سام سنگ گلیکسی نوٹ فائیو کا تجزیہ

گذشتہ دنوں نیویارک میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں سام سنگ (Samsung)نے اپنے دو نئی فلیگ شپ (Flagship) ڈیوائسز متعارف کروا دی ہیں۔شروع میں کہا جارہا تھا کہ یہ ڈیوائسز ستمبر 2015 میں ہونے والی IFA 2015 میں متعارف کروائی جائیں گے لیکن اگست کے اوائل میں سام سنگ نے اعلان یا تھا کہ وہIFA 2015 سے پہلے ہی یہ ریلیز کر دے گا۔یہ فونز ایک ایسے وقت پر لانچ کیے جا رہے ہیں جب سام سنگ کو گذشتہ پانچ سہ ماہیوں سے منافع میں کمی کا سامنا ہے۔
اس مرتبہ دونوں فیبلٹس (Phablets)متعارف کروائے گئے ہیں۔ان میں سے ایک تو سام سنگ کی مشہور نوٹ سیریزکا اگلا ماڈل گلیکسی نوٹ (Galaxy Note 5) ہے، جبکہ دوسرا اسی سال مارچ میں متعارف کروائے جانے والی ڈیوائس گلیکسی ایس سکس ایج (Samsung Galaxy S6 edge) کا اپ ڈیٹڈ (Updated)ورژن، گلیکسی ایس سکس ایج پلس (Galaxy S6 Edge+)ہے۔اگرچہ دونوں فیبلٹس ایک ساتھ متعارف کروائی گئی ہیں،مگر لوگوں کی دلچسپی کا محور گلیکسی نوٹ فائیو ہی ہے۔آیئے دیکھتے ہیں کہ اس بار سام سنگ نے اپنی سب سے طاقت ور ڈیوائس کو مزید شاندار بنانے کیلئے کیا کیا اضافہ کیا ہے۔

گلیلسی نوٹ فائیو(Galaxy Note 5)

ڈیزائن (Design):

نوٹ فائیو کے اعلان کے ساتھ ہی سام سنگ نےاپنے خستہ حال پلاسٹک باڈی ڈیزائن سے چھٹکارا پا لیا۔ایس سکس اس سلسلے کی پہلی کڑی تھا۔اب نوٹ فائیو بھی میٹل اور شیشے کا ملا جُلا امتیاز ہے۔ کنارے دھات کے ہیں اور اُس کا پچھلا حصہ شیشے کا ہے۔ اس کی بیک سائیڈ دونوں اطراف سے خم دار (curved) ہے بالکل ایس سکس ایج کی طرح۔ بس فرق یہ ہے کہ وہ سامنے سے خم دار ہے اور نوٹ فائیو پچھلی طرف سے۔بیک سائیڈ کا شیشہ دُنیا کا مضبوط ترین میٹریل یعنی کہ گوریلا گلاس فور کا بنا ہے۔لہٰذا اس پر خراشیں پڑنے یا ٹوٹنے کا امکان صفر ہے۔اگرچہ اس ڈیزائن نے نوٹ فائیو کو پریمیم شکل تو دے دی پر دوسری طرف ایک قُربانی بھی دینا پڑی۔اب بیٹری ریموو ایبل نہیں رہی اور نہ ہی اس میں ایس ڈی کارڈ کی سلاٹ ہے۔دوسرے لفظوں میں ہم کہہ سکتے ہیں ڈیزائن مکمل طور پر ایس سکس (S6) سے ادھار لیا گیا ہے۔فون کا وزن171گرام ہے اور موٹائی 7.6 ملی میٹر ہے۔

ڈسپلے (Display):

