جدید ٹیکنالوجی کی معذور افراد کے لیے خدمات

talkitt

جو لوگ درست بولنے سے معذور ہوتے ہیں ان کے لیے معاشرے میں آگے بڑھنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ ان کی حالت ایسی ہوتی ہے کہ وہ ایک گلاس پانی بھی نہیں مانگ سکتے، کیونکہ ان کا تلفظ سمجھنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ گھر والے تو کسی نہ کسی طرح سے ان کی بات سمجھ جاتے ہیں لیکن دوسرے لوگ ان کی بات سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا کی 1.5% آبادی کسی نہ کسی بیماری کی وجہ سے درست بولنے سے قاصر ہے۔ ایسے افراد کی مدد کے لیے ایک انتہائی شاندار ایپلی کیشن پر کام جاری ہے اور اس کا نام ہے ’’ٹالک اِٹ‘‘ (Talkitt)۔ یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مالی امداد کی خاطر ’’انڈی گوگو‘‘ (Indiegogo) پر پیش کیا گیا۔ اس کا بنیادی خیال اتنا خوبصورت تھا کہ لوگوں نے دل کھول کر اس کی مدد کی اور اب یہ ایپ تکمیل کے مراحل میں ہے۔ یہ ایپلی کیشن کس طرح کام کرتی ہے اس کی وڈیو اگر آپ اس کی ویب سائٹ پر دیکھیں تو آپ کی آنکھوں میں آنسو آجائیں گے۔

جو افراد کسی معذوری کے باعث درست تلفظ سے بول نہیں سکتے ’’ٹالک اِٹ‘‘ ایپلی کیشن ان کی بات کو بالکل درست سمجھ لیتی ہے۔ یہ ان کے ٹیڑھے میڑھے بولے گئے الفاظ کو نہ صرف درست لکھ کر اسکرین پر دِکھاتی ہے بلکہ بول کر بھی سناتی ہے۔ اس ایپلی کیشن کو تجرباتی طور پر کئی معذرو افراد نے استعمال کیا اور اس نے ان کی بات کو بالکل درست سامنے والے تک پہنچایا۔

talkitt1
ویسے تو کئی ایسی ایپلی کیشنز موجود ہیں جو بولے گئے الفاظ کو متن کی صورت میں دکھا سکتی ہیں یا متن کو پڑھ کر سُنا سکتی ہیں لیکن ان کے درست کام کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ آپ کا تلفظ بھی درست ہو۔ معذور افراد کے الفاظ سمجھنا انسان یا مشین کے لیے بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔ اسی بات کے پیشِ نظر ’’ٹالک اِٹ‘‘ کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔اس ایپلی کیشن میں دنیا کی تقریباً تمام زبانوں کی سپورٹ شامل کی جائے گی تاکہ یہ پوری دنیا کے لیے یکساں کارآمد ثابت ہو۔ اس کے علاوہ یہ صرف اسمارٹ فون ایپلی کیشن نہیں ہو گی بلکہ ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر و دیگر کلائی پر پہننے والی ڈیوائسز کے لیے بھی پیش کی جائے گی، تاکہ درست بولنے سے قاصر افراد اسے ہر جگہ باآسانی استعمال کر سکیں۔

قیمت و دستیابی:

talkitt
’’ٹالک اِٹ‘‘ کا ابتدائی ورژن اس سال کے آخر میں پیش کیا جائے گا، اس کے بعد ہی اس کی دنیا بھر میں دستیابی اور قیمت کا درست پتا چل سکے گا۔ بہرحال امید کی جا سکتی ہے کہ اس کی قیمت انتہائی کم ہو گی۔

ایک تبصرہ
  1. Usman Riaz says

    koi link nahi dia huwa yahan apne

Comments are closed.