لگتا ہے ایپل اور سامسنگ ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم بن گئے ہیں، دونوں اداروں میں یہ تعلق اس قدر پرانا ہے کہ آج سامسنگ کو ہر آئی فون 10 کی فروخت پر جو منافع حاصل ہوتا ہے وہ اسے گلیکسی ایس 8 کی فروخت سے بھی حاصل نہیں ہوتا۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ آئی فون 10 کے بیشتر پارٹس سامسنگ تیار کرتا ہے؟ آئی فون 10 کی صرف سکرین ایپل کو 80 ڈالر میں فروخت کی گئی ہے!؟ مجموعی طور پر ہر آئی فون 10 کی فروخت پر سامسنگ کو 110 ڈالر کا فائدہ ہوتا ہے۔
کاؤنٹر پوائنٹ ری سرچ کے مطابق اگلے دو سالوں میں ایپل کو آئی فون 10 کے 130 ملین یونٹ فروخت کرنے کی توقع ہے جس سے سامسنگ کو 14 ارب ڈالر کا منافع حاصل ہوگا جبکہ اسی عرصہ کے دوران سامسنگ کو گلیکسی ایس 8 کی فروخت سے محض 10 ارب ڈالر کے منافع کی توقع ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق صرف سامسنگ ہی ایپل کے معیار اور مقدار کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اندازہ ہے کہ سامسنگ کی %35 آمدنی صرف ایپل سے آتی ہے۔