آپ شاید جانتے ہوں یا نہیں لیکن گوگل کمپنی اپنے ملازمین کو نت نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کا موقع دیتی ہے۔ ملازمین کے ایسے پروجیکٹس جو گوگل خود جاری نہیںکرتا انھیں ایک ذیلی کمپنی Area 120 کے تحت جاری کیا جاتا ہے۔ گوگل ایریا120 کے تحت اب پہلا پروجیکٹ عوام کے لیے پیش کیا گیا ہے اور وہ پروجیکٹ بھلا کیا ہے؟ جناب وہ ہے ایک چیٹ ایپلی کیشن۔ جی ہاں ایک عدد اور چیٹ ایپلی کیشن۔ لیکن یہ ایپ ذرا مختلف اور آج کل کی نوجوان نسل کی عادتوں کی صحیح عکاس ہے۔ وہ اس طرح کے یہ ایپ دراصل ہے تو وائس میسجنگ ایپلی کیشن لیکن اس میں مزیدار بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے بولے گئے پیغامات کو سننے کے علاوہ پڑھا بھی جا سکتا ہے۔ یعنی اگرکوئی آپ کا پیغام فی الحال سُن نہیں سکتا تو پڑھ ضرور سکتا ہے۔
اس ایپ میں ایک دلچسپ چیز یہ ہے کہ یہ بولے گئے تمام الفاظ کو سمجھ کر کچھ الفاظ کو ایموجیز سے بھی بدل دیتی ہے۔ مثلاً اگر آپ نے بولا کہ آپ بہت خوش ہیں تو یہ آواز کو چیٹ میں بدلتے ہوئے خوشی کے موقع پر ہنستا مسکراتا چہرہ لگا دے گی۔
یقیناً اب آپ سمجھ چکے ہوں گے کہ کس طرح یہ ایپ آج کل کی نوجوان نسل کے اعتبار سے بالکل موزوں ہو گی جو لمبے پیغامات ٹائپ کرنا نہیں چاہتی بلکہ ریکارڈ کرنا چاہتی ہے۔ اس کے علاوہ جگہ جگہ ایموجیز کا استعمال بھی آج کل کے نوجوانوں کا پسندیدہ کام ہے۔
اس ایپ میں اسنیپ چیٹ کا مقبول عام فیچر بھی کاپی کیا گیا ہے وہ یہ کہ اس کے ذریعے بھیجے گئے آپ کے آڈیو پیغامات جب وصول کرنے والا سُن لے گا تو وہ خود بخود فوری حذف ہو جائیں گے۔ یعنی آپ کو کسی سے کہنا نہیں پڑے گا کہ ’’سُن کر ڈیلیٹ کر دینا۔‘‘
لیجیے ابھی تک ہم نے آپ کو اس زبردست ایپلی کیشن کا نام تو بتایا ہی نہیں، تو جناب اس ایپ کا نام ہے ’’سُپر سونک‘‘ (Supersonic)۔ یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور آئی ٹیونز پر دستیاب ہو چکی ہے اور آپ اسے مفت انسٹال کر سکتے ہیں۔ اینڈروئیڈ یا آئی فون پر اسے انسٹال کرنے کے لیے ذیل میں دیا گیا اس کا درست نام لکھ کر تلاش کریں یا اس کی آفیشیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
Supersonic Fun Voice Messenger
besupersonic.com
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی
this item is not available in your country (Ye error araha he)