پی سی پر اپنا ذاتی کلاؤڈ سرور بنائیں

ہم اپنی فائلز کو یو ایس بی فلیش ڈرائیو میں ہمیشہ ساتھ رکھتے ہیں یا پھر انھیں اپنی کلاؤڈ اسٹوریج میں اپ لوڈ کر دیتے ہیں تاکہ کسی وقت ضرورت پڑنے پر انھیں ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔ ڈاؤن لوڈ کرنے کے علاوہ ان فائلوں کو براہِ راست کلاؤڈ سرور پر ملاحظہ بھی کیا جا سکتا ہے یا میڈیا فائلوں کو اسٹریم کیا جا سکتا ہے۔ کلاؤڈ سروسز واقعی بے مثال چیز ہیں لیکن ان میں دو خرابیاں ہیں، ایک تو ان کی محدود اسپیس اور دوسرا سکیوریٹی خطرہ۔ یعنی ان پر فائلز اپ لوڈ کرنے کی ایک حد مقرر ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ جتنا چاہیں ڈیٹا ان پر اپ لوڈ کر دیں۔ دوسری بات سکیوریٹی رسک، یعنی اپنی حساس فائلز ہم کلاؤڈ سرورز پر رکھنے سے ڈرتے ہیں کہ اکاؤنٹ ہیک ہونے یا سرور ہی ہیک ہونے سے ہمارا ڈیٹا کسی دوسرے کے ہاتھ لگ سکتا ہے۔ ان مسائل کا حل یہ اپنے کمپیوٹر پر ہی کلاؤڈ سرور بنایا جائے۔
کسی بھی کمپیوٹر کو کلاؤڈ سرور میں بدلنے کے لیے آپ کو ایک پروگرام ’’ٹونیڈو‘‘ (Tonido) چاہیے۔ پہلے یہ پروگرام 29ڈالر کے عوض ایک سال کے لیے دستیاب تھا لیکن اب اسے مفت فراہم کر دیا گیا ہے۔ جب یہ بہترین پروگرام مفت دستیاب ہے تو کیوں نہ اس کا تجربہ کیا جائے؟

اس پروگرام میں کئی خوبیاں موجود ہیںمثلاً یہ سادہ سی انسٹالیشن سے آپ کے کمپیوٹر پر کلاؤڈ سرور بنا دیتا ہے، آپ چاہیں تو اپنے مکمل کمپیوٹر کو اس میں شامل کر سکتے ہیں اور چاہیں تو مخصوص فولڈر یا فولڈرز کو۔
ٹونیڈو کی آئی فون اور اینڈروئیڈ ایپلی کیشن بھی دستیاب ہے، یعنی ویسے تو آپ اپنے کلاؤڈ سرور تک ویب براؤزر کے ذریعے رسائی حاصل کر ہی سکتے ہیں لیکن ایپلی کیشن سے اس کی کارکردگی اور بہتر ہو جاتی ہے۔
ٹونیڈو پورٹ ایبل پروگرام کی صورت میں بھی موجود ہے، تاکہ اسے آپ یوایس بی فلیش ڈرائیو میں رکھ کر جہاں چاہیں کسی کمپیوٹر کو فوری طور پر کلاؤڈ سرور میں بدل سکتے ہیں۔

کمپیوٹر میں موجود فائلز تک جلد رسائی حاصل کرنے کے لیے ٹونیڈو بہترین طریقہ ہے۔ فرض کریں کمپیوٹر میں موجود کوئی فائل آپ کو فوری طور پر موبائل فون میں چاہیے تو آپ فوراً وہ فائل ٹونیڈو کے ذریعے بنائے گئے کلاؤڈ سرور کی بدولت دیکھ سکتے ہیں۔
فون میں موجود ڈیٹا کو کمپیوٹر میں بیک اپ کرنا انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔ آپ کہیں بھی ہوں، اگر آپ کا کمپیوٹر کلاؤڈ سرور بن چکا ہے تو آپ اسے ویب براؤزر یا فون ایپلی کیشن کے ذریعے کھول کر اس میں اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور چاہیں تو ڈاؤن لوڈ بھی۔
ایک کمپیوٹر کو مرکزی سرور جبکہ دیگر کمپیوٹرز کو کلائنٹ بنا کر ایک مشترکہ فولڈر میں سب کا ڈیٹا اکٹھا رکھا جا سکتا ہے، بلکہ یوں کہیں کہ ایک شیئرڈ فولڈر استعمال کیا جا سکتا ہے جو کہ ہر وقت sync رہتا ہے۔ اس میں کی گئی ہر تبدیلی تمام صارفین کے لیے ہوتی ہے۔

دستیابی

ٹونیڈوونڈوز، لینکس، میک، رس بیری پائی، آئی فون، آئی پیڈ، اینڈروئیڈ، ونڈوز فون اور بلیک بیری یعنی تمام اہم پلیٹ فارمز کےلیے دستیاب ہے۔
اپنی ضرورت کے تحت اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے درج ذیل ربط پر جائیں:
tonido.com/tonidodesktop_downloads

انسٹالیشن

ٹونیڈو انسٹالر کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد چلائیں۔ اسے کام کرنے کے لیے فائروال میں اجازت چاہیے ہوتی ہے، یہ کام ٹونیڈو خود ہی کر لیتا ہے بس آپ کو الرٹ آنے پر Allow کے بٹن پر کلک کرنا ہے۔

