ویب ہوسٹنگ کیا ہے ؟
ورلڈ وائیڈ ویب سائٹ سائٹس ایچ ٹی ایل ایم ،گرافک اور ملٹی میڈیا وغیرہ سے تشکیل پاتی ہے اور ایسے ویب سرور ( کمپیوٹر) جس پر یہ فائلز رکھی جاتی ہیں ویب ہوسٹ کہلاتا ہے۔ آپ کی ویب سائٹ سے انٹرنیٹ کے استعمال کنندہ اس وقت تک مستفید نہیں ہو سکتے جب تک آپ اپنی ویب سائٹ کسی ویب سرور پر اپ لوڈ نہ کر دیں۔ نیز ویب پیجز تک لوگوں کی رسائی کے لئے ویب سرور کو مستقلاً انٹر نیٹ سے جڑا ہونا چاہیے۔ جو کمپنیاں ویب ہوسٹنگ کی سہولت فراہم کرتی ہیں انہیں ویب ہوسٹس کہتے ہیں ۔
ویب ہوسٹ کا انتخاب کیسے کیا جائے؟
ویب ہوسٹ کا انتخاب بہت حد تک آپ کی ضرورت پر منحصر ہے :
آپ کی ویب سائٹ کس طرح کی ہوگی؟
سائٹ کی تیاری میں کس قسم کی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جائے گا؟
اس کامقصد کیا ہے ؟
آپ آن لائن کاروبار تو نہیں کرنا چاہتے؟
سائٹ کس قسم کے ناظرین کے لیے بنائی جا رہی ہے؟
سائٹ کتنے عرصہ بعد اپ گریڈ کی جائے گی؟
اس طرح کے تمام سوالوں کی ایک فہرست مرتب کریں ۔یہ فہرست آپ کی ہوسٹ کے انتخاب میں مدد کرئے گی ۔
ہزاروں ویب ہو سٹس کی موجودگی میںبہترین ویب ہوسٹ کا انتخاب یقینا مشکل ہے۔ تاہم اس ضمن میں مندرجہ ذیل تجاویز معاون ثابت ہوں گی اور بہترین ویب ہوسٹ کے انتخاب میں آپ کی راہنمائی کریں گی۔
ہوسٹنگ کی اقسام
ہوسٹنگ انڈسٹری کی ترقی کے ساتھ ویب ہوسٹنگ مختلف اقسام میں تقسیم ہو چکی ہے۔ ویب ہوسٹ کے انتخاب سے قبل آپ کا ان کے متعلق جاننا مفید ہو گا۔ بنیادی طور پر آپ کو ویب ہوسٹنگ کے لئے تقسیم شدہ ہوسٹنگ یا اور وقف شدہ ہوسٹنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔
تقسیم شدہ ہوسٹنگ یا ورچوئل ہوسٹنگ
تقسیم شدہ ہوسٹنگ میں آپ کی سائٹ کے ساتھ دیگر سائٹس بھی ایک ہی سرور پر ہوسٹ کی جاتی ہیں اور بینڈ وڈتھ دوسری ویب سائٹس کے ساتھ شیئر ہوتی ہے ۔اس کا مطلب ہے کہ سرور پر ہوسٹ کی گئی کسی ایک سائٹ پر زیادہ ناظرین کی آمد سے آپ کی ویب سائٹ متاثر ہو سکتی ہے۔ چونکہ تقسیم شدہ ہوسٹنگ میں سرور کی دیکھ بھال ہوسٹنگ کمپنی کے ذمے ہوتی ہے اس لئے آپ عموماً سرور پر کسٹمائز ایپلی کیشنز نہ تو چلا سکتے ہیں اور نہ ہی انسٹال کرسکتے ہیں۔ نیز، سکیوریٹی کے حوالے سے بھی شیئرڈ ہوسٹنگ پر کئی سوالیہ نشانات ہیں۔
اس قسم کی ہوسٹنگ میں کیونکہ بہت سے گاہگ ایک ہی سرور استعمال کرتے ہیں اور ہوسٹنگ کمپنی خدمات کی قیمت ان کے درمیان تقسیم کر سکتی ہے ،اس لیے یہ کم قیمت ہوتی ہے ۔میاں جی کے کلیہ کے مطابق اگر آپ کی سائٹ پر متوقع ناظرین کی تعداد 1000 روزانہ کی حد سے کم ہے تو بلا شبہ تقسیم شدہ ہوسٹنگ آپ کے لئے ہی ہے ۔
