کئی سافٹ ویئر بشمول ونڈوز اپ ڈیٹس کے انسٹال ہونے کے بعد سسٹم ری اسٹارٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن سسٹم کو ری اسٹارٹ کرنا ہر وقت ممکن نہیں ہوتا، کیونکہ ہم کوئی ضروری کام کر رہے ہوتے ہیں۔ اگر آپ اسکائپ پر اہم میٹنگ میں مصروف ہوں یا سسٹم پر کوئی پریزینٹیشن دے رہے ہوں تو ری اسٹارٹ کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کچھ سافٹ ویئر تو اتنے ڈھیٹ ہوتے ہیں کہ زبردستی ونڈوز کو ری اسٹارٹ ہونے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کبھی غلطی سے بھی سسٹم کے شٹ ڈاؤن یا ری اسٹارٹ بٹن پر کلک ہو جاتا ہے تو کبھی کوئی تنگ کرنے کے لیے بھی سسٹم کے ساتھ یہ کر سکتا ہے۔
اس ساری صورت حال سے بچنے کے لیے ’’شٹ ڈاؤن گارڈ‘‘ نامی چھوٹا سا ٹول موجود ہے۔ یہ ٹول سسٹم کو غیرضروری شٹ ڈاؤن اور ری اسٹارٹ ہونے نہیں دیتا۔ اس کا چھوٹا سا تالے کی شکل والا آئی کن ٹاسک بار میں موجود رہتا ہے۔ اس پر کلک کرنے سے یہ آن ہو جاتا ہے اور اسی پر دوبارہ کلک کرنے سے اسے آف کیا جا سکتا ہے۔
اس کے آن ہونے کی صورت میں سسٹم کو ری اسٹارٹ یا شٹ ڈاؤن کریں تو یہ پروگرام ایک اسکرین دکھاتا ہے جس پر کینسل کے بٹن پر کلک کر کے واپس آیا جا سکتا ہے۔ انسٹالر کے علاوہ یہ پورٹ ایبل ورژن میں بھی دستیاب ہے۔