سام سنگ کی مشکلات ہیں کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ نوٹ 7 جسے کئی ویب سائٹس نے ایک مکمل اور بہترین اسمارٹ فون قرار دیا تھا، کی بیٹری پھٹنے کے واقعات بڑھتے ہی جارہے ہیں۔ سام سنگ نے نوٹ 7 خریدنے والے صارفین سے کہا کہ وہ اسے واپس کرکے مفت نیا نوٹ 7 لے لیں جو کہ زیادہ محفوظ ہے۔ لیکن بدقسمتی کہ زیاد ہ محفوظ نوٹ 7 کی بیٹری بھی پھٹنے کے واقعات سامنے آنے لگے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران محفوظ نوٹ 7 پھٹنے کے کم از کم پانچ واقعات پیش آچکے ہیں۔
ان حالات میں سام سنگ کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے، لیکن یہ مالی نقصان اس کی شہرت کو پہنچنے والے نقصان کے سامنے کچھ نہیں۔ اب سام سنگ نے بالاآخر ایک انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے نوٹ 7 کے تمام صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کا استعمال مکمل طور پر بند کردیں۔ یہ اعلان ان خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سام سنگ نے نوٹ 7 کی تیاری بند کردی ہے۔
اطلاعات یہ بھی ہیں کہ سام سنگ نے S8 اسمارٹ فون کی تیاری کو تیز کردیا ہے اور اس کی کوشش ہے کہ اسے اگلے سال فروری میں فروخت کے لئے پیش کردیا جائے۔ اس کوشش کا مقصد نوٹ 7 سے ہونے والے مالی اور شہرت کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنا ہے۔