بینک کارڈز کے ذریعے رقم کی ادائیگی دنیا بھر میں عام ہے۔ یہ ایسی سہولت ہے جو انسان کو ہر جگہ رقم لیے پھرنے سے نجات دلا دیتی ہے۔ آج کل چونکہ تقریباً ہر جگہ بینک کارڈز کے ذریعے ادائیگی قبول کی جاتی ہے اس لیے اس کا استعمال انتہائی بڑھ چکا ہے۔اب کانٹیکٹ لیس کارڈ بھی موجود ہیں جنھیں مشین میں ڈالنے یا سوائپ کرنے کی بھر ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ مشین انھیں صرف چھو کر ان میں موجود رقم حاصل کر سکتی ہے۔ اس طرح کسی پِن یا دستخط کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔
اب موبائل فون کے ذریعے بھی پیسوں کا لین دین ممکن ہے اور اس کے لیے NFC تکنیک استعمال کی جاتی ہے جس کا مطلب near field communication ہے۔
اس طرح جب ایک اس سہولت کا حامل کریڈٹ کارڈ NFC ڈیوائس کے قریب آتا ہے تو ڈیوائس کارڈ سے مطلوبہ رقم حاصل کر سکتی۔
مثلاً ایک ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد ضروری نہیں کہ گاہک بل دینے کے لیے اپنا کریڈٹ کارڈ ویٹر کے حوالے کرے، بلکہ ویٹر این ایف سی کی حامل مشین گاہک کے قریب لا کر کریڈٹ کارڈ کو چھوئے بغیر اپنا بل حاصل کر سکتا ہے۔
ایسی ڈیوائس جو بغیر چھوئے بینک کارڈ کی تفصیلات کاپی کر سکتی ہے
ایک این ایف سی ڈیوائس کریڈٹ کارڈ کی کون کون سی معلومات حاصل کرتی ہے؟ اگر آپ یہ جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو یہ کام اپنے اسمارٹ فون سے بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کے فون میں NFC کی سپورٹ موجود ہونی چاہیے جو کہ آپ درج ذیل ربط سے جان سکتے ہیں:
nfcworld.com/nfc-phones-list
اس کے بعد آپ کو Credit Card Reader NFC (EMV) ایپلی کیشن درکار ہو گی جو گوگل پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔
اس کے بعد NFC کی سپورٹ کا حامل کریڈٹ کارڈ اب آپ فون کے پاس لا کر اس ایپلی کیشن کے ذریعے تمام تفصیلات جیسے کہ کریڈٹ کارڈ کا نمبر، مالک کا نام، کارڈ ایکسپائر ہونے کی تاریخ، CVC/CVV کوڈ اور آخری خریداریوں کی تفصیل جیسی اہم معلومات بھی باآسانی جان سکتے ہیں۔
اکثر لوگوں کے پاس کارڈ خراب ہو جاتا ہے اورا س پر لکھی تفصیلات مٹ جاتی ہیں، ایسی صورت میں آن لائن شاپنگ مشکل ہو جاتی ہے کیونکہ کارڈ پر لکھے نمبرز اگر یاد نہ رہیں تو انھیں پڑھنا کافی مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں اس ایپلی کیشن سے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی