ایپل نے واچ سیریز 6 اور واچ ایس ای متعارف کرا دی

ایپل نے آج نئی ایپل واچ سیریز 6 اور ایپل واچ ایس ای متعارف کرا دی ہیں۔ ایپل واچ سیریز 6 فیچرز کے لحاظ سے سیریز 5 کا بہتر ورژن ہے۔ایپل واچ سیریز 6 میں کمپنی نے نیا چپ سیٹ پیش کیا ہے، جس میں شامل نئی ڈوئل کور چپ کے متعلق ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ پچھلی واچ سیزیز 5 کے چپ سیٹ سے 20 فیصد تیز رفتار ہے۔اس میں ایک یو 1 چپ کو بھی مربوط کیا ہے جو الٹرا وائیڈ بینڈ انٹینا شارٹ رینج وائرلیس لوکیشن کو ممکن بناتا ہے۔ اس فیچرسے آپ اپنی ایپل واچ سیریز 6 کو کار کی ڈیجیٹل چابیوں کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔
ایپل واچ سیریز 6 میں نیا ہارٹ ریٹ سنسر نصب کیا گیا ہے جو خون میں آکسیجن کی مقدار (SpO2) کی پیمائش بھی کر سکتا ہے۔ایپل واچ سیریز 6 کا آپریٹنگ سسٹم واچ او ایس 7 صارف کی حرکت اور دل کی دھڑکن کے ڈیٹا سےVO2 Max ریڈنگ دیتا ہے، جس سے صارف کی فٹ نیس کا مجموعی لیول پتا چل جاتا ہے۔ واچ سیریز 6 صارف کی نیند کو ٹریک کر سکتی ہے۔ یہ ہاتھ دھونے کا پتا چلا سکتی ہے اور ورزش کی کئی اقسام کے بارے میں ڈیٹا فراہم کرتی ہے۔ایپل واچ سیریز 6 میں شامل نیا اور بہتر آلویز آن ڈسپلے موڈ پہلے سے تقریباً ڈھائی گنا روشن ہے۔ ایپل نے اس میں نیا Altimeter بھی شامل کیا ہے۔اس کی بیٹری ٹائمنگ واچ سیریز 5 کی طرح تقریباً 18 گھنٹے ہے جبکہ فاسٹ چارجنگ کی بدولت یہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل چارج ہو جاتی ہے۔
واچ سیریز 6 کے پری آرڈر شروع ہو چکے ہیں جبکہ اس کی فراہمی کا آغاز جمعہ 18 ستمبر سے ہوگا۔ اس کے ایلومینیم جی پی ایس اونلی ماڈل کی قیمت 399 ڈالر(40 ایم ایم سائز) اور 429 ڈالر(44 ایم ایم سائز) سے شروع ہوتی ہے۔جی پی ایس اور سیلولر ورژن کی قیمت 499 ڈالر اور 529 ڈالر ہے۔سٹین لیس سٹیل ماڈل کی قیمت اس سے زیادہ ہے۔


آج ایپل نے سستی ایپل واچ ایس ای بھی متعارف کرائی ہے۔ڈیزائن میں یہ سیریز 5 کی طرح ہے۔ اس میں ہارٹ ریٹ مانیٹر اور چپ سیٹ بھی سیریز 5 کا ہی ہےلیکن اس میں سیریز 6 کا ایکسلرو میٹر، جیاروسکوپ اور آلویز آن آلٹیمیٹر ہے۔ ایپل واچ ایس ای کے پری آرڈر بھی شروع ہو چکے ہیں۔ اس کی فراہمی کا آغاز بھی جمعے سے ہوگا۔ اس کے 40 ایم ایم ماڈل کی قیمت 279 اور 44 ایم ایم ماڈل کی قیمت 309 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔سیلولر کنکٹیویٹی آپشن میں یہ قیمت 329 ڈالر اور 359 ڈالر ہو جاتی ہے۔ایپل ابھی اپنی واچ سیریز3 کی فروخت بھی جاری رکھے گا۔ اس کے 38 ایم ایم ماڈل کی قیمت 199 ڈالر اور 42 ایم ایم ماڈل کی قیمت 229 ڈالر ہے۔

Comments are closed.