برطانیہ کی وزیرِ داخلہ امبر روڈ نے واٹس ایپ پر مجرموں کو تحفظ اور پرائیویسی فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیغامات کی انکرپشن کی وجہ سے بچوں کا جنسی استحصال اور جرائم کے منظم گروہ قانون کی گرفت سے بچ جاتے ہیں لہذا واٹس ایپ کو حکومتوں کی مدد کرنے کے لیے فوری طور پر آگے آنا ہوگا۔
برطانیہ میں اس سال ہونے والے چار دہشت گرد حملوں کے بعد حکومتی وزراء کا یہ مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے کہ آئی ٹی کمپنیوں کو حکومت کو انکرپٹڈ میسجنگ تک رسائی دینی چاہیے تاہم آئی ٹی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ حکومتوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومتوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطالبات اور جمہوری معاشروں میں رائج معاشرتی آزادیوں میں توازن قائم کرنا ہوگا۔
مینچسٹر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیرِ داخلہ نے بڑی آئی ٹی کمپنیوں جیسے فیس بک، گوگل، مائکروسافٹ اور ٹویٹر پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مزید کوششیں کریں۔