کون سے اسمارٹ فون کا کیمرا ہے سب سے بہترین؟

یہ سوال سبھی کے ذہن میں اُٹھتا ہے کہ آخر کس اسمارٹ فون کا کیمرا ہے سب سے بہترین؟ تو آئیے اس کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔

آج کل اسمارٹ فونز میں انتہائی شاندار کیمرا موجود ہوتا ہے۔ خاص طور پر جب آپ ایک مہنگا اسمارٹ فون خریدتے ہیں تو یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اس میں موجود کیمرا کوئی خراب تصویر بنائے گا۔

بلکہ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیاں اچھے کیمرے کو بنیاد بنا کر بھی اپنا فون فروخت کرنے میں کامیاب ہو رہی ہیں۔

گزشتہ پانچ سالوں میں ہم نے دیکھا کہ کئی اسمارٹ فون ڈوئل کیمرے کے ساتھ بھی وارد ہوئے، کئی اسمارٹ فونز میں فرنٹ کیمرے کو بہتر بنایا گیا کیونکہ اب زیادہ تر لوگ اپنی تصویر یعنی سیلفی بنانے پسند کرتے ہیں۔ کئی اسمارٹ فونز واٹر پروف بنائے گئے جیسے کہ ایپل آئی فون7 اور سام سنگ گلیکسی ایس7۔

اسمارٹ فون ڈوئل کیمرے کے حوالے سے جاننے کے لیے سب سے پہلے تو یہ مضمون پڑھیں:

فون میں ایک ساتھ دو کیمروں کے بارے میں اہم باتیں جانیں

کچھ اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں نے اپنے فونز میں 4K وڈیو کی خصوصیات شامل کیں، کئی نے ایچ ڈی آرتصاویر بنانے کی سپورٹ دی تو کچھ نے ’’اسٹیکنگ‘‘ (Stacking) کا فیچر دیا۔

اسٹیکنگ ایسا عمل ہے جس میں ایک تصویر کی بجائے تصویروں کی ایک پوری سیریزبنتی ہے اور پھر انھیں جمع کر کے ایک تصویر کی صورت میں پیش کیا جاتا ہے۔ یہ فیچر آپ گوگل پکسل میں دیکھ سکتے ہیں۔

کچھ اسمارٹ فونز میں ڈوئل لینس اور ڈوئل سینسرز بھی آپ نے دیکھے ہوں گے جیسے کہ ایل جی G6۔ یہی نہیں آج کے اسمارٹ فون 4K وڈیو اور خام (Raw) تصاویر بنانے کی خاصیت بھی رکھتے ہیں، جس طرح پروفیشنل فوٹو گرافر را تصاویر بناتے ہیں اور بعد میں ان پر کام کیا جاتا ہے۔

اگر آپ یہ سوال کریں کہ کون سا اسمارٹ فون سب سے زبردست کیمرا رکھتا ہے تو اس کا جواب تقریباً ناممکن ہے کیونکہ ایک کیمرا تمام صارفین سے پسندیدگی کا درجہ حاصل نہیں کر سکتا۔

ایک کیمرا اگر ایک صارف کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے اور وہ اس کے فیچرز کو جانتے ہوئے اس سے بہترین نتائج حاصل کر رہا ہے تو وہی کیمرا کسی دوسرے کو ناپسند بھی ہو سکتا ہے۔ یعنی یوں کہا جا سکتا ہے کہ ہر فرد کی کیمرا ضروریات دوسرے سے مختلف ہوتی ہیں۔

اگر آپ ایک درمیانے درجے کا یا سستا اسمارٹ فون خریدیں تو اس کے کیمرے میں محدود فیچرز موجود ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس کی تصاویر بھی کوئی خاص نہیں ہوتیں۔ لیکن اگر اچھی لائٹ میں فوٹو گرافی کی جائے تو اکثر اُس سے بھی بہترین تصویریں بن جاتی ہیں لیکن کم روشنی میں اس کی طاقت اچھی تصویر بناتے ہوئے جواب دے جاتی ہے۔

