آپ کا بچہ کہاں ہے؟ سام سنگ کا کنیکٹ ٹیگ بتائے گا

دنیائے ٹیکنالوجی کا معروف نام سام سنگ ایک ایسا ٹیگ جاری کرنے والا ہے، جسے ٹریک کیا جا سکے گا۔ گو کہ ٹریکنگ کے لیے مصنوعات کوئی نئی چیز نہیں ہیں لیکن سام سنگ کا یہ ٹیگ نیرو بینڈ نیٹ ورک ٹیکنالوجی (NB-IoT) ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا پہلا موبائل پروڈکٹ ہوگا۔

نیروبینڈ نیٹ ورکس انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) آلات کو سیلولر کمیونی کیشن بینڈز کے ذریعے منسلک کرتے ہیں۔ یہ نیٹ ورکس ایسی ڈیوائسز کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں جو بہت معمولی ڈیٹا اور پاور استعمال کرتی ہیں اور محفوظ انداز میں لوکیشن سروسز استعمال کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔

سام سنگ کنیکٹ ٹیگ (Connect Tag) گھر کے اندر اور باہر لوکیشن ٹریکنگ کے لیے جی پی ایس، وائی فائی بیسڈ پوزیشننگ اور سیل آئی ڈی کا استعمال کرتا ہے ۔ اس میں ایکسلرومیٹر (accelerometer) بھی ہے اور تین رنگوں کی ایل ای ڈی (LED) بھی اور ادارے کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک چارج میں سات دن تک چل سکتا ہے ۔ یہ ٹیگ فی الوقت صرف اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے ساتھ کام کرتا ہے۔

سام سنگ کہتا ہے کہ اسے بچے کے اسکول بیگ، پالتو کتے کے گلے یا چابی یا بٹوے جیسی کسی ذاتی چیز کے ساتھ لگایا جا سکتا ہے، جسے ٹریک کرنا مقصود ہو۔ گو کہ یہ بلوٹوتھ ٹریکرز جیسا ہی ہے لیکن اُن کا انحصار فون پر ہوتا ہے اور لوکیشن رپورٹ کرنے کے لیے رینج کے اندر ہونا بھی ضروری ہے، جبکہ ٹیگ اس معاملے میں آزاد ہے۔

ٹیگ میں جیو فینس (geofence) فیچر بھی ہے تاکہ آپ کا بچہ، پالتو جانور یا چیز آپ کی طے کردہ حد سے باہر نہ جائے اور اگر جائے تو آپ کو اس کی اطلاع ہو جائے۔ اسے سام سنگ کے اپنے اسمارٹ تھنگز ایکو سسٹم سے بھی جوڑا جا سکتا ہے جس میں اسمارٹ ڈیوائسز اور ہوم اپلائنسز بھی شامل ہیں۔

یہ ٹیگ بہت چھوٹا سا ہے، صرف 1.19 سینٹی میٹر موٹا اور 4.21 سینٹی میٹر چوڑا ۔ یہ ڈسٹ پروف بھی ہے اور واٹر پروف بھی یعنی گرد اور پانی دونوں اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔ اس کی بیٹری بھی خوب ہے، ایک چارج میں ایک ہفتہ چل جاتی ہے ، بقول سام سنگ کے۔ ٹیگ کی رونمائی سان فرانسسکو میں سام سنگ ڈیولپرز کانفرنس میں کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر یہ جنوبی کوریا میں فروخت کیا جائے گا اور پھر اگلے چند ماہ میں دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا ۔ البتہ اس کی قیمت ابھی ظاہر نہیں کی گئی۔

ٹریکنگ سسٹمسام سنگ