کو لوکیٹڈ ہوسٹنگ (Co-located hosting)
کو لوکیٹڈ ہوسٹنگ میں آپ اپنی ضرورت کے مطابق سرور خرید کر ہوسٹنگ کمپنی کو مہیا کر دیتے ہیں۔ہو سٹنگ کمپنی آپ کے مہیا کیے گے سرور کو نیٹ ورک سے منسلک کر دیتی ہے ۔ کو لو کیٹڈ میں ہوسٹنگ کمپنی صرف نیٹ ورک بحال رکھنے کی ذمہ دار ہوتی ہے جبکہ سرور کی دیکھ بھال آپ کی اپنی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس قسم کی ہوسٹنگ صرف بڑی کمپنیاں ہی استعمال کرتی ہیں۔خاص طور پر یہ ایسی کمپنیوں کی اولین ضرورت ہوتی ہے جو کوئی حساس قسم کا ایپلی کیشن رن کررہے ہوں یا اپنا ڈیٹا کسی دوسرے کے سرور پر رکھنے میں خطرہ محسوس کرتی ہو۔
وقف شدہ ہوسٹنگ
وقف شدہ ہوسٹنگ میں آپ کی ویب سائٹ کے لیے ایک مکمل سرور وقف کر دیا جاتا ہے اور آپ کو اپنے ذاتی کمپیوٹر کی طرح سرور تک مکمل رسائی ہوتی ہے۔ وقف شدہ ہوسٹنگ پر آپ ایک سے زیادہ سائٹس بھی ہوسٹ کر سکتے ہیں۔ سرور کی دیکھ بھال بھی ہوسٹنگ کمپنی کے ذمہ ہوتی ہے۔ تاہم ہوسٹنگ کی یہ قسم ان سائٹ کے لیے موزوں ہے جن پر ناظرین کی متوقع تعداد 1000 سے زیادہ ہو کیونکہ وقف شدہ ویب ہوسٹ میں ویب سائٹ کے ناظرین عام لوگوں کے ساتھ مشترکہ بینڈوِڈتھ استعمال نہیں کر رہے ہوں گے۔ اس لئے سائٹ تیزی سے کھلتی ہے۔
ڈیڈیکیٹڈ ہوسٹنگ کو بھی دو اقسام میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ ایک Managed اور دوسری Unmanaged۔ اول قسم میں سرور کی دیکھ بھال ، سکیوریٹی، ڈیٹا بیک وغیرہ کی ذمہ داری ہوسٹ کی ہوتی ہے۔ لیکن دوسری قسم میں یہ تمام تر کام آپ کو خود کرنے ہوتے ہیں۔ بہت کم مواقع پر unmanaged سرور کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ کیوں کہ کسی بھی کمپنی یا شخص کے لئے سرور کو ریموٹلی manage کرنا ایک مشکل کام ہے۔ خصوصاً اس وقت جب کہ سرور پر کئی سروسز ایک ساتھ چل رہی ہوں۔
وقف شدہ ہوسٹنگ خرید کر ہوسٹنگ کمپنی بھی بنائی جاسکتی ہے جو کہ دوسرے اداروں کو شیئرڈ ہوسٹنگ کی سہولت فراہم کرتی ہو۔
مفت ہوسٹنگ
کیا مفت ہوسٹنگ حاصل کرنا ممکن ہے ؟
جی ہاں آپ مفت ویب ہوسٹنگ حاصل کر سکتے ہیں ۔ لیکن مفت ویب ہوسٹنگ مہیا کرنے والے عموماً ویب سائٹ پر مختلف قسم کے اشتہارات لگا دیتے ہیںاور ان پر مکمل بھروسہ بھی نہیں کیا جا سکتا کہ کب تک مفت خدمات مہیا کریں گے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ ایک ماہ بعد اپنی سائٹ کھولیں تو ایک بڑا سا اشتہار آپ کا منہ چڑا رہا ہو۔ کسٹمر سپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ کی سائٹ کبھی ترقی نہیں کرے گی اور آپ کو سائٹ کی کا رکردگی سے کوئی غرض نہیں اور آپ سائٹ پر اشتہارات کے متعلق بھی فکرمند نہیں تو آپ آنکھیں بند کر کے مفت ہوسٹنگ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ ہاں اگر آپ آئی ٹی کے طالب علم ہیں تو دل کھول کر مفت ہوسٹنگ اکاؤنٹ بنائیں اور زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں۔ مفت ہوسٹنگ کی سب سے بڑی خرابی یہ ہوتی ہے کہ آپ کو سرور پر مرضی کی ڈیوویلپمنٹ انوائرنمنٹ نہیں ملتا۔ یعنی اگر آپ ایک ایسی ویب سائٹ بنانا چاہتے ہیں جو کہ کولڈ فیوژن میں بنائی گئی ہو تو انٹرنیٹ پر ڈھونڈنے سے بھی آپ کو کولڈ فیوژن کی مفت ہوسٹنگ نہیں ملے گی۔ اس کے علاوہ اگر آپ ایس کیو ایل سرور کا مفت ڈیٹا بیس انٹرنیٹ پر ڈھونڈ رہے ہیں تو یہ کوشش بھی بارآور ہونا مشکل ہے۔
مفت ویب ہوسٹس کی ایک مختصر فہرست اور ان کی تفصیل آپ اس مضمون میں ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ مزید ہوسٹس کے لئے گوگل ڈاٹ کام پر سرچ کیجئے۔
اپ ٹائم
جتنے وقت تک ویب ہوسٹ کا سرور، سروس مہیا کرتا رہتاہے یا جتنی دیر کے لئے ویب ہوسٹ کا سرور سرگرم رہتا ہے یا اس پر ہوسٹ کی گئی سائٹ انٹرنیٹ پر دستیاب رہتی ہے وہ اس کا اَپ ٹائم کہلاتا ہے ۔سائٹ کا دن کے چوبیس گھنٹے اور سال کے تین سو پینسٹھ دن آن لائن رہنا نہایت ضروری ہے۔ آپ کی ویب سائٹ کتنی ہی اچھی کیوں نہ ہو اور سرچ انجن اس کی رینکنگ کتنی بہتر کیوں نہ ہو لیکن اگر آپ کا ویب ہوسٹ اچھی اسپیڈ اور اپ ٹائم مہیا کرنے میں ناکام ہو جائے تو سائٹ کبھی بھی ناظرین کی ایک اچھی تعداد حا صل نہیں کر سکتی۔ اور ناظرین کی عدم توجہ کسی ویب سائٹ کے لئے زہر قاتل کا درجہ رکھتی ہے۔
ایک بہترین ویب ہوسٹ کا اپ ٹائم 99.99 فیصد ہوتاہے لیکن اگر کوئی ہوسٹ آپ کو 100 فیصد اپ ٹائم مہیا کرنے کا دعویٰ کرے تو یقینا وہ غلط ہے۔ اگرچہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ ویب ہوسٹ اس صلاحیت کا حامل ہے کہ سرورز کو 100فیصد اپ رکھ سکے مگر اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی کہ وہ واقعی یہ کرپائے گا۔ نیٹ ورک کی خرابی، ہیکنگ، سافٹ ویئر یا ہارڈ ویئر کی خرابی، بجلی کے مسائل کے علاوہ بہت سی دیگر وجوہ کی بناء پر سرور کسی بھی وقت ڈائون ہوسکتا ہے۔
جس ہوسٹنگ کمپنی کااپ ٹائم 99.5 سے کم ہو اس سے کبھی بھی ہوسٹنگ نہ خریدیںکیونکہ آپ یقینا یہ نہیں چاہیں گے کہ آپ کی سائٹ پرنا ظر کم ہوں۔ مزید براں اس امر کا یقین کر لیں کہ آپ کی متوقع ویب ہوسٹنگ کمپنی کے پاس نا پسندیدہ لوگوں یا ہیکرز کو روکنے کا مناسب بند بست موجود ہے اور وہ اپنی سیکورٹی کا با قاعدگی سے معائنہ کرتے ہیں اور اسے ضرورت کے مطابق اپ ڈیٹ کرتے رہتے ہیں۔
اسپیڈ
اسپیڈ چیک کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ کمانڈ پرامپٹ کھولیں اور اپنے ہوسٹ کو PING کریں۔ اگر اوسط رسپانس 80 ملی سیکنڈ تک ہو تو یقینا آپ بہترین ہوسٹ کا انتخاب کرنے جا رہے ہیں۔
ہوسٹ کے انتخاب سے قبل ان سے نیٹ ورک کنکشنز کے متعلق دریافت کریںکہ آیا وہ کسی ایک قومی بیک بون سے کنکٹ ہیں یا ان کے پاس اور بھی چوائسس ہیں؟ اورایک بیک بون ڈاؤن ہونے کی صورت میں انھیں دوسرے بیک بون پر شفٹ ہونے کے لئے کتنا وقت درکار ہو گا۔ ویب ہوسٹ عام طور پر T1 کنکشن استعمال کرتے ہیں جس کی ڈیٹا ترسیل کی رفتار 1.5Mbs ہوتی ہے لیکن اچھے ویب ہوسٹ T3 یا OC24 کنکشن استعمال کرتے ہیں جو کہ 45Mbs اور اس بھی زیادہ برق رفتاری سے ڈیٹا ارسال کر سکتے ہیں۔ آج کل مارکیٹ میں peering ٹیکنالوجی دستیاب ہے جس کی مدد سے اگر ویب ہوسٹ ایک سے زیادہ کنکشن استعمال کر رہا ہے اور ٹریفک کسی ایک کنکشن پر 50%سے زیادہ ہو جائے تو سرور خودکار نظام کے تحت دوسرا کنکشن استعمال کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اس طرح صارفین بلا کسی انتظار کے تیزی سے آپ کی ویب سائٹ ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ اسے لوڈ بیلنسنگ بھی کہتے ہیں۔ کیا آپ کا متوقع ہوسٹ اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہا ہے؟
آپ کو کسی ایسی ہوسٹنگ کمپنی کا انتخاب کریں جو کم از کم ٹی تین (T3) کنکشن استعمال کر رہی ہو۔ بصورت دیگر سست رفتار کنکشن کی وجہ سے صارفین کو ویب سائٹ ملاحظہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔
ویب اسپیس
ویب اسپیس وہ جگہ ہے جو ویب سرور کی ہارڈڈسک پر آپ کی سائٹ گھیرتی ہے۔ آپ کو اپنی ویب کے لئے کتنی گنجائش درکار ہے؟ کیا آپ کا ہوسٹ آپ کو مطلوبہ گنجائش فراہم کر سکتا ہے؟ کیا ویب سائٹ پر کسی خاص ایکسٹینشن کی فائل کے لئے کوئی حد تو مقرر نہیں کی گئی؟ یہ وہ سوالات ہیں جو کہ کسی بھی ہوسٹنگ کمپنی سے ضرور دریافت کئے جانے چاہئے۔
مفت ویب ہوسٹس کی طرف سے اکثر کسی خاص ایکسٹینشن کی فائل کے لئے حد متعین ہوتی ہے ۔ آپ مفت ویب ہوسٹس پر ایگزی کیوٹ ایبل فائلز اپ لوڈ نہیں کرسکتے۔ اس کے علاوہ فائل کے سائز پر بھی حد مقرر ہوتی ہے۔ اس حد کی وجہ سے آپ صرف چند سو کلو بائٹ کی فائل ہی اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔
یہاں اس امر کا بھی خیال رکھیں کہ ویب ہوسٹس آپ کی توجہ حاصل کرنے کے لئے لامحدود یا کئی جی بی ویب اسپیس مہیا کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن کیا آپ کئی جی بی جگہ استعمال کر لیں گئے؟ متوسط ویب سائٹس کے لئے یقینا اس کا جواب ’’نہیں‘‘ میں ہو گا۔ تاہم ایسی سائٹس جن میں ملٹی میڈیا فائلز کا استعمال کیا گیا ہو کو یقینا زیادہ اسپیس کی ضرورت ہوگی۔ اسی طرح اگر آپ مختلف سافٹ ویئر یا فائلز ڈاؤن لو ڈنگ کے لئے پیش کریں گے تو بھی آپ کو زیادہ گنجائش درکار ہو گی۔ عموماً ایک کاروباری سائٹ کو دس ایم بی یا اس سے بھی کم جگہ درکار ہوتی ہے، تو کبھی بھی صرف گنجائش کی وجہ سے ہوسٹ کی طرف نہ جھکیں۔
ایف پی ٹی ایکسس
ایف ٹی پی فائل ٹرانسفر پروٹوکول کا مخفف ہے۔ جس طرح ایچ ٹی ٹی پی انٹرنیٹ پر ویب پیجز کی ترسیل کرتا ہے بالکل اسی طرح ایف ٹی پی انٹرنیٹ پر فائلز کی ترسیل کے لئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس سہولت کی بدولت آپ اپنے ویب ہوسٹ سے ایف ٹی پی کلائنٹ یا انٹرنیٹ ایکسپلورر سے فائل اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں گو کہ مبتدی ویب ڈیزائنر کو ایف ٹی پی رسائی کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن پروفیشنلز کے لئے یہ ناگزیرہے۔ میں ہمیشہ ایسے ہوسٹ کو ترجیح دیتا ہوں جو ایف ٹی پی کے ساتھ آن لائن ٹرانسفر منیجر مہیا کرتا ہو۔ ایسے ہوسٹ کا انتخاب یقیناً مستقبل میں مفید ثابت ہوسکتا ہے جو کہ ایک سے زیادہ ایف ٹی پی اکاؤنٹ مہیا کرتا ہو ۔ اگر ایف ٹی پی اکائونٹ پر ڈائریکٹری لیول سکیوریٹی لگانے کی سہولت بھی مل جائے تو نہلے پر دھلہ ہوجائے گا۔
ٹریفک یا بینڈ وِڈتھ
ڈیٹا ٹرانسفر ویب سرور سے وِزیٹرکے برائوزر میں منتقل ہونے والی بائٹس کی تعداد ہے۔ جب بھی کوئی وزیٹر آپ کی سائٹ ملاحظہ کرے گاتو وہ آپ کی ویب سائٹ کے لئے مقرر کردہ مجموعی بینڈ وڈتھ میں سے کچھ بینڈ وِڈتھ استعمال کرے گا۔ آپ کی سائٹ کو مہینے بھر میں زیادہ سے زیادہ کتنی میگا یا گیگا بائٹ وزیٹر کے ویب برائوزرز کو منتقل کرنے کی اجازت ہے، یہی بینڈ وڈتھ کہلاتی ہے۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ کو کتنی بینڈ وڈتھ درکا ر ہوگی۔ اس کا انحصار آپ کی سائٹ کے ڈیزائن اور وزیٹر کی تعداد پر ہے۔ ذاتی سائٹس کے لیے 1جی بی جبکہ کاروباری سائٹس کے لیے 2 سے 8 جی بی تک کی بینڈ وڈتھ کافی ہوتی ہے۔ بڑی کارپوریٹ ویب سائٹس جیسے یا ہو! اور گوگل وغیرہ سینکڑوں ٹیرا بائٹ کی بینڈ وڈتھ استعمال کرتی ہیں۔ اس وقت کمپیوٹنگ کی ویب سائٹ ہر ماہ اوسطاً تیس گیگا بائٹ سے زیادہ کی بینڈ وڈتھ استعمال کرتی ہے۔ چونکہ وقت کے ساتھ ساتھ وزیٹرز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اس لئے توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں زیادہ بینڈ وڈتھ درکارہوگی۔
