ایک زمانہ تھا کہ کمپیوٹر ہارڈ ڈسک میں گنجائش اتنی کم ہوا کرتی تھی کہ کچھ نیا انسٹال یا کاپی کرنے سے پہلے پرانی فائلیں ڈیلیٹ کرنی پڑتی تھیں۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ گنجائش بڑھتی گئی اور ہمیں پرانا ڈیٹا حذف کرنے کی ضرورت شاذ و نادر ہی محسوس ہونے لگی۔
تاہم پھر یہی مسئلہ موبائل فون کے ساتھ پیش آنے لگا۔ فون میں نصب عمدہ کیمروں سے کھینچی گئی تصویریں کئی ایم بی پر مشتمل ہوتی ہیں۔ پھر ایچ ڈی ویڈیوز، میوزک، نت نئی ایپس، یہ سب کچھ بعض اوقات اتنی جگہ گھیر لیتے ہیں کہ 32 اور 64 جی بی تک کی اسٹوریج کم لگنے لگتی ہے۔ اسی مسئلے کا شکار لوگوں کے لیے سین ڈسک نے اپنا نیا مائکرو ایس ڈی کارڈ پیش کیا ہے۔
سین ڈسک کا یہ نیا الٹرا مائکرو ایس ڈی کارڈ 400 جی بی کی گنجائش کا حامل ہے۔ اس کارڈ کے ساتھ سین ڈسک نے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال سین ڈسک نے 250 جی بی کی گنجائش کا حامل میموری کارڈ متعارف کرواکر ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ یہ 400 جی بی کا کارڈ 40 گھنٹے کی ایچ ڈی ویڈیو محفوظ کرسکتا ہے۔ یہ کارڈ 100 ایم بی فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یعنی تقریباً 1200 تصاویر فی منٹ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کارڈ پانی، جھٹکوں، درجۂ حرارت، یہاں تک کہ ایکسرے کی شعاعوں سے بھی خراب نہیں ہوتا۔
سین ڈسک نے اس کارڈ کی قیمت 250 ڈالر مقرر کی ہے جس کے ساتھ دس سالہ وارنٹی فراہم کی جائے گی۔