مائیکروسافٹ ونڈوز وستا کو الوداع کہنے کا وقت آگیا

اگر آپ مائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کرنے والے دنیا کے ان 0.78 فیصد صارفین میں شامل ہیں جو اب تک مائیکروسافٹ ونڈوز وستا استعمال کررہے ہیں تو یہ آپ کے لئے بری خبر ہے۔ مائیکروسافٹ نے ونڈوز وِستا کو ہمیشہ کے لئے الوداع کہنے کا فیصلہ کردیا ہے۔ 11 اپریل 2017ء کے بعد سے مائیکروسافٹ ونڈوز وِستا کے لئے کوئی اپ ڈیٹ جاری نہیں کرے گا۔ بالکل اسی طرح جیسے ونڈوز ایکس پی کی سپورٹ ختم کی جاچکی ہے۔

ونڈوز وِستا مائیکروسافٹ کی تاریخ کے ناکام ترین آپریٹنگ سسٹمز میں سے ایک ہے۔ اس آپریٹنگ سسٹم کے حوالے سے مائیکروسافٹ کی یادیں خوشگوار ہیں نہ صارفین کی۔ ونڈوز وِستا کو Aero یوزر انٹر فیس کے ساتھ جاری کیا گیا ۔ لیکن ونڈوز ایکس پی کے انٹرفیس سے ایرو انٹرفیس پر منتقلی صارفین کے لئے آسان نہیں تھی اور بیشتر کمپیوٹر ہارڈ ویئر اس وقت اس کے لئے تیار بھی نہیں تھے۔نیز ایرو انٹرفیس میں اس وقت بہت سے مسائل تھے۔ بعد میں یہی ایرو انٹرفیس ونڈوز سیون میں استعمال کیا گیا اور ونڈوز سیون کو مقبول ترین آپریٹنگ سسٹمز کی فہرست میں لا کھڑا کیا۔ ونڈوز وِستا کے استعمال کرنے والے اتنے کم ہیں کہ اس کی موت کا اعلان مائیکروسافٹ نے اتنے شور شرابے کے ساتھ نہیں کیا جتنا شور مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی کی موت پر مچایا گیا تھا۔

مائیکروسافٹونڈوز وستا