فیس بک ماضی میں بھی کئی طرح کے مال ویئر کا نشانہ بنتی رہی ہے۔ آج کل پھر فیس بک کلر چینجر نامی وائرس نے فیس بک صارفین پر دھاوا بول رکھا ہے۔ دیکھنے میں یہ ایک بالکل ٹھیک ایپلی کیشن لگتی ہے جو فیس بک ٹائم لائن کا رنگ بدلنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن در حقیقت یہ مال ویئر زدہ ویب سائٹ پر ری ڈائریکٹ کر دیتی ہے۔ اگر آپ فیس بک ڈیسک ٹاپ پر دیکھ رہے ہوں تو یہ ایک وڈیو ویب سائٹ پر منتقل کرتی ہے جہاں وڈیو دیکھنے کے لیے پلگ اِن انسٹال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جو کہ درحقیقت مال ویئر ہوتا ہے۔ جبکہ صارف اینڈروئیڈ استعمال کر رہا ہو تو یہ فیس بک کا رنگ بدلنے کے لیے ایک ڈاؤن لوڈ لنک دیتی ہے، یہ بھی مال ویئر ہی ہے۔
روزانہ کئی لوگ کمپیوٹنگ کے فیس بک پیج پر بھی فیس بک کلر چینجر کا لنک تبصروں میں پیسٹ کرتے ہیں، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے تبصرے فوراً حذف کر کے تبصرہ کرنے والے کو بین کر دیا جائے۔ اگر کبھی آپ کو ایسا کوئی تبصرہ نظر آئے تو اس لنک کو بالکل بھی مت کھولیں۔
اگر کبھی آپ فیس بک کلر چینجر کے بارے میں کوئی پوسٹ اپنے دوست کی ٹائم لائن پر دیکھیں تو اس پر کلک کرنے یا آزمانے کی کوشش مت کریں۔ اور اگر پہلے ہی اس کا نشانہ بن چکے ہیں تو آپ کو اپنا فیس بک پاس ورڈ فوراً بدل لینا چاہیے۔
پاس ورڈ بدلنے کے بعد فوراً اس ایپلی کیشن کو اپنے اکاؤنٹ سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے سیٹنگز میں آ کر Apps پر کلک کریں۔
یہاں جتنی ایپلی کیشنز آپ کے استعمال میں ہوں گی کی لسٹ موجود ہو گی۔ فیس بک کلر چینجر اگر یہاں موجود ہے تو کراس پر کلک کر کے اسے ڈیلیٹ کر دیں۔
ایپلی کیشن کو ڈیلیٹ کرنے کے بعد اپنا کمپیوٹر ضرور اینٹی وائرس سے اسکین کر لیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ ستمبر 2014 میں شائع ہوئی)