’’فی لپ‘‘ کلائی پر باندھنے والی ایک گھڑی جیسی ڈیوائس ہے۔ اس میں جی پی ایس لوکیٹر (GPS Locator) اور فون بھی موجود ہے جنھیں آئی او ایس یا اینڈروئیڈ ایپلی کیشن کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ڈیوائس کو کنٹرول کرنے کے لیے اس کی ایپلی کیشن فون میں انسٹال کی جاتی ہے اور پھر اس کا مقام جاننے کے لیے ایپلی کیشن استعمال کی جاتی ہے۔ اس میں وائس کالنگ بھی دستیاب ہے۔ اس کے ذریعے کال کی بھی جا سکتی ہے اور اس پر کال وصول بھی کی جا سکتی ہے لیکن صرف پانچ مخصوص نمبروں سے۔ اس میں کوئی سے بھی پانچ نمبرز شامل کیے جا سکتے ہیں۔ اس پر یکطرفہ ٹیکسٹ میسج بھی بھیجے جا سکتے ہیں جو کہ ڈیوائس کی اسکرین پر ظاہر ہوتے ہیں۔
اس میں آپ ایک مخصوص ایریانشان زدہ کر سکتے ہیں۔ مثلاً اپنی بلڈنگ یا بلڈنگ کا قریبی کچھ ایریا، اگر ڈیوائس اس ایریا سے باہر جائے گی تو فوراً فون پر اس کا الرٹ آجائے گا۔ اس ڈیوائس میں جی پی ایس، جی ایس ایم اور وائی فائی موجود ہے جس کے ذریعے کسی بھی وقت اس کے مقام کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے بطور گھڑی بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جو وقت اور تاریخ بتاتی ہے۔ اس ڈیوائس میں ری چارج ایبل بیٹری استعمال کی گئی ہے جس کا اسٹینڈ بائی ٹائم 48 گھنٹے ہے۔
چونکہ بچے ہر چیز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے اسے خراب کرنے کے ماہر ہوتے ہیں اس لیے اس ڈیوائس کو بنانے والی کمپنی نے ان والدین کی رائے حاصل کی جنھوں نے اپنے بچوں کے لیے اس ڈیوائس کو لیا تھا۔ پھر ان کی آرا کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کا یہ نیا ورژن 2 ریلیز کیا ہے جس میں کئی بہتریاں لائی گئی ہیں۔
فی لپ کا کلائی پر باندھنے والا بینڈ بہت ہی نرم ہے تاکہ بچوں کی بڑھوتری پر اثر انداز نہ ہو۔ بچے کی کلائی کی موٹائی کے حساب سے اسے سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ڈیوائس بچوں کے پسندیدہ مختلف رنگوں میں دستیاب ہے۔ اس پر ایمرجنسی کالنگ کا بٹن بھی موجود ہے۔ کسی بھی مدد کے لیے بچہ جب اس کے لال بٹن کوچار سیکنڈز تک دبا کر رکھے گا تو آپ کو فوراً ہی ہنگامی کال موصول ہو جائے گی۔ اگر پہلا کانٹیکٹ کال وصول نہ کر پایا تو یہ باری باری خود ہی پانچوں نمبرز پر کال کرے گی تاوقتیکہ کال اٹینڈ ہو جائے۔ اس کے علاوہ اس دوران یہ بچے کے بیک گراؤنڈ میں آنے والی آوازوں کو ریکارڈ کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اس کے علاوہ ہر 60 سیکنڈز میں بچے کے مقام کی نشاندہی فون پر بھیجتی رہے گی۔ یہ سلسلہ تب تک جاری رہے گا جب تک یہ ہنگامی صورت حال ڈیوائس پر بند نہ کر دی جائے۔ اس کی اچھی بات یہ کہ فی لپ واٹر پروف بھی ہے۔ یعنی بچوں کی حفاظت کے لیے اس میں تمام آپشنز موجود ہیں۔
اسے استعمال کرنا بھی انتہائی آسان ہے۔ ڈیوائس خریدیں، اس کی ایپلی کیشن اپنے فون پر انسٹال کریں، فی لپ اکاؤنٹ بنائیں اور ڈیوائس آپ کے فون میں موجود ایپلی کیشن سے جُڑ جائے گی۔
فی لپ ڈیوائس تو بہت زبردست ہے لیکن فی الحال یہ صرف امریکا اور انگلینڈ میں دستیاب ہے۔ ہمارے رابطہ کرنے پر ان کی سپورٹ ٹیم نے ہمیں بتایا کہ کمپنی کا اسے دیگر ممالک میں متعارف کرانے کا بھی ارادہ ہے جس پر کام ہو رہا ہے۔
قیمت:
یہ ڈیوائس 150 امریکی ڈالر یعنی لگ بھگ پندرہ ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہے۔
آن لائن خریدیں
فی الحال یہ ڈیوائس AT&T نیٹ ورک کے ساتھ دستیاب ہے۔ اس کی ماہانہ فیس 10 امریکی ڈالر ہے جس میں لامحدود انٹرنیٹ ڈیٹا اور کالز ملتی ہیں۔
اسلام علیکم ،
اپ کا آرٹیکل بہت اچھا ہے اور آج کل کے حالات کے مطابق ہے …
اپ شاید devices کے نام ڈالنا بھول گئے ہیں ..براے مہربانی ان کو mention کر دیں …
تھنکس …
شکریہ، آپ نے شاید مضمون کا صرف پہلا صفحہ ملاحظہ کیا ہے، برائے مہربانی اگلے صفحات پر جا کر مکمل مضمون پڑھیں۔