وٹس ایپ میں وڈیو کالنگ کی سہولت فراہم

وٹس ایپ نے آخر کار اپنے صارفین کےلیے ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کرا ہی دی۔ لیکن یہ سہولت فی الحال صرف مائیکروسافٹ ونڈوز اور اینڈروئیڈ کے بی ٹا ورژن میں متعارف کرائی گئی ہے۔ ونڈوز صارفین کے لیے یہ سہولت 2.16.260 وٹس ایپ بی ٹا اور اینڈروئیڈ صارفین کےلیے 2.16.318 (451462) بیٹا ورژن میں متعارف کرائی گئی ہے۔ اس سہولت کی فراہمی کے بعد وٹس ایپ براہ راست اسکائپ کے مدمقابل آگیا ہے۔ یاد رہے کہ فیس بک مسینجر میں ویڈیو کالنگ کی سہولت پہلے سے موجود ہے۔

ویڈیو کال ملانے کے لیے صارفین کو کالنگ بٹن ٹیپ کر کے وائس یا ویڈیو کالز میں سے کوئی ایک آپشن منتخب کرنا پڑتا ہے۔ ایک آپشن سے صارفین فرنٹ کیمرے سے رئیر کیمرے پر بھی منتقل ہوسکتے ہیں۔اس کے علاوہ صارفین کال کو خاموش (mute) بھی کر سکتے ہیں۔ کوئی بھی کال نہ سن سکنے کی صورت میں(یعنی مِسڈ کال ) صارف کو نوٹی فکیشن بھی ملتا ہے، جس پر ٹیپ کرنے سے واپس کال ملائی جاسکے گی۔ توقع ہے کہ یہ فیچر جلد ہی آئی او ایس کے لیے اور اینڈروئیڈ پر تمام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

وٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے لیے حال ہی میں ایک اور اپ ڈیٹ جاری کی تھی۔ یہ اپ ڈیٹ جو اینڈروئیڈ صارفین کےلیے پہلے ہی جاری کی جاچکی تھی، کے ذریعے صارفین اسنیپ چیٹ اور انسٹا گرام میں دستیاب سہولیات وٹس ایپ میں استعمال کرسکیں گے۔ انسٹا گرام بھی فیس بک کی ہی کمپنی ہے اور گزشتہ کچھ عرصے کے دوران فیس بک نے اپنے مسینجر اور وٹس ایپ دونوں میں انسٹا گرام جیسی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔

اپ ڈیٹ ورژن 2.16.12 سے آئی او ایس کے صارفین تصاویر یا ویڈیو پر emoji (مختلف جذبات/احساسات ظاہر کرتے چہرے) بھی بنا سکتے ہیں۔ صارفین اپنے فون سے کوئی بھی تصویر لے کر اس پر کئی اقسام کے برشوں سے ڈرائنگ کر سکتے ہیں۔ یہی چیز انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ میں بھی گزشتہ کافی عرصے موجود ہے۔ اس کے علاوہ وٹس ایپ فار آئی اوایس کے گروپس کے ایڈمنسٹریٹر لنک کے ذریعے لوگوں کو گروپ میں شامل ہونے کی دعوت ارسال کرسکیں گے۔ گروپ انوائٹ لنک گروپ کے انفو سیکشن سے بنایا جاسکتا ہے۔

اینڈروئیڈ ورژن کے صارفین کے لیے بھی وٹس ایپ نے فرنٹ فیسنگ فلیش اور ویڈیوز میں زوم کرنے کی سہولت متعارف کروائی ہے۔ تاہم وٹس ایپ کے آئی او ایس ورژن میں یہ سہولیات ابھی موجود نہیں۔ صارفین پلے سٹور سے وٹس ایپ کا تازہ ورژن اپنے فون میں نصب کرسکتے ہیں یا پہلے سے نصب ورژن کو اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں۔ لیکن ویڈیو کال کے لیے تمام صارفین کو ابھی تھوڑا سا انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔

وٹس ایپ کے وہ صارفین انتظار نہ کرنا چاہیں انہیں بی ٹا ورژن کی اے پی کے (APK) فائل انسٹال کرنا ہوگی۔ یاد رہے ویڈیو کال صرف اس صورت میں کام کرے گی جب دوسرے صارف کے پاس بھی ویڈیو کال کی سہولت رکھنے والا ورژن نصب ہو۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں دوسرے صارف کو وٹس ایپ اپ ڈیٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جائے گا۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی