اسمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی ZTE نے اپنا نیا ہینڈسیٹ ZTE Blade A2S لانچ کر دیا ہے۔ اس فون کی اسکرین گزشتہ سال ریلیز کیے گئے ZTE Blade A2 اور ZTE Blade A2 Plus سے بڑی ہے اور اس میں ریم بھی بڑھائی گئی ہے۔
یہ اسمارٹ فون فی الحال چین میں JD.com پر سیل کے لئے دستیاب ہے اور اس کی قیمت 700 یوآن ہے۔ یہ تقریباً گیارہ ہزار تین سو پاکستانی روپے بنتی ہے۔ اس نئے فون کے ڈیزائن میں کوئی قابل ذکر تبدیلی نہیں کی گئی۔ بظاہر دیکھنے میں یہ اپنے پیش رو اسمارٹ فونA2 جیسا ہی ہے۔
بلیڈ اے 2 ایس میں 5 عشاریہ 2 انچ کی مکمل ایچ ڈی ڈسپلے ہے جس کی ریزولوشن 1080p ہے۔ اس میں بیک وقت دو سم کارڈ لگائے جاسکتے ہیں۔ اس میں ریم بڑھا کر 3 جی بی اور اسٹوریج 32 گیگا بائٹس کردی گئی ہے۔ A2میں ریم 2 جی بی اور اسٹوریج 16 جی بی تھی۔ آپ چاہیں تو ایس ڈی کارڈ لگا کر A2Sکی اسٹوریج بڑھا سکتے ہیں لیکن اس صورت میں آپ دو کے بجائے صرف ایک ہی سم کارڈ لگا سکیں گے۔ کیونکہ اس فون میں ہائبرڈ کارڈ سلاٹ استعمال کی گئی ہے۔ یعنی ایسی سلاٹ جس میں سم کارڈ بھی لگایا جاسکتا ہے اور ایس ڈی کارڈ بھی۔
میٹل فریم کے اس فون میں 2540mAh کی بیٹری نصب ہےاور چپ سیٹ میڈیا ٹیک کا MT6753 استعمال کیا گیا ہے۔اس کی پشت پر فنگر پرنٹ ریڈر بھی ہے۔ فرنٹ یا سیلفی کیمرا پانچ میگا پکسل جبکہ بیک یا پشت پر نصب کیمرہ 13 میگا پکسل کا ہے۔ یہ بات واضح نہیں کہ اس فون میں اینڈروئیڈ کا کون سا ورژن استعمال کیا گیا ہے۔
JD.com پر اسے 8 ستمبر سے خریدا جاسکے گا۔