اب آپ چاہیں تو گوگل میپس پر گاڑی پارک کرنے کے بعد جگہ کو نشان زدہ کر سکتے ہیں تاکہ بھولنے کی صورت میں دیکھ سکیں کہ گاڑی کہاں پارک کی۔
یوں تو گوگل نے کئی حیرت انگیز ایجادات پیش کر کے ہماری زندگی کو آسان بنایا ہے لیکن گوگل میپس ان میں سے ایک انتہائی انوکھی چیز ہے۔ گوگل میپس کے ہوتے ہوئے اب دنیا بھر کا کوئی علاقہ ہمارے لیے انجان نہیں۔ اس ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے آپ باآسانی ایک شہر سے دوسرے شہر خود اکیلے سفر کر سکتے ہیں۔
انجان علاقوں میں کسی بھی پتے پر پہنچنے کے لیے اب کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ اس ایپ سے رہنمائی لیں تو یہ بالکل درست مقام تک پہنچا دیتی ہے۔ گوگل میپس میں آئے دن مزید نئے فیچرز پیش کیے جاتے ہیں اور اب گوگل نے ایک اور نیا زبردست فیچر اس میں شامل کیا ہے اور وہ ہے ’’پارکنگ کو نشان زدہ‘‘ کرنے کا فیچر۔
اس فیچر کی بدولت آپ کسی جگہ اپنی گاڑی کھڑی کر کے اسے مارک کر سکتے ہیں کہ یہاں آپ نے پارکنگ کی ہے۔ اکثر انجان اور رش والے علاقوں میں گاڑی کہیں کھڑی کر کے تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور انسان پریشان ہو جاتا ہے کہ کہیں اس کی گاڑی چوری تو نہیں ہو گئی۔ اب گوگل میپس میں یہ مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔
گوگل میپس میں یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے اپنی لوکیشن سروسز کو فعال کرتے ہوئے گوگل میپس کھول کر اپنے موجود مقام پر پہنچ جائیں۔ اب اس نیلے نقطے پر ٹچ کریں تو کچھ آپشنز کھل جائیں گے۔ ان میں سے آپ دیکھیں گے تو ‘Save your parking’ کا آپشن بھی موجود ہو گا۔ اسی کو استعمال کرتے ہوئے آپ پارکنگ کو نشان زدہ کر سکتے ہیں اور واپسی پر اس مقام کو ٹریک کرتے ہوئے یہاں تک پہنچ سکتے ہیں۔
اگر آپ گوگل میپس ایپلی کیشن کے مینو میں دیکھیں تو آپ کو چند مزید نئے فیچرز بھی ملیں گے۔ ان میں آپ اپنے گھر اور دفتر کا مقام نشان زدہ کر سکتے ہیں اور جن مقامات پر جانے کے متمنی ہوں ان کو بھی منتخب کر سکتے ہیں تاکہ یہ ایپ رہنمائی کر سکے۔