سیلف ڈرائیونگ شٹل سروس کو پہلے ہی دن حادثہ

امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ایک سیلف ڈرائیونگ شٹل سروس کو اس وقت سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب آغاز کے پہلے ہی دن اس کی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔

فرانسیسی اسٹارٹ اپ ‘نیویا’ کی تیار کردہ اور نجی ادارے ‘کیولس’ کی ملکیت یہ شٹل سروس لاس ویگاس کے مرکز میں تقریباً ایک کلومیٹر کے علاقے میں مفت سروس پیش کررہی ہے۔ ادارے نے جنوری میں دو ہفتے تک پائلٹ ٹیسٹ کیا تھا اور اب توسیع شدہ نئے آپریشنز کا آغاز کرچکا ہے لیکن گزشتہ روز جیسے ہی سروس شروع ہوئی، پہلے ہی گھنٹے میں اس کی ایک گاڑی ایک بڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

ادارے کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ دراصل ٹرک ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا۔ خوش قسمتی سے شٹل کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا اور اس میں موجود 8 مسافر اور ٹرک ڈرائیور زخمی تک نہیں ہوئے۔

لاس ویگاس کی شہری حکومت کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں شٹل نے وہی کیا، جو اسے کرنا چاہیے تھا۔ وہ حادثے سے بچنے کے لیے رک گئی لیکن ٹرک نہیں رُکا اور شٹل کے سامنے والے حصے سے جا لگا۔ اگر ٹرک میں بھی ویسے ہی سینسر ہوتے تو یہ حادثہ روکا جا سکتا تھا۔ واقعے کے بعد دن بھر کے لیے شٹل سروس بند کردی گئي ہے جبکہ ڈرائیور کو عدالت میں طلب کرلیا گیا۔

گو کہ یہ معمولی حادثہ تھا جس میں کسی کا نقصان نہیں ہوا لیکن اس نئی جدت سے گھبرانے والے افراد کے لیے یہ اچھا نہیں جو ویسے ہی بغیر ڈرائیور کی گاڑیوں سے خوف کھا رہے ہیں۔ البتہ حکام کا کہنا ہے کہ سیلف ڈرائیونگ گاڑیاں جتنی زیادہ سڑک پر آئیں گی، یہ خوف کم ہوتا جائے گا۔

سیلف ڈرائیونگ