سام سنگ ڈیوائسزاپنے شاندار ڈسپلے کی وجہ سے عالمگیر شہرت رکھتی ہیں۔نوٹ فائیو میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھا گیا ہے۔سام سنگ کی مشہور ٹیکنالوجی سپر ایمولیڈ (Super AMOLED) کو ہی اس میں شامل کیا گیا ہے لیکن پہلے سے بہتر بنا کر۔اسکرین سائز 5.7 انچ ہی رکھا گیا ہے جو کہ سابقہ نوٹ فور (Note 4)جتنا ہی ہے۔ اسکرین ٹو باڈی ریشو 75.9 فیصد ہے جو کہ نوٹ فور کی 74.2 فیصد سے معمولی سی زائد ہے۔اسکرین ریزولیوشن نوٹ فور کی طرح کواڈ ایچ ڈی یعنی کہ1440 x 2560 پکسلز ہے، جو کہ 518 PPI کے ساتھ ڈسپلے کو مثالی بنا دے گی۔اور نوٹ فور کی طرح اس پر بھی گوریلا گلاس فور کی حفاظتی تہہ ہے۔اس میں متن اور تصاویر زیادہ صاف اور درست نظر آئیں گے۔

پراسیسر (Processor):

ہوتا کچھ یوں تھا کہ جو سی پی یو سام سنگ گلیکسی ایس سیریز کی ڈیوائسز میں استعمال کرتا تھا،وہی اس سال کی نوٹ کا حصہ بنتا تھا۔مگر اس سال سے ایسا نہیں رہا۔ نوٹ فور میں آخری مرتبہ Qualcomm پراسیسر استعمال کرنے کے بعد سام سنگ نے اسے خیر باد کہہ دیا ہے۔ایس سکس سے سام سنگ اپنا بنایا ہوا Exynos پراسیسر استعمال کر رہا ہے۔جسے ہم ایس سکس ایج میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ کیونکہ نوٹ فور اور ایس فائیو میں استعمال ہونے والی Qualcomm کی چِپ پر صارفین کی طرف سے زیادہ گرم ہونے کی شکایات کی تعداد بہت زیادہ تھیں۔کہا یہ جا رہا تھا کہ نوٹ فائیو میںExynos 7422 پراسیسر ہوگا جو کہ اب تک کا سب سے تیز پراسیسر ہوگا مگر نوٹ فائیو میں سام سنگ Exynos 7420 پراسیسر استعمال کر رہا ہے جو کہ64 بِٹ ہو گا۔ یہ پراسیسرز ایس سکس میں استعمال ہونے والے پراسیسر کا تازہ ورژن ہوگا۔یہ اوکٹا کور پراسیسر ہے جو کہ نہ صرف بہت ہی تیز ہے بلکہ آسانی سے گرم بھی نہیں ہو گا۔

میموری (Memory):

نوٹ فائیو میں سام سنگ نے LP-DDR4سے مزین 4 جی بی ریم نصب کی ہے جو کہ اوکٹا کور Exynos 7420 کے ساتھ قیامت ڈھانے کو تیار ہے۔ جبکہ نوٹ فور میں 3 جی بی ریم تھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ فون 32جی بی اور 64 جی بی ورژن میں دستیاب ہوگا۔لیکن جیسا کہ ہم شروع میں بات کر چکے ہیں کہ نوٹ فائیو صارفین ایس ڈی کارڈ کے ذریعے میموری بڑھا نہیں سکتے، تو اس کا حل سام سنگ نے یو کے (UK)ویب سائٹ پر نوٹ فائیو کا 128جی بی ورژن کا اعلان کر کے دے دیا ہے۔نوٹ فائیو میں بلیوٹوتھ کا تازہ ترین معیار v4.2 شامل ہوگا۔

جی پی یو(GPU):

نوٹ فائیو ARM Mali-T760 MP8جی پی یو کی حامل ہوگی۔جس کے متعلق ابھی مزید تفصیلات منظر عام پر آنا باقی ہیں۔

کیمرا (Camera):

