بالآخر 4K وڈیوز فیس بک پر آ ہی گئیں
اگر آپ بھی فیس بک پر وڈیو اپلوڈ ہونے کے بعد اس کی کوالٹی میں آنے والی گراوٹ پر ہماری طرح کڑھتے رہتے ہیں تو آپ کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ سپر HD وڈیوز آنے کے بعد اب فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ وہ 4K وڈیو اپلوڈز کا تجربہ کر رہا ہے، جس کے بعد صارفین 2160 پکسل یو ایچ ڈی-1 یعنی Ultra-High Definition ٹیلی وژن اسٹینڈرڈ پر وڈیوز دیکھ سکیں گے۔ فی الوقت فیس بک پر یہ سہولت تجرباتی طور پر چند پیجز اور پروفائلز کو دی گئی ہے
4K وڈیوز کو لانے میں فیس بک بہت پیچھے رہ رہ گیا ہے۔ اس سے اندازہ لگا لیں کہ یوٹیوب نے پہلی بار 4Kوڈیوز پر تجربات 2010ء میں کیے تھے اور 2014ء میں اس کی وسیع پیمانے پر سپورٹ جاری کی تھی۔ 2016ء میں تو یوٹیوب نے 4K لائیو اسٹریمز بھی پیش کرنا شروع کردیے تھے۔ جبکہ فیس بک نے رواں سال جولائی میں لائیو360 وڈیوز کو 4K کی سہولت دی لیکن اس کی روایتی وڈیوز اب بھی 720 پکسل سے آگے نہیں گئیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس میدان میں فیس بک کو سخت مقابلے کا سامنا ہوگا۔
گو کہ عام طور پر فون سے بنائی گئی وڈیوز کے لیے 720 پکسل بھی کافی ہے لیکن کئی شعبے ایسے ہیں جن کا کام اس طرح نہیں چل سکتا۔ جیسا کہ اسپورٹس، سائنس، سیر و سیاحت اور فیشن کی صنعت کے لیے ضروری ہے کہ بہتر سے بہترین وڈیو پیش کریں۔ پھر وڈیو گیم اسٹریمرز اور پروفیشنل فلم سازوں کے لیے بھی یہ بہت ضروری ہے۔
اگر آپ کے پاس بھی 4K وڈیو دیکھنے کی سہولت ہے تو تیار ہو جائیں۔ بہت جلد کسی بھی وڈیو پر موجود گیئر آئیکون پر کلک کرکے آپ 2160 پکسل کا آپشن نظر آئے گا، جس پر کلک کرکے آپ 4K وڈیو دیکھ پائیں گے۔
Comments are closed.