سوال: کیا وجہ ہے کہ مائیکروسافٹ ونڈوز میں کسی بھی جگہ CON کے نام سے فولڈر نہیں بنایا جاسکتا؟ اس میں مسئلہ کیا ہے؟
یہ درست ہے کہ مائیکروسافٹ ونڈوز میں CON کے نام سے کہیں بھی فولڈر نہیں بنایا جاسکتا اور جیسے ہی ایسی کوئی کوشش کی جاتی ہے، ونڈوز ایک ایرر میسج ظاہر کرتی ہے یا فولڈر کا نام دوبارہ New Folder ہوجاتا ہے۔ بعض اوقات اسے بطور ایک ایسٹر ایگ پیش کیا جاتا ہے، لیکن درحقیقت یہ کوئی ایسٹر ایگ نہیں بلکہ لفظ CON ایک reserved word ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ اس کا استعمال صرف خاص مقاصد کے لئے ہے اور عام صارف کے لئے یہ ممنوع ہے۔
ان الفاظ سے پروگرام کا کوئی خاص فنکشن، عمل، حصہ یا ڈیوائسس ریفرنس منسلک ہوتا ہے۔ اگر انہیں استعمال کرنے کی اجازت دے دی جائے تو پروگرام کو چلنے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ CON کے علاوہ کئی دیگر الفاظ بھی ہیں جنھیں فولڈر کا نام بنانے میں استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ کچھ الفاظ یہ ہیں:
CON, PRN, AUX, CLOCK$, NUL, COM1, COM2, COM3, COM4, COM5, COM6, COM7, COM8, COM9, LPT1, LPT2, LPT3, LPT4, LPT5, LPT6, LPT7, LPT8, LPT9
صرف ونڈوز ہی نہیں، بلکہ لینکس اور دیگر کئی پروگرامز میں ایسے reserved ورڈز موجود ہوتے ہیں۔ خاص طور پر ڈیٹا بیس پروگرامز اور پروگرامنگ لینگویجز میں ان کی موجودگی سے آگاہی بہت ضروری ہے۔