ان دِنوں سیل فونز میں کیمرے کی جنگ چلی ہوئی ہے۔سام سنگ اپنی فلیگ شپ ڈیوائسز میں ہمیشہ سے انتہائی اعلیٰ درجے کے کیمرے نصب کرتا ہے۔ نوٹ فور کا کیمرا ابھی تک دنیائے سیل فونز کا بادشاہ ہے۔نوٹ فور کا کیمرا اس قدر اعلیٰ تھا کہ سام سنگ نے ایس سکس میں اور اب نوٹ فائیو میں بھی اسے اپگریڈ کرنا ضروری نہیں سمجھا۔نوٹ فائیو میں بھی نوٹ فور اور ایس سکس کی طرح 16 میگا پکسلز بیک کیمرا نصب ہے جو کہ اسمارٹ آپٹیکل امیج سٹیبلائزیشن (Optical Image Stabilization)کی بدولت لائٹ کی کسی بھی صورتحال میں معیاری تصاویر کی اہلیت رکھتا ہے۔اس میں LEDفلیش ہے۔ نوٹ فور اور نوٹ فائیو کا کیمرا تقریباً ایک جیسا ہے۔بس نوٹ فائیو میں لینس کو بہتر بنایا گیا ہے۔نوٹ فور میں f/2.2 تھا جسے نوٹ فائیو میں بڑھا کرf/1.9 کر دیا گیا ہے۔اس سے دو کام ہوں گے، ایک تو نوٹ فائیو، نوٹ فور کی نسبت زیادہ تیزی سے تصویر بنائے گااور دوسرا کم روشنی میں زیادہ بہتر تصاویر دے گا۔ نوٹ فائیو کیمرے کا یوزر انٹر فیس ایس سکس جیسا ہے جو کہ نوٹ فور سے کافی مختلف اور استعمال میں آسان ہے۔نوٹ فور اور فائیو دونوں 4Kریزولیوشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ اس میں آٹو رئیل ٹائم ایچ ڈی آر (Auto real-time HDR)کا فیچر بھی رکھا گیا ہے۔
سامنے کا کیمرانوٹ فور کے 3.7 MPسے بڑھا کر 5 MPکر دیا گیا ہے جس سے اب مزید صاف سیلفیز ممکن ہو پائیں گی۔

آپریٹنگ سسٹم (Operating System):

نوٹ فائیو گوگل اینڈروئیڈ کے تازہ ترین ورژن،لولی پاپ 5.1 پر مبنی ہے۔اس کے ساتھ اس میں سام سنگ کے انٹرفیس ،ٹچ وِز (TouchWiz)کا بالکل نیا ورژن ہوگا جو کہ بہت ہی دیدہ زیب ہے۔

بیٹری (Battery):

بیٹری کے مقابلے میں صارفین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔شروع میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق کہا جا رہا تھا کہ نوٹ فائیو میں 4100mAhکی بیٹری ہوگی۔پر دراصل نوٹ فائیو میں Li-Po 3000 mAhکی تبدیل نہ ہو سکنے والی (Non removeable)بیٹری ہے جو کہ گذشتہ سال کی نوٹ فور کی Li-Ion 3220 mAhسے بھی کم ہے۔گلاسی لُک (Glassy Look)دینے کی وجہ سے بیٹری کا باہر نا نکلنا تو سمجھ میں آتا ہے، پر طاقت کم کرنے کی منطق ابھی تک مختلف حلقوں میں زیرِبحث ہے۔مستند ترین اطلاعات کے مطابق ایسا سام سنگ کی نئی ٹیکنالوجی Quick Charge 2.0 کی وجہ سے کیا گیا ہے۔خیر نوٹ فائیو کی بیٹری نوٹ فور کی نسبت زیادہ تیزی سے چارج ہو گی۔90 سے 120منٹ میں آپ اسکو مکمل چارج کر پائیں گے۔ اس کے علاوہ اس میں وائرلیس چارجنگ کی بھی سہولت شامل ہے جو کہ تمام اسٹینڈرڈز (Qi اور PMA)کو سپورٹ کرے گی۔

فنگر پرنٹ سینسر (Fingerprint Sensor):

نوٹ فائیو میں فنگر پرنٹ سینسر ہوم بٹن میں نصب ہے۔ نوٹ فائیو میں فنگر پرنٹ سینسر کو نوٹ فور کی نسبت بہتر اور آسان کر دیا گیا ہے۔ نوٹ فور میں فنگر کو اسکین کرنے کیلئے سوائپ کرنا پڑتا تھا،مگر نوٹ فائیو میں اب سوائپ نہیں کرنا پڑے گا۔ یہ بالکل ایسے ہی کام کرے گا جیسے کہ آئی فون میں کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اب اسے ایک ایپلی کشن کی مدد سے کنٹرول کیا جا سکے گا۔نیا فنگر پرنٹ سینسرپے پال سرٹیفائیڈ ہے جسے سام سنگ 20 اگست کو متعارف کروانے والی ٹیکنالوجی Samsung Payمیں استعمال کرے گا۔سام سنگ نے بتایا کہ سمارٹ والٹ سروس ’’سام سنگ پے‘‘ جنوبی کوریا میں 20 اگست سے شروع ہو رہی ہے۔ ’’سام سنگ پے‘‘ کی مدد سے فون کے ذریعے تمام ادائیگیاں کی جا سکتی ہیں۔

