سیمسنگ کے سی ای او نے استعفی دے دیا

سیمسنگ الیکٹرانکس اور سامسنگ ڈسپلے کے سی ای او Kwon Oh-hyun اپنے منصب سے مستعفی ہوگئے ہیں، تاہم وہ اس عہدے پر آئندہ مارچ تک کام کرتے رہیں گے۔

اپنے استعفی کے حوالے سے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سیمسنگ میں "غیر معمولی بحران” کے سبب ایک عرصے سے مستعفی ہونے کے بارے میں سوچ رہے تھے جو کہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا تاہم اب وہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ یہ فیصلہ نہ کرنے کے قابل نہیں رہے۔

کمپنی ملازمین کے نام اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کو نوجوان قیادت کے ساتھ نئے سرے سے آغاز کرنا ہوگا تاکہ آئی ٹی انڈسٹری میں آنے والی ہمہ گیر تبدیلیوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

اگرچہ انہوں نے اس بات کا براہ راست کوئی تذکرہ نہیں کیا تاہم یہ واضح کہ "غیر معمولی بحران” سے ان کی مراد سیمسنگ گروپ کے سی ای او Lee Jae-yong کی 36 ملین ڈالر کرپشن کے الزامات میں قید ہے۔

ان کا یہ استعفی اسی دن سامنے آیا ہے جس دن کمپنی نے گزشتہ کوارٹر کے مالی نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق کمپنی کو 12.8 ارب ڈالر کا منافع حاصل ہوا۔

سیمسنگ الیکٹرانکس کی بہتر کارکردگی کا با وجود مستعفی سی ای او کا خیال ہے کہ یہ کامیابیاں ماضی میں کیے گئے فیصلوں کی وجہ سے ہیں اور انہیں شک ہے کہ کمپنی مستقبل میں یہ کارکردگی برقرار رکھ پائے گی۔

خیال رہے کہ مسٹر Kwon Oh-hyun کی عمر 64 سال ہے اور وہ گزشتہ 32 سال سے سیمسنگ میں کام کر رہے ہیں، سنہ 2012 میں انہیں سیمسنگ الیکٹرانکس کا سی ای او مقرر کیا گیا اور گزشتہ سال انہیں سیمسنگ ڈسپلے کا بھی سی ای او مقرر کیا گیا تھا۔

کمپنی نے ابھی تک ان کے جانشیں اعلان نہیں کیا۔

Kwon Oh-hyunسیمسنگ