اپنا فون کبھی گاڑی میں چارج نہ کریں

آپ لمبے سفر پر ہیں یا ہماری طرح "ملّا کی دوڑ مسجد تک’ یعنی دفتر اور گھر کے درمیان کی ٹریفک میں پھنسے ہیں، اس دوران فون کی بیٹری ختم ہونے لگے تو سب سے پہلے گاڑی کے یو ایس بی پورٹ میں لگا لیتے ہیں۔ بظاہر یہ بے ضرر سا کام ہے لیکن جب تک ہنگامی صورت حال نہ ہو، اپنا فون ہرگز کار کی بیٹری سے چارج نہ کریں کیونکہ یہ بہت بڑی غلطی ہے اور آپ کو فون کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

آپ کو معلوم نہیں تو بتاتے چلیں کہ آپ کی گاڑی میں موجود یو ایس بی پورٹ فون کو چارجنگ کے لیے درکار سے کم ہی بجلی فراہم کرتی ہے۔ اس لیے کم پاور کی یو ایس بی پورٹ میں فون کو لگانا دراصل فون کو بھی متاثر کرنا ہے اور گاڑی کی بیٹری کو بھی۔ فون پورٹ سے زیادہ پاور لینے کی کوشش کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ چارجنگ کے دوران رک بھی سکتا ہے، یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ سرے سے چارج ہی نہ ہو۔

پھر دوران سفر موبائل چارج کرنے سے گاڑی کی بیٹری بھی متاثر ہوتی ہے۔ گو کہ پہنچنے والے نقصان کا انحصار آپ کے فون کی قسم اور گاڑی کی بیٹری پر ہے، لیکن خدشہ یہی ہے کہ آپ کا فون کار کی بیٹری پر اثر انداز ہوگا۔

ان افراد کے لیے تو شاید یہ بڑا مسئلہ نہ ہو جن کے پاس نئی گاڑی ہے اور اس میں جاندار بیٹری نصب ہے، لیکن اگر آپ کی گاڑی پرانے ماڈل کی ہے تو آپ کو یو ایس بی پورٹ کے ذریعے موبائل چارج کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

اس لیے بہتر تو یہی ہے کہ انتظار کریں، گھر پہنچیں اور اصل چارجر سے موبائل فون کو چارج کریں۔ بصورت دیگر آپ کا موبائل بھی جلد ‘ہسپتال’ میں ہوگا اور گاڑی بھی ‘ڈاکٹر’ کے پاس۔

Comments are closed.