے پر بٹ کوائن کی قیمت میں 13 فیصد کمی
بٹ کوائن کی قیمت میں جمعرات کو اس وقت 13 فیصد کمی ہوگئی جب ایک بڑی چینی ایکسچینج نے اپنے آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا۔
کرپٹو کرنسی کی شام سوا چار بجے نیویارک میں قیمت 3385.15 ڈالر تھی جبکہ اسی ماہ کے شروع میں اس کی قیمت تاریخ کی بلند سطح یعنی 5013.91 ڈالر تک بھی گئی تھی۔ بٹ کوائن انویسٹمنٹ ٹرسٹ (GBTC) میں بھی 8.9 فیصد کمی ہوگئی تھی۔
بی ٹی سی چائنا نے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ وہ چینی حکام کی طرف سے کرپٹو کرنسیز کے خلاف کریک ڈاؤن کی وجہ سے 30 ستمبر کو اپنے آپریشنز بند کر رہے ہیں۔
چین اس وقت بہت تیزی سے پھیلنے والی کرپٹو کرنسیز پر اپنی گرفت مضبوط کر رہا ہے۔ 4 ستمبر کو ایک چینی میڈیا آؤٹ لٹ نے خبر دی تھی کہ چینی حکام نے آئی سی او(initial coin offerings) سے رقم جمع کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ غیر قانونی فنڈ ریزنگ ٹول ہے، جو مالیاتی دھوکہ دہی میں استعمال ہو سکتا ہے۔
صرف چین سے آنے والی خبروں کے باعث بٹ کوائن کی مالیت میں 20 فیصد کمی ہو گئی ہے۔دو دن پہلے جے پی مورگن کے باس نے بھی بٹ کوائن کو ایک دھوکہ قرار دیا تھا، اس تبصرے کے بعد بھی بٹ کوائن کی قیمت میں اچھی خاصی کمی واقع ہوئی تھی۔
Comments are closed.