ویسپا کا پہلا الیکٹرک اسکوٹر، جو ایک مرتبہ چارج ہوکر چلے 100 کلومیٹر

ایک سال پہلے ویسپا نے اپنی پہلے الیکٹرک اسکوٹر کا اعلان کیا تھا اور آج اس کو بنانے والے ادارے پیاجیو نے میلان موٹرسائیکل شو میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کر ڈالا ہے۔ ویسے اس کی قیمت تو نہیں بتائی گئی اور نہ ہی دستیابی کی کوئی تاریخ، لیکن یہ ضرور معلوم ہے کہ اگلے سال موسم بہار میں اس کے لیے آرڈر لیے جائیں گے۔

ویسپا الیٹریکا (Elettrica) نامی یہ اسکوٹر 100 کلومیٹر کی رینج رکھتا ہے۔ بجلی سے چلنے والی بیشتر گاڑیوں کی طرح یہ رینج اوپر نیچے ہو سکتی ہے کیونکہ اس کا انحصار آپ کے چلانے کے انداز پر ہوتا ہے۔ پیاجیو کا کہنا ہے کہ الیٹریکا کسی بھی 50 سی سی اسکوٹر سے بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے۔ ماحول کو آلودگی سے بچانے میں اس کا کردار اہم ہوگا اور یہ شہری ماحول کے لیے بہترین ہے۔

ادارے کے مطابق عام چارجنگ آؤٹ لیٹ سے الیٹریکا کی بیٹریوں کو صرف چار گھنٹے میں مکمل چارج کیا جا سکتا ہے۔ اس کی بیٹریوں کی زندگی 10 سال، یا 50 سے 70 ہزار کلومیٹر کا سفر، ہوگی۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ ایک ہزار چارج سائیکلز کے بعد یہ بیٹریاں اپنی اصل گنجائش کی 80 فیصد کارکردگی دکھائيں گی۔ البتہ بیٹریاں تبدیل کرنے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

vespa elettrica

اگر آپ ہماری طرح مکمل طور پر بجلی سے چلنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے خوف کھاتے ہیں تو زیادہ پریشان مت ہو۔ ویسپا نے ایک ہائبرڈ ورژن کا بھی اعلان کیا ہے جسے ‘الیٹریکا ایکس’ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی رینج 200 کلومیٹر ہوگی اور یہ اسکوٹر بجلی کے ساتھ ساتھ پٹرول سے بھی چلے گا۔

ویسے الیٹریکا میں 4.3 انچ کا ٹی ایف ٹی کلر ڈسپلے بھی ہوگا جو ہینڈل بار میں نصب ہوگا۔ اس میں اسکوٹر کی رفتار، رینج اور چارج سب کچھ ظاہر ہوگا۔ بلوٹوتھ کے ذریعے آپ اسے اسمارٹ فون سے بھی منسلک کر سکتے ہیں اور یوں آنے والے پیغامات اور فونز کالز کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ اس پر اسکوٹر کے بارے میں اضافی معلومات اور نقشے پر اپنے مقام کے بارے میں بھی جان پائيں گے۔

ویسپا ایک خصوصی ہیلمٹ بھی تیار کر رہا ہے جس میں بلوٹوتھ اسپیکر اور مائیکرو فون ہوں گے، جن کی مدد سے آپ وائس اسسٹنٹ اور میوزک کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔

ویسپا دنیا کا سب سے مشہور اسکوٹر برانڈ ہے اور بظاہر الیٹریکا اس کی ایک زبردست پروڈکٹ لگتی ہے۔ اس کی رینج اور طاقت اسے دنیا کے بہترین الیکٹرک اسکوٹرز میں سے ایک بناتی ہے لیکن اصل مسئلہ ہے قیمت، جس کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں معلوم۔ لیکن اندازہ یہی ہے کہ یہ مارکیٹ میں موجود دیگر الیکٹرک اسکوٹرز کے مقابلے میں سستا نہیں ہوگا۔

الیکٹرک اسکوٹرموٹر سائیکلویسپا