اگر آپ کی جیب میں پیسہ ہے تو آپ بی ایم ڈبلیو کی وہی Z8 روڈسٹر خرید سکتے ہیں جو کبھی اسٹیو جابس کی ملکیت ہوتی تھی۔
ایپل کے بانی اسٹیو جابس اس گاڑی کے پہلے مالک تھے جو اب 6 دسمبر سے نیو یارک میں نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ 3 سے 4 لاکھ ڈالرز کے درمیان کسی قیمت پر نیلام ہو جائے گی۔ یعنی اکتوبر 2000ء میں جابس نے جو قیمت ادا کی تھی، اس سے کم از کم دوگنی۔
یہ خوبصورت کار جابس نے تین سال استعمال کرنے کے بعد فروخت کردی تھی۔ اس سلور رنگ کی کنورٹیبل کار کے ساتھ اس کی پرانی کیلیفورنیا رجسٹریشن بھی ہے جو "Jobs, Steven P.” کے نام سے ہے جبکہ ڈسپلے میں موٹورولا کا اصل فلپ فون بھی موجود ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جابس کو سخت ناپسند تھا۔
ویسے اسٹیو جابس کاروں کے زیادہ شوقین نہیں تھے، لیکن انہیں جرمن ڈیزائن پسند تھے۔ ان کے پاس مرسڈیز بینز بھی تھی اور بی ایم ڈبلیو موٹر سائیکلیں بھی ۔ یہ Z8 خریدنے کے لیے ارب پتی لیری ایلی سن نے انہیں قائل کیا تھا کیونکہ ان کے خیال میں یہ جدید کار تو ہے ہی لیکن ایپل کی مصنوعات اور جابس کی شخصیت سے بھی میل کھاتی ہے۔ آج یہ گاڑی 15 ہزار میل چلی ہوئی ہے۔
2000ء میں جب اسٹیو جابس ایپل کے نئے سی ای او بنے تھے تو انہوں نے یہ Z8 ایک لاکھ 29 ہزار ڈالرز میں خریدی تھی۔ آج عموماً یہ گاڑی 2 لاکھ ڈالرز تک میں فروخت ہوتی ہے۔ دیکھتے ہیں جابس کے نام سے اس گاڑی کی کتنی رقم لگائی جاتی ہے؟