یہ اندازہ لگانے کے لئے کہ آپ کو اپنی ویب سائٹ کے لئے کتنی بینڈ وڈتھ درکار ہوگی، ایک سادہ طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ تمام ویب پیجز اور ان سے منسلک تصاویر اور دیگر فائلز کو ایک فولڈر میں رکھیں ۔ فولڈر کا مجموعی سائز معلوم کیجئے اور اسے فولڈر میں موجود تمام فائلوں کی تعداد سے تقسیم کردیں۔ اس طرح آپ کو ہر فائل کو اوسط سائز معلوم ہوجائے گا۔ اب اس سائز کو متوقع وزیٹرز کی تعداد سے ضرب دیں لیں۔ آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ کم از کم کتنی بینڈ وڈتھ سے گزارا ہو جائے گا۔ عام طور پر ہوسٹنگ کمپنیاں 1GB تا 5GB بینڈ وڈتھ مہیا کرتی ہیں۔ اگر آپ یا ہو کے مقابلے پر سائٹ نہیں بنا رہے تو یہ بینڈ وڈتھ آپ کی سائٹ کے لیے کافی ہو گی۔
کچھ کمپنیاں لا محدود بینڈ وڈتھ مہیا کرنے کی دعوے دار ہیں۔ یقین جانیں کہ لا محدود بینڈ وڈتھ مہیا کرنا تقریباً ناممکن ہے کیونکہ ہوسٹنگ کمپنیاں جو بینڈ وڈتھ آپ کو مہیا کرتی ہیں، وہ اس کے لئے ادائیگی کرتی ہیں۔ لہٰذا ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ کمپنی آپ کو لامحدود بینڈ وڈتھ استعمال کرنے کی کھلی چھوٹ دے۔ اس لیے لامحدود بینڈ ودتھ کے دعوں پر کان نہ دھریں۔
ویب سرور کا آپریٹنگ سسٹم
کیا ویب سرور کا آپریٹنگ سسٹم کوئی اہمیت رکھتا ہے؟ بالکل، یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کس طرح کے آپریٹنگ سسٹم پر ویب ہوسٹ کرنا چاہتے ہیں اگر آپ اے ایس پی ، اے ایس پی ڈاٹ نیٹ، مائیکروسافٹ ایکسس یا ایس کیو ایل سرور وغیرہ استعمال کرنا چاہتے ہیں تو سوائے مائیکرو سافٹ ونڈوز کے کوئی چارہ نہیں ۔اسی طرح لینکس سرورز پی ایچ پی اور مائی ایس کیو ایل کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔ یونکس سرورز میں آپ کچھ فیچر کی قربانی کے ساتھ زیادہ سکیورٹی حاصل کر سکتے ہیں اور صرف اس بنیا د پر کہ آپ کے سسٹم میں ونڈو انسٹا ل ہے اس لیے ونڈوز ہوسٹنگ خریدنا بہتر ہے تو یہ غلط سوچ ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں لینکس کے لئے مخصوص بہت سی ٹیکنالوجیز جیسے پی ایچ پی اور مائی ایس کیو ایل وغیرہ اب نہ صرف ونڈوز کے لئے بھی دستیاب ہیں بلکہ ان کی کارکردگی بھی لینکس سے کسی طرح کم نہیں۔ اسی طرح کچھ تھرڈ پارٹی ٹولز کی مدد سے اے ایس پی اور اے ایس پی ڈاٹ نیٹ کو لینکس پربھی استعمال کی جاسکتا ہے۔
