سوال: مجھے کون سی پروگرامنگ لینگویج سیکھنی چاہئے؟ مجھے کالج میں سی / سی پلس پلس کے ساتھ ساتھ سی شارپ بھی پڑھائی جارہی ہے۔ کیا یہ پروگرامر بننے کے لئے کافی ہیں یا مجھے کوئی اور پروگرامنگ لینگویج بھی سیکھنی چاہئے؟
کالج / یونی ورسٹیز میں سی /سی پلس پلس سکھانے کا بنیادی مقصد آپ کو حقیقی زندگی میں ہونے والی پروگرامنگ سے روشناس کروانا ہوتا ہے۔ یہ کئی دہائی پرانی لینگویجز ہیں لیکن آج بھی اتنی ہی کارگر ہیں جتنی کہ یہ اپنے ابتدائی دنوں میں تھیں۔ ان میں متعارف کردہ پروگرامنگ اسٹینڈرڈز آج تک زیر استعمال ہیں۔ کیا آپ کو سی / سی پلس پلس میں اعلیٰ درجے کی مہارت کی ضرورت ہے؟ یا کیا آپ کو سی شارپ کو بطور پرائمری پروگرامنگ لینگویج سیکھنا چاہئے؟
ان سوالات کے جوابات اس بات پر منحصر ہیں کہ آپ مستقبل میں کرنا کیا چاہتے ہیں۔مثلاً کیا آپ ویب ڈیویلپمنٹ کا شوق رکھتے ہیں، ڈیٹابیس کا مضمون آپ کو زیادہ پسند ہے، کمپیوٹر سائنس میں ریسرچر کا ارادہ رکھتے ہیں، ونڈوز کے لئے ایپلی کیشنز بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، یا آپ کو اسمارٹ فونز کے لئے ایپلی کیشنز بنانا پسند ہے یا آپ کی دلچسپی لینکس پر مرکوز ہے۔
اگر آپ ویب ڈیویلپمنٹ کا شوق رکھتے ہیں تو سی/ پلس پلس کی وہ بنیادی معلومات جو آپ پہلے ہی حاصل کرچکے ہیں، دیگر جدید لینگویجز (PHP، Python) سیکھنے کے لئے کافی ہیں۔ یعنی اب آپ کی زیادہ توجہ جدید لینگویجز بشمول سی شارپ پر ہونی چاہئے۔
ونڈوز کے لئے بزنس ایپلی کیشنز بنانے کے لئے C# اور VB.net سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں۔ آپ کا سی /سی پلس پلس کا سیکھا ہوا علم ، ان دونوں لینگویجز اور خاص طور پر C# کو سیکھنے میں بہت مددگار ہوگا۔جہاں آپ کو سسٹم کا لو لیول کنٹرول چاہئے ہو، وہاں اسمبلی یا سی /سی پلس پلس ہی آپ کے کام آئیں گی۔ لہٰذا گر آپ مستقبل میں لو لیول سسٹم پروگرامنگ کی جانب جانا چاہتے ہیں تو جتنا ایڈوائنس آپ سی /سی پلس پلس پڑھیں گے، اتنا بہتر ہے۔
لینکس کے لئے بنائے گئے کمپیوٹرپروگرام بھی عموماً سی پلس پلس بنائے جاتے ہیں۔ تاہم لینکس کے لئے اسکرپٹ پائتھن میں خوب لکھے جاتے ہیں۔ اس لئے لینکس میں دلچسپی کی صورت میں آپ کو سی /سی پلس پلس کے ساتھ ساتھ پائتھن لینگویج بھی سیکھنی چاہئے۔
آج کل چونکہ اسمارٹ فونز کا چرچا ہے اس لئے اسمارٹ فون Apps بنانے والے ڈیویلپرز کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ iOS یا اینڈروئیڈ کے لئے پروگرامنگ کرنے کے لئے آپ کو جاوا پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہئے۔ جبکہ مائیکروسافٹ ونڈوز فون پلیٹ فارم کے لئے پروگرامنگ سی شارپ میں بھی کی جاسکتی ہے۔
ریئل لائف پروگرامر کے لئے کسی ایک لینگویج پر انحصار مناسب نہیں سمجھا جاتا۔ آپ کو سی /سی پلس پلس کے علاوہ کم از کم ایک جدید لینگویج میں مہارت ضرور حاصل کرنی چاہئے۔یہاں یہ بات بھی یاد رکھیں کہ سی /سی پلس پلس میں ہر چیز جو آپ سیکھتے ہیں، وہ کسی بھی جدید لینگویج کو سیکھنے میں آپ کی معاون ہوتی ہے (چند کیسز میں ایسا نہیں بھی ہوتا لیکن یہ ایک الگ بحث ہے)۔ لہٰذا اگر آپ سی / سی پلس پلس کے بیسک کے علاوہ ایڈوانس پروگرامنگ بھی سیکھ لیتے ہیں تو یہ آپ کی صلاحیت کو بھی چار چاند یا چار پلس لگا دے گی۔
nice information………………..appreciated
Very concise talk on learning Programming languages but nice sharing dear. It would be better for newbies if this article will have more detail.