اس کے بعد کی انسٹالیشن دراصل کنفگریشن ہے جو کہ آپ کے ڈیفالٹ براؤزر میں ہو گی۔پہلے صفحے پر زبان، یوزر نیم، پاس ورڈ اور ای میل ایڈریس مانگا جائے گا۔ یہ تمام تفصیلات بھرنے کے بعد اس کی شرائط قبول کرتے ہوئے Create کے بٹن پر کلک کر دیں۔

اگلے صفحے پر آپ کے کمپیوٹر میں بننے والے کلاؤڈ سرور کا ایڈریس موجود ہو گا۔ آپ کے یوزرنیم کے بعد ویب سائٹ کا نام آپ کا ویب ایڈریس بنتا ہے جسے یاد رکھنا کچھ مشکل نہیں۔ جیسے کہ ہمیں یہ ایڈریس ملا ہے:
computingpk.tonidoid.com

اگلا مرحلہ انتہائی اہم ہے۔ یہاں پوچھا جائے گا کہ آپ اپنا مکمل کمپیوٹر اس کلاؤڈ سرور میں استعمال کرنا چاہتے ہیں یا کہ مخصوص فولڈرز۔ ابتدائی طور پر کوئی ایک فولڈر منتخب کر لیں۔ پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ اس میں بعد میں بھی جب چاہیں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ اس میں فولڈرز شامل بھی کیے جا سکتے ہیں اور ڈیلیٹ بھی۔

اگلے صفحے پر انڈیکسنگ کے بارے میں استفسار کیا جائے گا۔ اگر ٹونیڈو تمام فائلز کو انڈیکس کر لے یعنی ان کی فہرست بنا لے تو جب آپ کوئی فائل تلاش کریں گے یا کوئی فولڈر کھولیں گے تو یہ جلدی آپ کے سامنے آپ کی ضرورت کا ڈیٹا پیش کر دے گا۔ اگر آپ کوئی پرانا کمپیوٹر استعمال کر رہے ہیں تو انڈیکسنگ کو ضرور فعال کر لیں۔

اگلے مرحلے پر آپ کو بتایا جائے گا کہ کس طرح آپ اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے کلاؤڈ سرور تک پہنچ سکتے ہیں۔ جیسا کہ ہم نے پہلے ذکر کیا ہے ٹونیڈو آئی او ایس، اینڈروئیڈ، ونڈوز فون اور بلیک بیری کے لیے بھی دستیاب ہے۔ آپ اپنی ضرورت کے تحت ایپلی کیشن انسٹال کر سکتے ہیں۔

اگلے صفحے پر آپ کا کلاؤڈ سرور جو آپ کے اپنے کمپیوٹر پر بنایا گیا ہے آپ کے سامنے ہو گا۔ اس صفحے پر اوپر ہی آپ اپنا یوآرایل ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

اب آپ جہاں سے چاہیں اس یوآرایل کی مدد سے بذریعہ انٹرنیٹ اپنے کلاؤڈ سرور تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یقیناً یہ بات قابل ذکر نہیں کہ اس کے لیے آپ کا کمپیوٹر نہ صرف آن ہونا چاہیے، اس پر ٹونیڈو کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ بھی چل رہا ہونا بے حد ضروری ہے۔ ظاہر ہے ان چیزوں کے بغیر بھلا ایک کلاؤڈ سرور کا کام کرنا کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟

جہاں بھی اپنے کلاؤڈ سرور کی ضرورت ہو، اپنے سرور کا پتا ویب براؤزر میں ٹائپ کریں یا اسمارٹ فون ایپلی کیشن استعمال کریں، لاگ اِن پیج آپ کے سامنے ہو گا۔ اپنے درست پاس ورڈ کے ذریعے آپ لاگ ان ہو سکتے ہیں۔آپ کو بتاتے چلیں کہ اسمارٹ فون پر ایپلی کیشن کی انسٹالیشن ضروری نہیں، فون میں موجود ویب براؤزر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ٹونیڈو کے ذریعے آپ کا کلاؤڈ سرور اُسی صورت میں کام کرے گا جب آپ اسے چلائیں گے۔ اسے چلانے کے لیے اس کے آئی کن پر ڈبل کلک کریں تو یہ کام شروع کر دے گا۔ اس کا آئی کن ٹاسک بار میں دکھائی دینا شروع کر دے گا۔ اسی پر رائٹ کلک کرتے ہوئے اسے آپ شٹ ڈاؤن بھی کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ اس کی کنفگریشن میں ہر طرح کی تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے اپنا سرور لاگ اِن کرنے کے بعد سیٹنگز کے مینو میں جائیں۔ سیٹنگز میں آپ سرور میں مزید فولڈرز شامل کر سکتے ہیں، پاس ورڈ بدل سکتے ہیں، سرور کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوئی خفیہ سوال بھی شامل کر سکتے ہیں وغیرہ۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ مئی2015 میں شائع ہوئی)

کلاؤڈکلاؤڈ اسٹوریجکلاؤڈ سرورکلاؤڈ کمپیوٹنگ
تبصرے (2)
Add Comment
  • Muhammad Saim

    how to solve this error

  • ماہنامہ کمپیوٹنگ کراچی

    ایرر سے صاف ظاہر ہے کہ جہاں آپ نے سرور بنایا ہے وہ ڈیوائس آن نہیں یا اس پر انٹرنیٹ نہیں چل رہا۔