تصویر بمقابلہ حقیقت

اسمارٹ فون کیمرے اور اسٹینڈ الون ڈیجیٹل کیمرے میں بنیادی تکنیکی فرق یہ ہے کہ اسمارٹ فون کیمرا تصویر بناتے ہوئے اپنا ننھا منا لینس اور سینسر استعمال کرتا ہے اس لیے اس ڈیجیٹل کیمرے کے مقابلے میں اس کی تصویر کو انتہائی بُرا ہونا چاہیے، لیکن ایسا ہوتا نہیں ہے۔

پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ چھوٹے لینس اور سینسر کے باوجود اسمارٹ فون کیسے بہترین تصویر بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے؟ دراصل سمارٹ فون اپنے طاقت ور پروسیسرز اور گرافکس انجنز کی مدد سے امیج ڈیٹا کو بہترین انداز میں پراسیس کرتے ہوئے اپنی تکنیکی خامیوں پر قابو پا کر اچھی تصویر بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔

اسمارٹ فون سے تصویر بناتے ہوئے سب کی خواہش ایک خوبصورت تصویر بنانے کی ہوتی ہے جس میں بس وہ اچھے لگ رہے ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ اسمارٹ فون سے بنائی ہوئی تصاویر حقیقت سے کافی مختلف ہوتی ہیں لیکن لوگوں کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہوتا۔

بہترین کیمرا کیسے پہچانیں؟

اسمارٹ فون خریدتے وقت چونکہ ہماری ترجیح اچھے کیمرے والا فون ہوتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ فون خریدنے سے قبل مختلف ویب سائٹس پر اس کا تجزیہ ضرور پڑھ لیں۔ وہاں آپ کو ان کے کیمرے سے بنائی گئی تصاویر بھی دیکھنے کو مل جائیں گی۔

چونکہ آج کل سبھی کے پاس اسمارٹ فون موجود ہے تو دوستوں کے فون سے مختلف رنگدار چیزوں کی مختلف روشنی میں تصاویر بنا کر بھی آپ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ کون سا کیمرا بہتر ہے۔

یہ تحریر بھی پڑھیں: رات یا کم روشنی میں فون سے بہترین تصاویر کیسے بنائیں؟

ایک ہی کمپنی کے مختلف ماڈلز کو جانچنے کا کوئی فائدہ نہیں، مثلاً سونی کے ایک سے زائد ماڈلز کا موازنہ کرنا فضول ہے کیونکہ ان میں زیادہ تر وہی سینسرز اور سافٹ ویئر موجود ہوتے ہیں جو کہ ایک ہی جیسی تصویر بناتے ہیں۔

سب سے بہترین کیمرے والا فون

اگر فون کیمرے سے بہترین فوٹوگرافی کرنا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے Nokia 808 ایک زبردست انتخاب ہو سکتا ہے جو کہ 2012 میں پیش کیا گیا تھا۔ اس فون میں 38 میگا پکسلز کا سینسر موجود ہے۔ یہ اسمارٹ فون واقعی میں اس بات کا ثبوت ہے کہ فون سے بھی کس قدر اچھی تصویر بنائی جا سکتی ہے۔

Nokia 808 اور اسی خاندان کے دیگر ونڈوز اسمارٹ فونز جیسے کہ لومیا1020 آج بھی بہترین کیمرے کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔

آج کل کے بہترین اسمارٹ فون کیمرے میں f/1.8 لینسز اور 12 میگا پکسلز 1/3 سینسرز موجود ہوتے ہیں جو 4032 x 3024 کی ریزولوشن فراہم کرتے ہیں۔ یہ کیمرا آئی فون7 میں موجود ہے۔ اگر آپ کے اسمارٹ فون میں بھی اس طاقت کا کیمرا موجود ہے تو آپ کے پاس یقیناً ایک بہترین کیمرے والا اسمارٹ فون ہے۔

