تعارف:
سافٹ ویئر پیچز یا اپ ڈیٹس کیا ہوتے ہیں؟
جس طرح کپڑوں میں پیدا ہونے والے چھید یا سوراخ کو بند کرنے کیلئے چھوٹے کپڑے کے ٹکڑے کی مدد سے پیوند لگایا جاتا ہے اسی طرح سافٹ ویئر میں دریافت ہونے والی خرابیوں کودور کرنے کیلئے سافٹ ویئر پیچز یا اپ ڈیٹس استعمال کئے جاتے ہیں۔ یہ ایک بڑے پروگرام کے لیے لکھا جانے والا ایک چھوٹا پروگرام ہوتا ہے جس میں بڑے پروگرام کے صرف اس حصے کو ضرورت کے مطابق تبدیل کیا جاتا ہے جس میں خرابی تھی۔ اس کی ایک مثال ونڈوز کی ہے جس کے لئے اکثر و بیشتر اپ ڈیٹس اور پیچز جاری کئے جاتے رہتے ہیں۔ یہ اپ ڈیٹس آپ کے مجموعی سسٹم کو متاثر کئے بغیر آپریٹنگ سسٹم کے اس حصے کو ٹھیک کرتے ہیں جہاں خرابی موجود ہوتی ہے۔
یوں تو سافٹ ویئر پیچز اور اپ ڈیٹس کی مختلف اقسام ہیں لیکن ان میں سرفہرست سیکورٹی پیچز اور اپ ڈیٹس ہیں۔ سافٹ ویئر بنانے والے ادارے کبھی تو صرف پیچ اور اپ ڈیٹ ہی ریلیز کرتے ہیں اور کبھی اپنے سافٹ ویئر کا نیا اپ گریڈڈ ورژن ریلیز کردیتے ہیں جس میں پرانے ورژن میں موجود اس وقت تک کی دریافت شدہ تمام خرابیوں کو دور کردیا جاتا ہے۔
پیچزاور اپ ڈیٹس کی معلومات کیسے حاصل کی جائیں؟
سافٹ ویئر پیچز اور اپ ڈیٹس کی معلومات حاصل کرنے کے کئی ذرائع ہیں۔ جب بھی سافٹ ویئر کمپنی اپنے کسی سافٹ ویئر کا کوئی پیچ یا اپ ڈیٹ تیار کرتی ہے تو اسے اپنی ویب سائٹ پر ضرور رکھتی ہے کہ یوزر وہاں سے ڈاؤن لوڈ کر لیں۔ یہ بہت ہی ضروری ہے کہ آپ اپنے زیر استعمال سافٹ ویئر کا پیچ ریلیز ہونے کے فوراً بعد اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرلیں تاکہ آپ کا کمپیوٹر مذکورہ خرابی (vulnerability) سے پاک ہوسکے جس کی مدد سے ہیکرز یا دیگر برے لوگ فائدہ اٹھا کر آپ کے کمپیوٹر سے قیمتی معلومات چراسکتے ہیں یا آپ کے کمپیوٹر کو اپنے غلط مقاصد کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔
اکثر سافٹ ویئر میں یہ خاصیت اس کے بنانے والوں کی طرف سے پہلے سے رکھی جاتی ہے کہ وہ ایک مخصوص عرصے کے بعد انٹرنیٹ کے ذریعے خود بخود پیچز اور اپ ڈیٹ چیک کرتے ہیں۔ اس کی سب سے اچھی مثال اینٹی وائرسز کی دی جاسکتی ہے جو دن میں کئی بار انٹرنیٹ کے ذریعے نئی اپ ڈیٹس چیک کرتے ہیں۔ اکثر سافٹ ویئر تیار کرنے والے ادارے اپنے صارفین کو یہ سہولت بھی مہیا کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں ان کی جاری کی جانے والی ای میل لسٹ کیلئے رجسٹر ہوجائیں جس میں انہیں بتایا جاتا ہے کہ کس سافٹ ویئر کا کون سا پیچ یا اپ ڈیٹ ریلیز کیا گیاہے۔ اگر آپ کے زیراستعمال سافٹ ویئر کیلئے اس قسم کے ذرائع موجود ہیں تو آپ ان سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ اگر یہ ذرائع دستیاب نہ ہوں تو بہتر ہے کہ ایک مخصوص عرصے بعد اپنے زیر استعمال سافٹ ویئر تیار کرنے والے ادارے کی ویب سائیٹ چیک کر لیا کریں کہ آیا اس کیلئے کوئی نیا پیچ یا اپ ڈیٹ تو دستیاب نہیں ہے۔
یہ بھی بے حد ضروری ہے کہ سافٹ ویئر پیچزاوراپ ڈیٹس صرف ایسی ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کئے جائیں جو قابل اعتماد ہوں۔ کبھی بھی کسی غیر معروف اور اجنبی ویب سائٹ سے کوئی بھی سافٹ ویئر اور پیچز ڈاؤن لوڈ مت کریں۔ انٹرنیٹ پر بہت سی ایسی ویب سائٹ موجود ہیں جو لاعلم لوگوں کو پیچز یا اپ ڈیٹس کا جھانسا دے کر ان کے کمپیوٹرز کو وائرس سے متاثر کرتی ہیں۔ بالکل ایسے ہی کسی ای میل کے ذریعے بطور اٹیچمنٹ آنے والے پیچ یا اپ ڈیٹ پر آنکھ بند کرکے یقین مت کریں جو کہ آپ کے زیر استعمال سافٹ ویئر تیار کرنے والے ادارے کی جانب سے نہ ہو، اکثر اوقات اپ ڈیٹ یا پیچ کے نام پر آنے والے یہ اٹیچمنٹ وائرس ہی نکلتے ہیں۔
اگر آپ کو کوئی ایسی ای میل موصول ہو جس میں مختلف پیچز یا اپ ڈیٹس ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے روابط مہیا کئے گئے ہوں، تو برائے مہربانی ان پر کسی بھی صورت میں کلک مت کریں۔ اکثر اوقات ہیکرز اور سائبر تخریب کار ای میل میں ایسے روابط مہیا کرتے ہیں جن کا منبع Malicious ویب سائٹس ہوتی ہیں، جہاں وائرس، ورمزاور اسپائی وئیرز وغیرہ کو مختلف سافٹ ویئر کے پیچز، اپ ڈیٹس یا مشہور سافٹ ویئرز کا نام دے کر رکھا جاتا ہے۔ معصوم یوزرز دھوکے میں آکر ان تخریبی مواد کو ڈاؤن لوڈ کرکے انسٹال کرلیتے ہیں اور بے خبری میں ان کا شکار بن جاتے ہیں۔
السلام علیکم
کمپوٹر ماہنامہ کمپوٹر سیکھنے والوں کے لئے ایک معلوماتی سائیڈ ہے -اسے کامیابی کے ساتھ اپ ڈیٹ کرتے رہیں-