سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 7 کو اِس امید پر متعارف کرایا تھا کہ یہ ڈیوائس بھی اس کی مقبولیت میں اضافہ کرے گی مگر ایسا نہ ہوسکا۔ سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 7 کو 2 اگست کو متعارف کروایا تھا اور اس کی باقاعدہ فروخت کا آغاز 19 اگست سے ہوا تھا۔ اپنے اجراء کے پہلے دو روز کے دوران صرف جنوبی کوریا میں 2 لاکھ سیٹس کا آرڈر دیا گیا۔ کئی خوبیوں اور انتہائی طاقتور ہارڈ ویئر کے باوجود گلیکسی نوٹ 7 سام سنگ کے لئے گلے کا پھندا بن گیا۔
گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری کے مسائل کی وجہ سے نہ صرف سام سنگ کی ساکھ متاثر ہوئی بلکہ کمپنی کو اربوں ڈالر کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ شروع میں تو سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 رکھنےو الے چند صارفین نے ہی ڈیوائس کی بیٹری پھٹنے کی شکایت کی جس پر سام سنگ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا مگر جلد ہی شکایات کی تعداد بڑھنے لگی۔ اگرچہ یہ پھر بھی 100 کا ہندسہ عبور نہیں کرسکی۔
اسمارٹ فونز کو چلانے کے لئے زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے، اس لئے اسمارٹ فونز کے لئے طاقتور بیٹریوں کی طلب میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ بیٹری بنانے والے اداروں کے لئے یہ کسی چیلنج سے کم نہیں، کیونکہ انہیں بیٹری کا حجم بڑھائے بغیر اس میں زیادہ توانائی محفوظ کرنے کی گنجائش پیدا کرنی ہوتی ہے۔ اسمارٹ فونز میں بیٹری کے حوالے سے بہت احتیاط برتی جاتی ہے لیکن سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 میں سام سنگ سے بڑی چُوک ہوگئی۔ سام سنگ کی تحقیق سے پتا چلا کہ بیٹری کی تیاری کے دوران ایک خرابی کی وجہ سے بیٹری چارج ہوتے ہوئے خطرناک حد تک گرم ہوجاتی ہے اور پھٹ بھی سکتی ہے۔
بیٹری پھٹنے کے واقعات جب بڑھنے لگے تو سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 7 کی فروخت بند کرنے میں ہی عافیت سمجھی۔ لیکن اس وقت تک دنیا بھر میں 25 لاکھ گلیکسی نوٹ 7 پھیل چکے تھے۔ ایسے صارفین جنہوں نے پہلے ہی گلیکسی نوٹ 7 خرید لیے تھے، اُن کے لیے سام سنگ نے ایک ایکسچینج پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 رکھنے والے صارفین کی ڈیوائس کے بدلے مکمل قیمت واپس کررہا ہے، پرانی نوٹ 7 ڈیوائس کے بدلے نئی نوٹ 7 ڈیوائس دے رہا ہے اور نوٹ 7 کے بدلے گلیکسی ایس 7 ایج بھی دے رہا ہے۔
سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کے بیٹری کے مسئلے کی وجہ سے دنیا کی بیشتر ائیر لائنز، جن میں پی آئی اے بھی شامل ہے، نے جہاز میں اس ڈیوائس کے آن رکھنے یا استعمال کرنے پر پابندی لگادی ہے۔ کچھ خبروں کے مطابق سام سنگ ایسی ڈیوائس کو جو واپس نہیں آئیں گی، خود ہی ڈی ایکٹیویٹ کر دے گا۔یہ بھی خبریں گردش میں ہیں کہ سام سنگ ہنگامی بنیاد پر ایک سافٹ ویئر اپ ڈیٹ جاری کرنے والا ہے جس کے بعد سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 میں بیٹری 60 فی صد سے زیادہ چارج ہی نہیں ہوگی۔ اس طرح اس کے پھٹنے یا آگ لگنے کے امکانات بھی کم ہوجائیں گے۔
نو ٹ 7 سام سنگ کا تازہ ترین فیبلٹ ہے۔اس میں شامل کیے گئے بہترین فیچرز کی وجہ سے بے شمار صارفین نے اسے فوراً ہی خرید لیا۔ 5.7انچ Quad HD اسکرین ، 4گیگا بائٹس ریم، 64 گیگا بائٹس اسٹوریج، 12 میگا پکسل کیمرا، 4K ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت، 3500 ملی ایمپئر آوور بیٹری کے ساتھ یہ ایک بے مثال اسمارٹ فون ہے۔ اس میں صرف انگلیوں کے نشانات سے ہی نہیں بلکہ آنکھ کی پتلی کو اسکین کرکے بھی لاگ ان ہوا جاسکتا ہے۔