ایس پین (S Pen):

نوٹ سریز کی سٹائلس(Stylus) ہمیشہ سے دلچسپی کا باعث رہی ہے۔ہر نئے ماڈل کے ساتھ اس کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔اس طرح نوٹ فائیو میں بھی کیا گیا ہے۔
ایس پین کا ایک اہم فیچر ائیر کمانڈ (Air Command)ہے۔نوٹ فائیو میں ائیر کمانڈ کو بہتر بنا دیا گیا ہے۔اب صارفین ائیر کمانڈ لسٹ میں اپنی مرضی سے ایس پین ایپلی کیشنز شامل کر سکیں گے جو کہ ایس پین کو اسکرین پر لہرانے (hover) سے نمودار ہوں گی۔ اس کے علاوہ اب آپ کو سٹائلس سے نوٹس لینے کے لیے اسکرین آن کرنے کی ضرورت نہیں۔بس سٹائلس ایجیکٹ کریں اور اسکرین پر لکھنا شروع کر دیں۔

فزیکل کی بورڈ (Physical Keyboard):

نوٹ فائیو کے ریلیز ہوتے ہی اس کی اسسریز بھی مارکیٹ میں آنا شروع ہو گئی۔سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ نوٹ فائیو کا ایک فزیکل کی بورڈ فروخت کے لیے پیش کرے گا۔یہ کی بورڈ بلیک بیری کے فونز کے کی بورڈ سے مشابہ ہے۔

SAMSUNG CSC

لائیو براڈکاسٹ (Live Broadcast):

سام سنگ نوٹ فائیو میں لائیو براڈ کاسٹ فیچر متعارف کروا رہا ہے۔جس سے آپ کسی بھی ایونٹ کو لائیو براڈکاسٹ کر پائیں گے۔ اس کی مزید تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں آئیں۔

دستیابی اور قیمت:

دونوں نئے فونز مارکیٹ میں 21 اگست سے فروخت لیے پیش کیے جائیں گے۔ جبکہ 20 اگست سے کوریا میں پری آرڈر شروع ہیں۔سام سنگ کا کہنا ہے فی الحال وہ نوٹ 5 یورپ میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارداہ نہیں رکھتی ہےیورپ میں نوٹ فائیو اگلے سال پیش کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق ’’یہ مکمل طور پر کاروباری فیصلہ ہے‘‘ البتہ ایس سکس ایج یورپ میں دستیاب ہوگا۔
نوٹ فائیو کی اصل قیمت تو 21 اگست کو ہی معلوم ہوگی لیکن اس کی متوقعہ قیمت 799 یورو بتائی جارہی ہے۔ مطلب قریب قریب 91 ہزار پاکستانی روپے۔
یہ چار رنگوں میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔سفید،سیاہ،گولڈ اور سلور۔
سام سنگ صارفین کمپنی کے عجیب فیصلوں سے کافی پریشان ہیں۔نوٹ فائیو میں ایس ڈی کارڈ سلاٹ کا نہ ہونا اور بیٹری کو تبدیل نہ کر پانے کے فیصلے کو کافی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ سام سنگ کو ایسے تجربات اپنی فلیگ شپ ڈیوائسز پر نہیں کرنے چاہئیں۔ کچھ کا کہنا ہے سام سنگ اب پھر سے آئی فون کی نقل کر رہا ہے۔کیا آپ کے خیال میں یہ فیصلہ صحیح نہیں؟اور کیا 128 جی بی ورژن صارفین کی ضروریات پوری کرنے میں کامیاب ہو پائے گا؟کمپیوٹنگ میگزین کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیجئے۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2015 میں شائع ہوئی)

سام سنگسام سنگ گلیکسیسام سنگ نوٹفلیگ شپگلیلسی نوٹ فائیو