تصاویر کا سائز کم کرنے والے سافٹ ویئر، ایپلی کیشنز اور آن لائن ویب سائٹس تو آپ نے بہت دیکھی ہوں گی لیکن تصاویر کے سائز کو بڑھانے والی سروسز انتہائی نایاب ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ تصاویر کے سائز کو بڑھانے یعنی انھیں اَپ اسکیل کرنے کے لیے خاص الگورتھم تیار کرنا پڑتا ہے تاکہ تصویر کا معیار انتہائی کم متاثر ہو اور یہ اپنی مکمل تفصیلات کے ساتھ بڑے سائز میں منتقل ہو جائے۔
اکثر غیر واضح تصاویر کو درست طریقے سے سمجھنے کے لیے ہم ان کا سائز بڑھانا چاہتے ہیں، اگر یہ کام کسی گرافکس سافٹ ویئر سے کیا جائے تو اکثر تصویر کا معیار متاثر ہو جاتا ہے۔ آج کل تو انتہائی زبردست کیمرے ہر کسی کی دسترس میں ہیں لیکن کچھ عرصہ پہلے ہمارے پاس فون میں انتہائی بنیادی قسم کا کیمرا موجود ہوتا تھا جس سے بنی تصاویر آج کل کی تصاویر کے تھمب نیل کے برابر ہوتی ہیں۔
بہرحال اگر آپ کسی تصاویر کا سائز بڑھانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ’’اے شارپر اسکیلنگ‘‘ (A Sharper Scaling) پروگرام اپنی خدمات مفت پیش کرتا ہے۔تصاویر کو بڑے سائز میں لانے کے لیے اس پروگرام میں درج ذیل تکنیکس استعمال کی جاتی ہیں:
Pixel repetition
Bilinear interpolation
Bicubic interpolation
یہ پروگرام کسی تصویر کو 300 فیصد بڑے سائز میں منتقل کر سکتا ہے۔ کسی بھی تصویر پر کام کرتے یہ پروگرام آپ کو ابتدائی تصویر اور کام کرنے کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کا موازانہ کر کے دِکھاتا رہتا ہے۔
اس پروگرام کو استعمال کرنےکے لیے آپ کے کمپیوٹر میں ڈاٹ نیٹ فریم ورک 3.5 کا انسٹال ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ پروگرام کو استعمال کرنے سے پہلے اس کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کا ضرور مطالعہ کر لیں۔ جہاں سب سے اہم بات یہ لکھی ہے کہ یہ پروگرام کام کرنے کے لیے بائنری فائلز ڈاؤن لوڈ کرتا ہے اس لیے آپ کا اینٹی وائرس اسے وائرس سمجھ سکتا ہے، جبکہ پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ یہ بالکل وائرسز سے پاک ہے۔
درج ذیل ربط سے یہ پروگرام مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے:
a-sharper-scaling.com
یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی