کوالکم نے ایپل کے خلاف بیجینگ کی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے عدالت سے یہ استدعا کی ہے کہ چائنا میں ایپل کے آئی فون کی پروڈکشن اور فروخت بند کی جائے۔
اگرچہ ایپل کے لیے چائنا کی مارکیٹ منافع کے لحاظ سے کوئی سب سے بڑی مارکیٹ نہیں ہے تاہم بیشتر آئی فون چائنا میں ہی تیار کیے جاتے ہیں، استدعا میں کوالکم کا موقف ہے کہ ایپل نے اس کے کئی پیٹنٹس کی خلاف ورزی کی ہے اور اس کی ایجاد کی ہوئی ٹیکنالوجیز کو بغیر رقم ادا کیے استعمال کر رہا ہے۔
کوالکم کا کہنا ہے کہ ایپل اس کے تین اہم پیٹنٹس کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے جس میں فورس ٹچ ٹیکنالوجی بھی شامل ہے جو آئی فون SE کے علاوہ آئی فون 6S سے مستعمل ہے تاہم ایپل تین میں سے دو پیٹنٹس کا مقدمہ پہلے ہی جیت چکا ہے۔
خیال رہے کہ اس خبر کے لیک ہونے سے ایک دن قبل تائیوان کے فیئر ٹریڈ کمیشن نے کوالکم پر 773 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے تاہم کوالکم کا کہنا ہے کہ اس سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