مائیکروسافٹ ونڈوز چونکہ ایک مہنگا سافٹ ویئر ہے اور ہوسٹنگ کمپنی اس کے لائسنس خرید کر اپنے سرورز میں انسٹا ل کرتی ہے اس لئے اس کی ہوسٹنگ بھی قدرے مہنگی ہوتی ہے۔ اس کے مقابلے میں لینکس چونکہ تقریباً مفت ہے اس لئے اس کی ہوسٹنگ بھی سستی ہوتی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ فرق بہت کم ہوتا جارہا ہے کیونکہ اب بہت طاقتور سرورز دستیاب ہوگئے ہیں جو کہ ایک ہی وقت میں ہزاروں بلکہ لاکھوں ویب سائٹ رن کرسکتے ہیں۔ اس لئے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے مہنگے ہونے کا نزلہ صارف پر نہیں گرایا جاتا۔
بہرحال، آپ اپنی ویب سائٹ کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ویب سرور کے آپریٹنگ سسٹم کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔ غلط انتخاب کی صورت میں ویب سائٹ ناقابل یقین حد تو پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
کنٹرول پینل
کنٹرول پینل ایسا انٹرفیس جو آپ کو ویب سرور کے مختلف فیچر تک آن لائن، تیز رفتار اورآسان رسائی فراہم کرتا ہے۔ بیشتر ہوسٹ گرافک یوزر انٹرفیس طرز کے کنٹرول پینل مہیا کرتے ہیںجو ای میل مینجمنٹ، ویب سائٹ کی شماریات، ڈیٹابیس ایڈمنسٹریشن، بینڈ ودتھ اور کئی ایک دوسرے فیچرز تک آپ کی رسائی یقینی بناتے ہیں۔ ویب سرور کے آپریٹنگ سسٹم کی طرح ان کی بھی مختلف اقسام ہیں، جیسے سی پینل ، این سم، ہیلم اور پلیسک۔ سی پینل کا انٹر فیس استعمال کنندہ دوست ہے اور یہی سب سے زیادہ استعمال کیا جا تاہے۔ اپنی متوقع ہوسٹنگ کمپنی سے اس کے متعلق بھی دریافت کریں۔
ٹیکنیکل سپورٹ
آپ جس ہوسٹ کا انتخاب کرنے جا رہے ہیں کیا وہ آپ کو ٹیکنیکل سپورٹ مہیا کرے گا؟ کیا مدد 24/7 مہیا کی جائے گئی؟ مدد کس ذریعے سے فراہم کی جائے گی؟ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ٹیلی فونک رابطے کی اہمیت کسی سے پو شیدہ نہیں۔ اپنے ہوسٹ سے دریافت کریں کہ آیا وہ ٹیلی فونک مدد فراہم کریں گے اور اگر ٹول فری نمبر مدد کے لیے مختص کیا گیا ہو تو یہ اضافی خوبی ہو گی۔ بعض بہترین ویب ہوسٹ آپ کو براہِ راسٹ چیٹ کے ذریعے بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔ ٹیکنیکل سپورٹ کے معیار کو جانچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اتوا ر کو دوپہر میں کال کریں یا چیٹ کے ذریعے معلوم کریں کہ آپ کو کتنی دیر میں جواب ملتا ہے۔ کچھ ہوسٹ نہایت سستی ہوسٹنگ مہیا کرتے ہیں لیکن مدد کی مد میں ٹھیک ٹھاک قسم کا بِل آپ کے کھاتے میں ڈال دیتے ہیں۔ میں تو آپ کو ان سے بچنے کا مشورہ ہی دوں گا۔
اکثر ایسی کمپنیاں جو ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے ساتھ متعلقہ مواد یاآن لائن FAQsفراہم کرتی ہیں کی سپورٹ نسبتاً اپنے حریفوں سے بہتر ہوتی ہے اور اگر آپ ہوسٹنگ کمپنی کی سائٹ پر رابطے کا کوئی ذریعہ نہ پائیں تو دوبارہ سائٹ وزٹ کرنے کی زحمت نہ کریں ۔
