موسم سرما کی ایک یخ بستہ صبح ہو، چھٹی کا دن ہو اور آپ عادتاً صبح سویرے اٹھے ہیں۔ آپ کو چاہیے چائے کا ایک کپ، نرم و ملائم کمبل، ایک کتاب اور اس کے صفحات کو پلٹتے ہوئے جیسے ہی پہلی چسکی آپ لیں، اندازہ ہو کہ یہ تو ٹھنڈی ہوگئی۔ اب کمبل چھوڑ کر دوبارہ چائے گرم کرنے کا سوچنا ایک مشکل کام لگتا ہے۔ اس مسئلے کا حل نکال رہا ہے لاس اینجلس میں قائم ایک اسٹارٹ اپ امبر (Ember)، جس کی نئی پیشکش ہے امبر سیرامک مگ۔
یہ اسمارٹ مگ، بلوٹوتھ کے ذریعے آپ کے فون سے منسلک ہو سکتا ہے اور چائے کو ٹھیک اس درجہ حرارت پر گرم رکھ سکتا ہے جتنا آپ پسند کرتے ہیں اور یہ کام آپ کریں گے اپنے اسمارٹ فون سے، ہے نا دلچسپ!
اس میں زیادہ سے زیادہ 145 درجے فارن ہائٹ یعنی 62 درجہ سینٹی گریڈ تک کا درجہ حرارت سیٹ کیا جا سکتا ہے اور ایک مرتبہ آپ کے مطلوبہ درجہ حرارت تک پہنچنے کے بعد یہ مگ اس درجہ حرارت کو آٹھ گھنٹے تک برقرار رکھ سکتا ہے۔
بظاہر تو یہ عام سا کپ لگتا ہے لیکن اس کے نیچے ہے دہرا اسٹین لیس اسٹیل اور سیرامک، اور ساتھ ہی ایک پیچیدہ ٹیکنالوجی جو اسے کارگر بناتی ہے۔ کپ کے نچلے حصے میں ایک مائیکروپروسیسر ہے جسے چار سینسر درجہ حرارت کے بارے میں معلومات دیتے ہیں۔ اسے ریچارج کرنا بھی بالکل آسان ہے، اسے پلیٹ پر رکھ دیں، جو اس کے ساتھ ہی ملے گی، اور یہ ریچارج ہو جائے گا۔
اس کا سیٹ اپ بالکل آسان ہے، ایپ ڈاؤنلوڈ کریں، کپ کو آن کریں اور دونوں کو پیئر کردیں۔ آپ اس کی ایل ای ڈی لائٹ کی روشنی بھی اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کر سکتے ہیں۔ ابتداء میں شاید صارفین کو اندازہ نہ ہو کہ ان کی چائے یا کافی کا مطلوبہ درجہ حرارت کتنا ہوتا ہے۔ لیکن ایمبر کی ایپ اسے بھی آسان بنا دیتی ہے اور ایک دو بار کے استعمال کے بعد آپ کو خود اندازہ ہو جائے گا۔
دو سال پہلے امبر نے اپنی پہلی پروڈکٹ جاری کی تھی جو آپ کے مشروبات کو مطلوبہ درجہ حرارت تک گرم یا ٹھنڈا کر سکتا تھا۔ لیکن یہ نیا ڈیزائن بالکل ویسا ہی ہے جیسا کپ ہم روزمرہ میں استعمال کرتے ہیں۔ اس کی قیمت 79 ڈالرز ہے اور یہ امبر کی ویب سائٹ کے علاوہ اسٹار بکس پر بھی دستیاب ہیں۔ ادارہ مستقبل میں ایسی ہی پلیٹیں، شیشے کے برتن اور گلاس تیار کرنا چاہتے ہیں۔
چلیں، اب میری ایک مشکل تو آسان ہوتی نظر آ رہی ہے۔ میں کام کرنے کے دوران ہمیشہ چائے پینا بھول جاتا ہوں اور جب نظر پڑتی ہے تو وہ چائے کی جگہ شربت بن جاتی ہے۔
یہ شاندار کپ خریدنے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ فرمائیے: