دوران ڈرائیونگ فون کو خود بخود جواب دینے کے قابل بنائیں

یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے فون استعمال کرنے سے اجتناب برتنا چاہیے۔ اسمارٹ فون ہماری زندگیوں میں اس قدر رچ بس گیا ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ آنے والی کالز یا پیغامات خود بخود ہی ہماری توجہ حاصل کر لیتے ہیں اور اس کے نتیجے میں سڑک سے نظریں ہٹ جاتی ہیں۔

یہ چند سیکنڈز کی بے احتیاطی اکثر بھیانک حادثوں کو جنم دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب سام سنگ نے ایسی ایپلی کیشن بنانے کا بیڑا اُٹھایا ہے جو دوران ڈرائیونگ خود بخود آپ کی کالز یا پیغامات کا جواب دے سکے گی۔ یہی نہیں اسے استعمال کرنے کے لیے آپ کو کسی قسم کی کنفگریشن بھی نہیں کرنا پڑے گی بلکہ یہ خود بخود فون کے سینسرز سے آپ کی رفتار جان کر اندازا لگا سکے گی کہ آپ سفر میں ہیں۔

یہ ایپلی کیشن جسے "In Traffic Reply” کا نام دیا گیا ہے فی الحال بی ٹا مراحل میں ہے لیکن سام سنگ نے کہا ہے کہ جلد اسے گوگل پلے اسٹور اور آئی ٹیونز پر انگلش زبان میں جاری کیا جائے گا۔

جیسے ہی آپ کی رفتار دس کلو میٹر فی گھنٹا سے زیادہ ہو گی تو یہ ایپ فون کے سینسرز سے اس بات کا اندازا لگاتے ہوئے خود بخود فعال ہو جائے گی۔ ہاں البتہ اس کا الرٹ آپ کو ضرور ملے گا اور آپ چاہیں تو اسے غیر فعال بھی کر سکیں گے کیونکہ ضروری نہیں کہ آپ ڈرائیو کر رہے ہوں یہ بھی تو ممکن ہے کہ آپ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر براجمان ہوں یا پھر بس یا ٹرین میں سفر کر رہے ہوں۔

اس کے علاوہ یہ نوٹی فکیشنز سے اندازا لگاتے ہوئے ایک ہی دفعہ پیغام بھیجے گی، ایسا نہیں ہو گا کہ ایک ہی شخص کو یہ ہر پیغام کے بدلے پیغامات بھیجتی رہے، یعنی اسے مکمل ذہین ایپلی کیشن بنایا جائے گا۔

سام سنگ کی ویب سائٹ پر اس کی تفصیل درج ذیل ربط پر ملاحظہ فرمائیں:
intrafficreply

جیسا کہ ہم نے ذکر کیا یہ ایپ فی الحال صرف بی ٹا ورژن میں اور وہ بھی ولندیزی (Dutch) زبان میں دستیاب ہے۔ اگر آپ اس کی آزمائش کرنا چاہتے ہیں تو اسے اوپر دیے گئے ربط سے ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں لیکن فی الحال یا گوگل پلے اسٹور یا آئی ٹیونز پر دستیاب نہیں۔

فون کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے یقیناً یہ ایپ انتہائی مددگار ثابت ہو گی اور چونکہ اسے سام سنگ نے تیار کیا ہے اس لیے ضرور کامیاب بھی ہو گی۔

اینڈروئیڈ پر انسٹال کریں