بیک ا پ ٹائم
گو کہ آپ اپنی ویب کا بیک اپ ہارڈ سک پر رکھتے ہیں لیکن اگر آپ سائٹ میں آن لائن ردوبدل کرتے رہتے ہیں تو یقینا آپ چاہیں گے کہ آپ کی سائٹ کا بیک اپ بھی رکھا جائے۔ اپنے متوقع ہوسٹ سے دریافت کریں کہ وہ ایک ماہ میں کتنی مرتبہ سائٹس کا بیک اپ لیتے ہیں ۔نیز، اگر آپ ڈیٹا بیس بھی استعمال کررہے ہیں تو ڈیٹا بیس کے بیک اپ کے بارے میں ضرور دریافت کرلیں۔ ڈیٹا بیس کا کریش ہوجانا ایک عام بات ہے۔ خصوصاً مفت ڈیٹا بیس منیجمنٹ سسٹم میں۔ ا یسی صورت میں ڈیٹا بیس کا بیک اپ ہی آپ کی جان میں جان لا سکتا ہے۔ اچھے ہوسٹس روزانہ ویب سائٹ اور ڈیٹا بیس کا بیک اپ لیتے ہیں ۔ کچھ ہوسٹ ہفتے میں اور کچھ ہر ماہ بیک اپ لیتے ہیں۔ آپ کو ایسی کمپنی سے ہوسٹنگ خریدنی چاہئے جو کہ کم از کم ہفتے میں ایک بار ضرور بیک اپ لیتی ہو۔
ایس ایس ایل سیکورٹی اور شاپنگ کارٹ
اگر آپ ای کامرس پر مبنی ویب سائٹ بنا رہے ہیں یا آپ اپنی سائٹ سے ایسا ڈیٹا ارسال کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے بہت زیادہ سکیورٹی درکار ہے تو سکیور ساکٹ لیئر آپ کی ضرورت ہے۔ یہ دراصل ایک پروٹوکول ہے جو سائٹس کو http:// کی بجائے https:// میں دکھاتا ہے۔ اس پروٹوکول میں سرور سے ڈیٹا صارف تک انکرپٹڈ شکل میں منتقل ہوتا ہے۔ اس طرح ہیکنگ اور کریکنگ وغیرہ سے بچت ہوجاتی ہے۔ اگر آپ کی سائٹ پر کریڈٹ کارڈ یا شاپنگ کارٹ کا استعمال کیا جائے گا تو ایس ایس ایل ناگزیر ہے۔ صارفین کسی بھی ایسی ویب سائٹ پر اپنی کریڈٹ کارڈ انفارمیشن کبھی بھی نہیں دیتے جو کہ ایس ایس ایل کی حامل نہ ہو۔
ای میل اکاؤنٹ
اگر آپ اپنی سائٹ بنا رہے ہیں تو یقینا آپ اپنے ڈومین ای میل اکاؤنٹ بنا نا پسند کریں گے۔ کیا آپ کو ہوسٹنگ کے ساتھ ای میل اکاؤنٹ مہیا کیا جائے گا؟ کیا آپ کو آٹو رسپناڈر اور میل فاروڈنگ جیسی سہولیات مہیا کی جائیں گی؟ کیا آپ اپنی میلز کسی ای میل کلائنٹ کے ذریعے وصول کر سکیں گے؟ عام طور پر ہوسٹنگ کے ساتھ دس ای میل اکاؤنٹ مہیا کیے جاتے ہیں اگر آپ کو اس سے زیادہ اکاؤنٹس درکار ہوں تو ان کے کیا اخراجات ہوں گے؟ اس طرح کے تمام سوالات ہوسٹنگ کمپنی سے ضرور پوچھیں۔
bohot aalaa kaam hai….:) bohot bohot shukriya
جزاک اللہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
salam. plz send us your magzain. thanks
Mohammad ahmad c/o Rahmet ullah post man GPO layyah
Nice to see your work.
found great … it is increasing my knowledge … now days i am a regular visitor of your website