اسمارٹ فون کی آمد سے لاتعداد فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک فائدہ یہ ہے کہ اب ہر وقت دنیا بھر کا نقشہ آپ کی دسترس میں رہتا ہے۔ یہی نہیں اس نقشے پر آپ جب چاہیں اپنا موجود مقام بھی جان سکتے ہیں۔ یعنی اس میں بھٹکنے کی ضرورت نہیں بس ایک ٹچ سے آپ کا فون بتا سکتا ہے کہ آپ کس مقام پر موجود ہیں۔
چیٹنگ ایپلی کیشنز میں آپ دوستوں سے باتیں تو کرتے ہیں ہوں گے، تصاویر اور وڈیوز کا تبادلہ بھی کرتے ہوں گے لیکن آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ آپ ان کے ذریعے اپنے موجودہ مقام کا بھی دوسروں کو بتا سکتے ہیں۔
یہ سہولت تقریباً تمام بڑی میسجنگ ایپس میں موجود ہے جیسے کہ وٹس ایپ، وائبر، فیس بک مسینجر اور ٹیلی گرام وغیرہ۔
جب کسی کو اپنے موجودہ مقام سے آگاہ کرنا ہو تو چیٹ کرتے ہوئے جیسے آپ کسی کو تصویر بھیجتے ہیں بالکل اسی طرح مینو میں موجودہ مقام سے مطلع کرنے کا آپشن بھی ساتھ ہی موجود ہوتا ہے۔
اگر آپ زیادہ تر فیس بک استعمال کرنا پسند کرتے ہیں اور چیٹ کرنے کے لیے فیس بک مسینجر تو اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے آپ کسی بھی فیس بک دوست کو اپنے موجودہ مقام سے آگاہ کر سکتے ہیں چاہے ان کے پاس فیس بک مسینجر ایپلی کیشن انسٹال ہو یا نہیں۔
اگر ایپ انسٹال نہ ہو تو نقشے پر آپ کے موجودہ مقام کا لنک چیٹ میں بھیج دیا جائے گا جس پر کلک کرنے سے آپ کا دوست آپ کے مقام سے فوراً آگاہ ہو سکتا ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے نہ صرف لوکیشن سروسز کا فعال ہونا ضروری ہے بلکہ ایپ کو اس تک رسائی کی بھی اجازت دینا ہو گی۔ اسی صورت میں یہ فیچر کام کرے گا۔