پاکستان ٹیلی کام سیکٹر میں یوفون کا نمایاں مقام ہے۔ حال ہی میں یوفون کی جانب سے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ملک بھر کی جامعات سے منتخب نوجوان طلبا کے سمر انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس پروگرام کے لیے ملک کی تقریباً تمام بڑی جامعات سے 1300 سے زائد طلبا نے اپلائی کیا تھا۔ جبکہ ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد میرٹ کی بنیاد پر 41 طلبا منتخب کیے گئے تھے۔
یوفون کی پریس ریلیز کے مطابق انٹرن شپ پروگرام کے لیے منتخب ہونے والے طلبا کا تعلق ملک بھر کی مختلف جامعات سے تھا، جن میں لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز (لمز)، لاہور اسکول آف اکنامکس، کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ، شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)، فاسٹ یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، اور غلام اسحاق انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
حسبِ معمول، اس پروگرام کا امتیازی پہلو طلبا کی جانب سے 24 گھنٹے سماجی کاموں میں شرکت تھی۔ اس ضمن میں اسلام آباد کے طلبا نے ایک مہم کے تحت 80 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے میں چھتریاں اور پانی کی بوتلیں تقسیم کیں جس کا مقصد ان کی خدمات کو سراہنا تھا۔
کراچی کے طلبا نے شہر کو سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری کی مہم چلائی جس میں شہر بھر میں بیج بوئے گئے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کے لیے افراد کا تقرر کیا گیا۔
لاہور کے طلبا نے یوفون کے غیر انتظامی عملے کی محنت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مہم میں حصہ لیتے ہوئے انھیں شکریے کے کارڈز دیے۔