وٹس ایپ نے چیٹنگ کے جہاں کو ایک نیا رُخ دیا۔ پہلے چیٹ کرنے کے لیے ضروری ہوتا تھا کہ آپ دوسروں کو ایڈ کریں، جبکہ وٹس ایپ نے آپ کی فون بک کو استعمال کرتے ہوئے چیٹنگ کے اُصولوں کو بالکل بدل کر رکھ دیا۔ آج چیٹنگ کے لیے سب سے زیادہ وٹس ایپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ وٹس ایپ میں چونکہ گروپ چیٹ کی سہولت بھی موجود ہے اس لیے تقریباً سبھی اسمارٹ فون صارفین وٹس ایپ پر چیٹ کرتے ہوئے دِکھائی دیتے ہیں۔
چونکہ وٹس ایپ پر سارا دن گپ شپ جاری رہتی ہے اس لیے چیٹ میں کی گئی کسی پرانی بات تک پہنچنا کافی مشکل ہو جاتا ہے۔ اتنی لمبی چیٹ کو اسکرول کرتے ہوئے اوپر نیچے جا کر مطلوبہ بات کو تلاش کرنا کوئی آسان کام نہیں۔
آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ وٹس ایپ میں تلاش (Search) کی سہولت بھی موجود ہے۔ چونکہ زیادہ تر لوگ وٹس کی سیٹنگز میں زیادہ گہرائی تک نہیں دیکھتے اس لیے وہ اس آپشن سے بے خبر رہتے ہیں۔
وٹس ایپ میں اب ایک ساتھ تمام چیٹس میں سرچ کیا جا سکتا ہے اور کسی مخصوص چیٹ میں بھی تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اگر تمام چیٹس میں تلاش کرنا چاہتے ہیں تو وٹس ایپ کھولتے ہی سامنے اوپر تلاش کا آئی کن موجود ہو گا، اس کے ذریعے آپ تمام چیٹس میں تلاش کر سکتے ہیں:
اور اگر کسی خاص چیٹ میں کچھ تلاش کرنا ہو تو اسے کھول لیں۔
اوپری دائیں کونے میں موجود تین نقطوں والے آپشن بٹن پر کلک کریں۔
یہاں آپ دیکھیں گے کہ "Search” کا آپشن موجود ہے۔
اس پر ٹچ کریں گے توٹائپنگ کے لیے جگہ موجود ہو گی۔ یہاں آپ جو بھی تلاش کرنا چاہتے ہیں وہ ٹائپ کریں۔
وٹس ایپ آپ کی تمام چیٹ میں تلاش کا کام شروع کر دے گا اور جہاں جہاں آپ کا ٹائپ کردہ لفظ موجود ہو گا اسے ہائی لائٹ کر دے گا۔
چونکہ ایک لفظ کئی بار لکھا ہوا ہو سکتا ہے تو سرچ میں اوپر نیچے یعنی اگلے اور پچھلے الفاظ تک جانے کے لیے تیر جیسے نشان والے بٹنز موجود ہیں جنھیں آپ استعمال کرتے ہوئے چیٹ میں جس بات کی تلاش ہو اُس تک باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