واٹس ایپ نے 2013ء میں وائس میسج بھیجنے کی خصوصیت شامل کی تھی لیکن تب سے آج تک زمانہ بدل گیا، اس فیچر میں کوئی خاص بہتری نہیں لائی گئی۔ آج بھی صارفین کو وائس میسج بھیجنے کے لیے بٹن کو مستقل دبا کر رکھنا پڑتا ہے، جس سے بڑی کوفت ہوتی ہے۔ لیکن اب بڑے عرصے بعد فیس بک کے ماتحت اس ادارے کو خیال آ ہی گیا ہے کہ وائس میسج اس طرح ریکارڈ ہو کہ بٹن دبا کر رکھنے کا جھنجھٹ نہ ہو۔
ڈبلیو اے بیٹا انفو کی ایک خبر کے مطابق وائس میسج ریکارڈ کرنے کے لیے ‘مائیک’ کے بٹن کو نصف سیکنڈ کے لیے دباتے ہی واٹس ایپ میں ایک سلائیڈنگ انٹرفیس آ جائے گا اور جس کے ذریعے آپ ریکارڈنگ موڈ کو لاک کر سکتے ہیں اور فون پر اپنا پیغام ریکارڈ کر سکتے ہیں اور اس کے لیے بٹن دبا کر رکھنے کی زحمت نہیں کرنا
ہوگی۔
یہ نئی خصوصیت کیسی ہوگی، اس بارے میں کچھ تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں، آپ بھی دیکھیں:
البتہ اس آپشن کو استعمال کرنے کے لیے کچھ حدود مقرر کی گئی ہیں جیسا کہ آپ وائس ریکارڈنگ موڈ میں ہونے کی صورت میں تصاویر دیکھ سکتے ہیں اور نہ ہی وڈیوز، ساتھ ہی ٹیکسٹ ٹائپ کرنا بھی ناممکن ہوگا۔ بلکہ اگر آپ نے کوئي دوسرا پیغام کھولنے کی کوشش بھی کی تو ریکارڈنگ ہی ضائع ہو جائے گی۔ یعنی وائس میسج ریکارڈ کرتے ہوئے صرف یہی کام کر پائیں گے، اور کچھ نہیں۔
واٹس ایپ کے آئندہ اپڈیٹس میں اس فیچر کے شامل ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