اس وقت موجود اسمارٹ فونز کی بات کی جائے تو کہا جا سکتا ہے کہ گوگل پکسل میں سب سے بہترین کیمرا موجود ہے جس میں 12.3MP 1/2.3 کا قدرے بڑا سینسر اور f/2.0 لینس موجود ہے۔

یاد رکھیں کہ سینسر کا نمبر جتنا چھوٹا ہو گا اس کا نتیجہ اچھا ہو گا۔ ایک 1/2.5 سینسر، 1/3 سینسر کے مقابلے میں سائز میں ضرور بڑا ہو گا لیکن اس کی تصویر اچھی ہو گی اور یہ اُس کے مقابلے میں شور بھی کم مچائے گا۔ اسی طرح f/1.7 لینس f/2 لینس کے مقابلے میں نہ صرف زیادہ اچھی روشنی پیدا کرتا ہے بلکہ تیز بھی کام کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیمرے میں موجود ایچ ڈی آر کیا ہے اور اسے کیسے استعمال کریں؟

ہاں اگر میگا پکسلز کی بات آئے تو اس میں بڑا نمبر زیادہ بہتر ہے لیکن 10 میگا پکسلز عام اسمارٹ فون صارفین کے لیے کافی ہوتا ہے۔ اس سے بڑا نمبر بڑے سائز کی تصویر بناتا ہے یعنی اگر آپ بڑے سائز میں تصاویر پرنٹ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تو دس سے بارہ میگا پکسلز کا کیمرا کافی ہے۔

ان تمام خصوصیات کو مدِ۱نظر رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اس وقت سام سنگ گلیکسی S8، ایپل آئی فون7، گوگل پکسل اور ایل جی 6 سب سے بہترین کیمرا رکھنے والے اسمارٹ فون ہیں۔ البتہ آئی فون7پلس اور ایچ ٹی سی U11 کو بھی اس فہرست کے قریب قریب جگہ دی جا سکتی ہے۔

کم قیمت بہتر کیمرا فون

جن فونز کا ہم نے ذکر کیا ہے یقیناً ان کو خریدنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں اس لیے ہم کچھ کم قیمت لیکن بہتر کیمرا اسمارٹ فون کا ذکر بھی کر لیتے ہیں۔

ون پلس 3T اس حوالے سے ایک بہترین انتخاب ہو سکتا ہے جس میں 16 میگا پکسلز 1/2.8 سینر اور f/2.0 لینس موجود ہے۔

oneplus-3t

اور اگر آپ اس سے کچھ بہتر اسمارٹ فون دیکھنا چاہیں تو ون پلس 5 اس سے بھی بہتر ہے۔

بجٹ مزید کمی کی جانب گامزن ہو تو ہم لینوو کا موٹوG5 بھی دیکھ سکتے ہیں جس میں 13 میگا پکسلز 1/2.5 سینسر اور f/2.0 لینس موجود ہے۔ جبکہ اسی کا جی فائیو پلس ماڈل 12 میگا پکسلز کیمرا اور مزید تیز f/1.7 لینس کے ساتھ دستیاب ہے۔ ان دونوں میں ایچ ڈی آر کے علاوہ پروفیشنل اور بیوٹی فکیشن موڈ موجود ہیں جبکہ پرو موڈ میں آپ کو مینوئل کنٹرول بھی دستیاب ہوں گے۔

امید ہے اس مضمون کے مطالعہ کے بعد آپ کے ذہن میں اسمارٹ فون کے کیمرے کے حوالے سے موجود تمام سوالوں کے جواب حاصل ہو چکے ہوں گے۔

اپرچرفوٹو گرافیفوٹوگرافیفون فوٹوگرافیفون کیمراکیمراکیمرہلینسمیگا پکسل
تبصرے (2)
Add Comment
  • Ghulam Farooq Mohammed

    حیرت ہے سونی کو آپ نے نظرانداز کر دیا